کارپوریشن ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کا حکم
دفتر سے غیر حاضر یا کام سے بھاگنے والے ملازمین کو برداشت نہیں کیا جا ئیگا، ایسے اہلکاروں کو ملازمت میں رہنے کا حق نہیں،سی ای او کارپوریشن کو ٹاسک دیدیا گیاکمشنر کی زیر صدارت اجلاس ،نجی ہسپتالوں کی پارکنگ ریگولرائزیشن کا جائزہ،سٹریٹس لائٹس فعال،آوارہ کتے تلف کرنے کی ہدایت ،شہر کے غیر اعلانیہ دوروں کا اعلان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بلدیہ ملازمین کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور تمام افسروں و ملازمین کی بائیومیٹرک حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا اور اس حوالے سے سی ای او کارپوریشن کو ٹاسک دیدیا،انہوں نے واضح کیا کہ دفتر سے غیر حاضر یا کام سے بھاگنے والے ملازمین کو برداشت نہیں کیا جا ئے گا، ایسے اہلکاروں کو ملازمت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ اجلاس میں نجی ہسپتالوں کی پارکنگ کے ریگولرائزیشن کے حوالے سے اب تک کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف پریزنٹیشنز، جرمانے یا اعداد و شمار دکھانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام کو زمینی سطح پر ریلیف ملنا چاہیے ۔
انہوں نے سی او ایم سی کو ہدایت کی کہ تمام نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنی پارکنگ کو باقاعدہ ریگولرائز اور فعال بنائیں،انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اب غیر اعلانیہ دورے کریں گے تاکہ شہر میں جاری صفائی، پارکنگ، سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک کے نظام کو عوامی فیڈ بیک کی بنیاد پر خود دیکھ سکیں۔کمشنر نے ایم او انفراسٹرکچر کو ہدایت کی کہ شہر بھر کی سٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور جہاں خراب لائٹس ہوں انہیں درست کیا جائے ۔ انہوں نے شہر میں آوارہ کتوں کی موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم او ریگولیشن کو ہدایت دی کہ تلفی مہم کو تیز کیا جائے ۔