بیمار گوشت کی نقل وحمل روکنے کیلئے بنائی چیک پوسٹیں غیر فعال
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)مضر صحت اور حرام گوشت کی نقل و حمل روکنے کیلئے بنائی جانے والی چیک پوسٹیں متعلقہ شعبوں کے مابین رابطہ کاری کی کمی کے باعث تاحال فعال نہیں ہو سکیں۔۔۔
جبکہ افسران کی مبینہ عدم دلچسپی کے باعث حلال مادہ جانوروں کے ذبح کرنے کے حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے سے ان جانوروں کی نسل کشی ہونے کے باعث مستقبل میں گوشت اور دودھ کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ،ذرائع کے مطابق حکومت نے محکمہ لائیو سٹاک کو صوبہ بھر میں تمام انٹری پوائنٹس پر چیک پوسٹیں بنانے کی ہدایت کی تھی، یہ چیک پوسٹیں بلدیاتی اداروں کی چونگیات کی پوسٹوں والی جگہ بنائی جانا تھی، لیکن تا حال ان چیک پوسٹوں کا قیام عمل میں نہیں آ سکا، محکمہ لائیو سٹاک کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹوں کا قیام انتظامیہ اور پولیس کے عدم تعاون اور عملہ کی کمی کی وجہ سے سست روی کا شکار ہے ،دوسری جانب حکومت نے سرگودہا سمیت صوبہ بھر کے محکمہ لائیو سٹاک حکام کو جانور گائے بھینس بکری بھیڑ اونٹنی وغیرہ کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاکہ ان جانوروں کی افزائش میں اضافہ ہو اور ملک میں حلال گوشت کی قلت نہ ہو لیکن محکمہ کے افسران کی عدم توجہی کے باعث قصاب مادہ جانور خرید کر ذبح کر رہے ہیں جبکہ ان افسران کی وجہ سے حکومت کی کٹے پال اور انڈا مرغی سکیم بھی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے ۔