ٹی بی 5 ہزار سال پرانی بیماری ، قابل علاج ہے :ڈاکٹر سکندر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)پی ایم اے سرگودھا کے صدر ’ ڈسٹرکٹ ٹی بی کوارڈی نیٹر و ماہر امراض ٹی بی و دمہ ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے کہا ہے کہ ٹی بی تقریباً 5 ہزار پرانی بیماری ہے جو کہ ابھی تک عوام الناس میں اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہے۔
پچھلے 4 سالوں کے تقابلی جائزہ کے مطابق ہر سال ٹی بی کے مریضوں میں صرف سرگودھا ضلع میں تقریباً 15 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ حکومت وقت کیلئے اور عوام کے لئے بھی ایک لمحہ فکریہ ہے ۔ اس موذی مرض پر قابو پانے کیلئے اہم طریقہ یہ ہے کہ ٹی بی کے مریضوں کا علاج معالجہ جلد سے جلد شروع کیا جائے ۔ جس کیلئے کھانسی والے مریضوں کیلئے ضروری ہے کہ جس کو کھانسی کے 2 ہفتے سے زیادہ ہو تو اپنی بلغم کا معائنہ سرکاری ہسپتالوں اور چند ایک پرائیویٹ لیبارٹریوں سے اپنا بلغم کا ٹیسٹ فری کروائیں اور اگر خدانخواستہ بلغم میں ٹی بی کے جراثیم پائے جاتے ہیں تو فوراً اپنا علاج کروائیں جس کا دورانیہ 6 ماہ تک کا ہے ، یہ طریقہ اپنانے سے ہی ہم ٹی بی کو بہت جلدی کنٹرول کر سکتے ہیں۔