ڈی ایچ کیو ہسپتال کا کلرک 50ہزار رشوت لیتے ہوئے گرفتار
رانا ناصر نے محمد وقاص کو ملازمت دلانے کا جھانسہ دیکر1لاکھ،50ہزار ہتھیائےمزید 50ہزار روپے کا تقاضہ کیا ،وقاص نے اینٹی کرپشن کو درخواست دے دی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)اینٹی کرپشن سرگودھا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے کلرک رانا ناصر نذیر پچاس ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکر لیا گیا،تفصیلات کے مطابق محمد وقاص نے درخواست گزاری کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا میں نوکری دلوانے کے لیے رانا ناصر نذیر50ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کر رہا ہے ۔اس سے پہلے بھی ملزم 1لاکھ50ہزار روپے کارڈیولوجی میں وارڈ بوائے بھرتی کروانے کے لیے وصول کر چکا ہے ۔ جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا نے تصور عباس بوسال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر(تفتیش)، اینٹی کرپشن سرگودھا کو ریڈ کرنے کا حکم دیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر(تفتیش)، نے اپنی ریڈنگ ٹیم کے ہمراہ محمد اسحاق جسرا، جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ریڈ کرکے ملزم رانا ناصر نذیر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 50ہزار روپے کے نشان زدہ نوٹ برآمد کرکے اسکے خلاف رشوت لینے کے جرم میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔