عالمی یوم بصارت پرپاکستان انکلوسو آئی ہیلتھ پراجیکٹ کا افتتاح
حکومت پنجا ب کا دیگر اداروں سے اشتراک ،بصوبائی وزیر صحت نے افتتاح کیا آنکھوں کی صحت ہر شہری کا بنیادی حق ، حکومت کی اولین ترجیح: خواجہ عمران نذیر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے عالمی یوم بصارت کے موقع پر ضلع سرگودھا میں پاکستان انکلوسو آئی ہیلتھ پراجیکٹ (PIEH) کا افتتاح کر دیا، اس منصوبے کا مقصد بنیادی سطح پر معیاری جامع اور مساوی آنکھوں کی دیکھ بھال کی سہولیات کی فراہمی ہے ۔ یہ منصوبہ حکومت پنجاب، سائٹ سیورز، COAVS، CHIP اور LRBT کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے ۔ ضلع سرگودہا میں 11 دیہی طبی مراکز، 9 ٹی ایچ کیوز اور ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ اسپتال میں آئی کلینکس کا عملی طور پر آغاز کر دیا گیا ہے ، جہاں عوام کو مفت معائنہ، علاج اور ریفرل کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد معین (پرنسپل COAVS)، منزہ گلانی (ڈائریکٹر سائٹ سیورز)، پروفیسر اسد اسلم خان، اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد گل، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ آنکھوں کی صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور یہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ہر فرد کو معیاری طبی سہولیات میسر ہوں۔ وزیر صحت نے کہا کہ اس سال پنجاب کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، جو تین دریاوں میں بیک وقت آیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سروے مکمل ہونے کے بعد 17 اکتوبر سے چیک دینے کی ادائیگی کا آغاز کر رہی ہیں۔