ایپکا کا مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاج،ریلی نکالی گئی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سرگودھا میں مطالبات کی منظوری کے لیے ایک بڑی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیاریلی کا آغاز ایجوکیشن آفس سے ہوا جو کچہری روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔۔۔
ریلی میں محکمہ تعلیم، میونسپل کارپوریشن، محکمہ آبپاشی سمیت مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکاء نے ملازمین کے حقوق کے حق میں نعرے بازی بھی کی ،احتجاجی ریلی کمشنر آفس اورڈی پی او چوک سے ہوتی ہوئی آزادی چوک تک پہنچ کر جلسے کی صورت اختیار کر گئی ،مظاہرین نے 17/اے کے خاتمے ، پنشن اور گریجوایٹی میں کمی کے خلاف نوٹیفکیشن کی واپسی کے مطالبات پر مشتمل بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے ،احتجاج کے دوران میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے دفتر کی تالہ بندی بھی کر دی۔ ریلی میں خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں صدر پرویز اخترچوہدری، جنرل سیکرٹری منور اقبال،چوہدری ممتاز احمد، رانا شوکت ،ملک شاہد محمود، رانا افضال،شاہد ڈوگرو دیگر نے کہا کہ اگر ان کے جائز مطالبات منظور نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کو لاہور تک لے جائیں گے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے حقوق کی پامالی بند کی جائے اور ان کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے ۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو وہ اپنے احتجاج کو مزید تیز کرنے پر مجبور ہوں گے ۔