ٹیچر ڈے پر بچوں سے زبردستی تحائف،کھانا منگوانے کی شکایات
والدین کو مہنگائی کے دور میں شدید مالی پریشانی اور ذہنی دبائو کاسامنا کرنا پڑا
کلورکوٹ (نامہ نگار)ٹیچر ڈے کے موقع پر کلورکوٹ کے مختلف پرائیویٹ اور پیف پارٹنر سکولوں میں اساتذہ کی جانب سے بچوں سے زبردستی تحائف اور کھانے پینے کی اشیاء منگوائے جانے کی شکایات موصول ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق متعدد والدین نے بتایا کہ اساتذہ نے بچوں کو قیمتی گفٹ، کیک اور دیگر اشیاء لانے کے لیے مجبور کیا، جس سے والدین کو موجودہ مہنگائی کے دور میں شدید مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔والدین کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں کو یہ کہہ کر گھر بھیج دیا گیا کہ ٹیچر ڈے کے لیے کچھ نہ کچھ لازمی لائیں، جس سے طلبہ اور والدین دونوں کو ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔والدین نے وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے مطالبہ کیا ہے کہ اس عمل میں ملوث پرائیویٹ اور پیف پارٹنر سکولوں کے خلاف فوری تحقیقات کی جائیں ۔