ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کمپلیکس کی تعمیر پر پیشرفت ٹھپ

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کمپلیکس کی تعمیر پر پیشرفت ٹھپ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا کمپلیکس کی تعمیر طوالت اختیار کرنے سے ادارہ کی کارکردگی نہ صرف متاثر ہو رہی ہے بلکہ روزمرہ کے امور نمٹانے میں ملازمین کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔۔۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیچنگ ہسپتال کی جگہ ہیلتھ افسران کے دفاتر کو مسمار کرنے کے بعد انہیں ہسپتال کی پرانی بلڈنگ کا ایڈمنسٹریشن بلاک دیدیا گیا تھا اس دوران حکومت طرف سے ایڈمنسٹریشن بلاک کو مسمار کر کے اس کی جگہ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کی تعمیر شروع کی گئی تو ہیلتھ اتھارٹی کو ڈی ایچ ڈی سی کی عمارت میں منتقل کر دیا گیا جہاں جگہ کی کمی کے باعث مختلف شعبہ جات پارکنگ گراج اور ڈاکٹرز ہاسٹل سے ملحقہ عمارت میں کچھ خالی کمرے دے دیئے گئے اس طرح دفتر امور کی انجام دہی میں جہاں افسران و ملازمین کو پریشانی کا سامنا ہے وہاں ادارہ کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی ہے ، دوسری طرف ہیلتھ اتھارٹی کمپلیکس کی تعمیر کیلئے قبل ازیں تقریباً14 کروڑ روپے کی مالیت کا پراجیکٹ اور اس کا پی سی ون وغیرہ تیار کر کے بھیجا جا چکا ہے اورتقریباً گزشتہ پانچ سالوں سے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس منصوبہ کو شامل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن تا حال یہ کوشش کامیاب نہیں ہو سکی ، ہر سال فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر اس اہم معاملہ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ،باعث تشویش امر یہ ہے کہ تخمینہ لاگت میں اب پانچ گنا تک اضافہ ہو چکا ہے جبکہ پیش رفت مکمل طور پر ٹھپ ہے ، جس کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا کو متعدد انتظامی و دفتری امور مکمل کرنے کے لئے پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں