چیئرپرسن وزیر اعلیٰ سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ کی کھلی کچہری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈئیر بابر علاؤ الدین ستارہ امتیاز ملٹری (ر) نے۔
جمعہ کے روز ضلع کونسل دفتر کے سبزہ زار میں کھلی کچہری لگائی اور ضلع بھر سے آئے عوام الناس کی مختلف محکموں بارے شکایات اور مسائل سنے اور اس ضمن میں موقع پر ان کے حل کیلئے احکامات جاری کیے ۔ سائلین نے ریونیو ،پولیس، انہار، ایس ڈی اے اور لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر محکموں بارے تحریری و زبانی شکایات درج کروائیں۔ چیئرپرسن بزرگ شہریوں کے نشستوں پر گئے اور ان سے مسائل سنے ۔ ایک بزرگ خاتون نے اپنے فرزند کی آٹھ ماہ سے بلاوجہ جیل میں بند کی شکایت بیان کی جس پر بابر علاؤالدین نے ڈپٹی کمشنر کو معاملہ کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ حمید ٹاون کی خواتین نے سیوریج سسٹم سے متاثرہ گھروں کی مرمت کے لیے تاحال حکومت کی جانب سے امداد نہ ملنے کی شکایت درج کروائی جس پر چیئرپرسن نے پی ڈی ایم اے سے رپورٹ طلب کرلی۔ اسی طرح کرونا میں بطور پولیو ورکرز کام کرنے والی رضاکار خواتین نے تاحال ادائیگیاں نہ ہونے کا مسئلہ بیان کیا جس پر چیئرپرسن نے متعلقہ محکمے سے وضاحت طلب کرلی۔ بابر علاؤ الدین نے کہا کہ پبلک سرونٹ عوام کے خادم ہیں، حکومت کی جانب سے جو ترقیاتی منصوبے چل رہے انھیں جلد پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔