چینی کی 50 کلو کی بوری مزید 300 روپے مہنگی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں کرشنگ سیزن کے دوران ہی چینی کی قیمتوں میں اضافہ نے حکومتی مشینری کی کمزور گرفت کی قلعی کھول دی، ہول سیل میں مزید 3 سو روپے اضافہ کے بعد 50 کلو کی بوری 7 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی۔
تفصیل کے مطابق حکومت کی جانب سے واضح ہدایات کے باوجود کرشنگ سیزن اور نہ ہی چینی کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے انتظامیہ کا کوئی چیک اینڈ بیلنس ہے، مختصر دنوں میں چینی کی پچاس کلو کی بوری کی قیمت میں 8 سو روپے ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ کرشنگ سیزن کے دوران چینی کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹہ بازوں اور ان کے گوداموں کی واضح نشاندہی کے باوجود سرکاری مشینری مکمل طور پر بے بس ہے، اور اس سلسلہ میں قائم مانیٹرنگ اینڈ ایگزامنگ کمیٹی صرف کاغذی کاروائیوں کے ذریعے سرکاری ریکارڈ کا پیٹ بھرنے تک محدود ہے یہ بھی معلوم ہواہے کہ ایک مخصوص گروپ نے چینی کی خرید و فروخت کے عمل میں اجارہ داری قائم کر رکھی ہے، اوراس گروپ میں شامل بااثر افراد کے حکومتی اور اعلی سطح کی اہم شخصیات سے تعلقات ہیں، جو کہ ایک نیٹ ورک کے ذریعے سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں سٹہ بازی کے ذریعے خریدی گئی چینی من مانی قیمتوں پر سپلائی کر رہے ہیں، جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ارباب اختیار کوفوری بھرپور ایکشن کی ضرورت ہے۔