ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پانچواں اجلاس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پانچواں اجلاس ان کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 3 ایجنڈا آئٹم منظوری کیلئے پیش کئے گئے ۔
اجلاس کو سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران نے بریفنگ میں بتایا کہ ہیومن ریسورس کمیٹی کے پانچ اور پروکمنٹ کمیٹی کے 7 اجلاس منعقد ہوئے جن میں کمیٹی کے فنکشنل کرنے کیلئے تمام امور کو زیر بحث لاکر عملی شکل دی گئی جن کی بعد ازاں بورڈ اف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے منظوری لی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویڑن کی تمام 17 تحصیلوں میں سینئر منیجر مانیٹرنگ اور سینئر مانیٹرنگ افسران کی تعیناتی کیلئے انٹرویو ز مکمل ہوچکے ہیں ان کی تعیناتی دو ہفتوں کے اندر ہر تحصیل میں کر دی جائیگی۔ اجلا س کو بتایا گیاکہ کنٹریکٹرز کی جانب سے مشینری کی خریداری اور عملہ کی بھر تی کا عمل شروع ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے تحت صفائی ستھرائی کیلئے گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کے علاوہ زیرو ویسٹ سرگودہا ڈویڑن بنانے کا ایکشن پلان بھی تیار کیاجارہا ہے ۔ کمپنی کے دفتر کے علاوہ کمشنر ، ڈی سی اور اے سی دفاتر میں بھی کنٹرول روم قائم کر کے تمام صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کی جائیگی۔