کچی آبادی ڈیرہ سائیں جمال روڈ میں سیوریج کا مسئلہ گھمبیر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کچی آبادی ڈیرہ سائیں جمال روڈ گلی نمبر 4 میں سیوریج کا مسئلہ گھمبیر صورتحال اختیار کر گیا، علاقہ مکینوں کا جینا محال، مکینوں کا انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج۔۔۔
علاقہ مکینوں محمد آصف خان، عطاء محمد، سکندر خان، لطیف و دیگر کا کہنا ہے کہ پانچ سال قبل ٹھیکیدار کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے سیوریج نالہ تعمیر کیا گیا، جو شروع دن ہی سے نہ چل سکا اور جو لنٹر ڈالنے کیلئے نالے پر رکھی پھٹیاں ٹوٹنے اور صفائی نہ ہونے کے باعث گندگی سے اٹا ہوا ہے ، جبکہ عملہ صفائی بھی اس کو کھولنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے ، شکایات کے باوجود کئی کئی ماہ تک صفائی کیلئے عملہ اس طرف رخ نہیں کرتا، گندا پانی گلیوں اور گھروں میں جمع ہے ، جس کے باعث تعفن زدہ ماحول اور بیماریاں پھیل رہی ہیں اور تعمیر کیے گئے نالہ کو حمید ٹاؤن سیوریج سے لنک کیا گیا جو پائپ چھوٹا ہونے کی وجہ سے نکاسی پوری طرح نہیں کر پاتا، جس وجہ سے گٹروں کا پانی گلیوں میں ہی کھڑا رہتا ہے ، ضلعی انتظامیہ فوری نوٹس لے کر نالے کی جگہ سیوریج پائپ لائن ڈالے تاکہ سکھ کا سانس لے سکیں، اگر فی الفور مسئلہ حل نہ کیا گیا تو علاقہ مکینوں کے ہمراہ پہلے مرحلہ میں سی او آفس اور اس کے بعد بھی اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو کمشنر آفس کا گھیراؤ کر کے احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔