تمباکو پاکستان میں سب سے بڑاخاموش قاتل ہے ، محمدوسیم

تمباکو پاکستان میں سب سے بڑاخاموش قاتل ہے ، محمدوسیم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمدوسیم نے کہاہے کہ تمباکو پاکستان میں سب سے بڑاخاموش قاتل ہے ۔

 تمباکو نوشی کی روک تھا م کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے ضلع وتحصیل سطح پر عمل درآمد کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ کمیٹیاں تمباکو سے پاک شہر ، منصوبے کے تحت پنجاب کو سموگ فری بنانے کیلئے کام کریں گی۔ وہ ضلعی عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی عمرفاروق اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر مشتاق بشیر کے علاوہ صحت ، تعلیم ، پی ایچ اے ، لوکل گورنمنٹ اور سول ڈیفنس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنروں نے ویڈیو لنک شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایات کی کہ وہ اپنے اداروں کو تمباکو نوشی سے پاک بنائیں۔اس طرح عوامی مقامات ، ہوٹلز ، ریسٹورنٹ ، مسافرگاڑیوں وپارکوں سمیت دیگر اہم مقامات پر تمباکو نوشی پر عائد پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایاجائے ۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ پاکستان میں 2025تک سگریٹ نوشی میں 30 فیصد تک کمی لانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے ۔ سگریٹ نوشی سے روزانہ 450 جبکہ سالانہ ایک لاکھ 63ہزار 600افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ ہر پانچ میں سے 2۔افراد سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔ پاکستان میں 31.8فیصد مرد اور 5.8فیصد خواتین سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل سطح پر قائم کوارڈی نیشن کمیٹیوں کو جلد اجلاس طلب کر کے اپنے شہروں کو سگریٹ نوشی سے محفوظ بنانے کی پالیسی ترتیب دے کر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں