فوری اقدامات ،کینو کے ایکسپورٹرز بھاری نقصان سے بچ گئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ یاسر قیوم کے فوری اقدامات اٹھانے اور ڈاکٹر ذلفقار علی بھٹی پارلیمانی سیکرٹری کامرس کے بھرپور تعاون سے کینو کے ایکسپورٹرز ہزاروں ملین ڈالرز کے نقصان سے بچ گئے۔۔
کورنٹائن ڈیپارٹمنٹ نے بذریعہ سڑک ازبکستان میں کینو کی ایکسپورٹ پر ریفر کنٹینر کی پابندی عائد کر دی جس کی وجہ سے سینکڑوں کنٹینرز ازبکستان جانے سے روک دیے گئے تھے ۔ گزشتہ روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس میں کینو کے ایکسپورٹرز اور سرگودھا چیمبر آف کامرس کے صدر خواجہ یاسر قیوم نے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی نے کہا سرگودھا میں صنعتی ترقی کی اور برآمدات کا فروغ میری اولین ترجیح ہے ۔ ڈی پی پی ڈیپارٹمنٹ پاکستان کی ایکسپورٹ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ڈی پی پی کو ختم کیا جا رہا ہے۔ اس کے خاتمے سے رشوت ختم ہو جائے گی۔ ایکسپورٹس کے تمام غیر ضروری پروسیجر کو ختم کر دیا جائے گا۔ کینو کی برآمدات کے فروغ کیلئے ہمیں شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ کی ضرورت ہے۔
جس پہ کام کر رہے ہیں۔ یونیورسٹی آف سرگودھا میں سرگودھا چیمبر کے تعاون سے قائم ہونے والے سٹرس سینٹر کا افتتاح فروری میں ہو جائے گا انہوں نے بتایا کہ سرگودھا کے ہر سیکٹر جس میں کینو، ہینڈی کرافٹس، نمک اور بجلی کی مصنوعات شامل ہیں کی ریسرچ کے لیے کنسلٹنٹ رکھے جا رہے ہیں جن کی تنخواہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سے دی جائے گی سرگودھا میں جلد ایکسپو سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ جب تک ہم صنعتی ترقی کی طرف نہیں جائیں گے معاشی طور پر مستحکم نہیں ہو سکتے ۔