آلودگی پر سخت کارروائی ، اینٹی سموگ سکواڈ فعال کرنے کا فیصلہ
ٰٰٰٰسرگودھا(سٹاف رپورٹر)محکمہ تحفظ ماحولیات اور تبدیلی آب و ہوا پنجاب نے آلودگی کی رو ک تھام کیلئے جرمانہ وتادیبی کاروائی سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کمیٹیوں کے بعد اینٹی سموگ سکواڈ کو فعال اور انکی فول پروف سکیورٹی کیلئے اقدامات شروع کر دیئے۔۔۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلہ میں ڈویژنل اور ضلعی سطح پر متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی زیر صدارت تشکیل دی گئی کمیٹیوں کو فعال کر دیا گیا ہے جس کے بعد سموگ کو کنٹرول کرنے کے لئے حفاظتی اور اصلاحی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اینٹی سموگ سکواڈز کو بھی فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،یہ سکوارڈز ڈسٹرکٹ اینٹی سموگ کمیٹیوں کو ہفتہ وار رپورٹس ارسال کرنے کے پابند ہونگے جبکہ کمیٹیاں سختی سے عملدرآمد کی نگرانی اور یقین دہانی کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ محکموں بشمول ای پی اے پنجاب، زراعت، ٹرانسپورٹ، صنعت، مقامی حکومت، پولیس اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ مضبوط بین المحکماتی رابطہ برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہونگی ،اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرز کو ضلع سطح پر آگاہی مہمات کو موثر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ کمیونٹی کی شمولیت اور عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ،جبکہ خصوصی اختیارات رکھنے والے اینٹی سموگ سکواڈ کوسکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ڈی پی اوز جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو چیک اینڈ بیلنس کیلئے مربوط حکمت عملی اپنا کر عملدرآمد کی رپورٹ ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔