31سرکاری سکولوں میں کمپیوٹرز اور فیشن ڈیزائنز کی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ
نصاب میں جدید مضامین شامل کئے جائیں گے ،ہر سکول کو کم ازکم 15کمپیوٹرز فراہم کئے جائیں گے ،فیشن ڈیزائنز کی کلاسز میٹرک میں شروع،ساڑھے 8کروڑ روپے مختص کر دئیے گئے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت سرگودھا کے 31 سرکاری سکولوں میں تعلیم میں جدت کے لئے جدید کمپیوٹرز اور فیشن ڈیزائن کٹس کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، محکمہ تعلیم نے سرگودھا سمیت صوبے بھر میں Matric-Tech پروگرام کے تحت جدید کمپیوٹرز اور فیشن ڈیزائن کٹس کی فراہمی کا آغاز کر دیاہے جس کا بینادی مقصد نوجوان طلباء و کو جدید ٹیکنالوجی، فنی مہارت اور عملی تربیت سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کر سکیں۔ابتدائی مرحلے میں سرگودھا کے 31 سرکاری اسکولوں میں جدید کمپیوٹر فیشن ڈیزائن کٹ کی فر اہمی یقینی بنائی جارہی ہے ۔ محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے Matric-Tech پروگرام کے تحت تعلیمی سال (2025-26) میں جدید مضامین شامل کیے جا رہے ہیں جن میں آئی سی ٹی، ہیلتھ سائنسز، ایگریکلچر سائنسز اور فیشن ڈیزائن شامل ہیں۔ ہر اسکول کی لیب میں کم از کم پندرہ کمپیوٹرز فراہم کیے جائیں گے تاکہ ہر طالب علم کو عملی تربیت کا برابر موقع حاصل ہو۔جہاں Matric-Tech in Fashion Design کلاسز شروع کی جا رہی ہیں، وہاں جدید فیشن ڈیزائن کٹس فراہم کی جا رہی ہیں جن میں سلائی مشینیں فیبرک سواچز ڈرائنگ اور ڈیزائننگ کے آلات آئرن، آئرن ٹیبلز، میگنیفائنگ گلاس، سیونگ رِپر، پوسٹر کلرز شامل ہیں،کمپیوٹرز اور فیشن کٹس کی خریداری کیلئے ساڑھے 8 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ۔