6اضلاع میں ماحول دوست بسیں چلانے کا فیصلہ، منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت کی جانب سے سرگودھا سمیت پنجاب کے چھ اضلاع میں(ایکو فرینڈلی) ماحول دوست بسیں چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے منصوبہ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 میں شامل کرنے کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی طرف سے سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، رحیم یار خان، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں ‘‘ایکو فرینڈلی بسیں ’’چلانے کا منصوبہ شروع کرنے کیلئے اقدامات شروع اور منصوبہ کو باضابطہ طور پر سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 میں شامل کردیا گیا ہے ، اس ضمن میں پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی اور ایک نجی انجینئرنگ ادارے کے ماہرین پر مشتمل اعلی سطحی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو کہ متذکرہ اضلاع کے اربن ایریا ز کا مکمل فیزیکل جائزہ لے کر منصوبے کی فیزبیلٹی رپورٹ تیار کر کے جلد از جلد صوبائی حکومت کو ارسال کرنے کی پابند ہو گی، ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے گزشتہ روز ا ن اضلاع کے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماہرین کی ٹیم سے مکمل تعاون کرنے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ تفصیلات فوری طور پر مرتب کی جائیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر ابتدائی امور بھی طے کئے جا رہے ہیں اور حکومت کے اس اقدام سے بڑے شہروں کی طرز پر مذکورہ اضلاع میں بھی حکومتی سطح پر سستی اور معیاری سفری سہولیات فراہم ہونگی۔