کرپشن کیخلاف آگاہی منصوبہ پر عمل نہ ہو سکا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) اداروں میں کرپشن کے خاتمہ اور نوجوانوں میں کرپشن کیخلاف آگاہی کے حکومتی منصوبہ پر مناسب عملدرآمد نہ ہونے کے باعث اس کے ثمرات ایک خواب بن کر رہ گئے ہیں ۔۔
ذرائع کے مطابق سابق حکومت نے 2021 میں ضلع، تحصیل اور یونین کونسل سطح کے ساتھ ساتھ تمام تعلیمی اداروں میں کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز قائم کر نے کے احکامات دیئے تھے جس پر عملدرآمدکا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ اکثر یونین کونسلوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں ابھی تک کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی قائم نہیں کی گئیں اور قائم ہونیوالی 90فیصد سے زائد کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز کے ممبران کا تو اعلان کر دیا گیا مگر یہ سوسائٹیز اپنے اغراض و مقاصد سے نا آشنا اور غیر فعال ہیں، جبکہ مالی و اخلاقی کرپشن کے خاتمے کیلئے شروع کئے گئے اس منصوبہ کا عملی مظاہرہ کہیں بھی نظر نہیں آ رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایڈمنسٹریشن اور متعلقہ شعبوں کے سربراہان اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے اور اداروں میں کرپشن کا خاتمہ اور نوجوان نسل میں اس حوالے سے شعور و آگاہی ایک خواب بن کر رہ گئی ہے ۔