ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں تھیلیسیمیا آگاہی واک کا انعقاد
تھیلیسیمیا قابل علاج مرض ، شادی سے قبل ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے : ڈاکٹر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں عوام میں تھیلیسیمیا کے حوالے سے شعور اور آگاہی پیدا کرنے کے لیے واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیادت ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ہسپتال ڈاکٹر محمد شہباز نے کی۔واک کا آغاز ہسپتال کی او پی ڈی سے ہوا اور مختلف شعبہ جات سے گزرتی ہوئی مرکزی دروازے پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، جن پر تھیلیسیمیا کے حوالے سے آگاہی کے پیغامات درج تھے ۔ ان پیغامات کا مقصد عوام کو اس موذی مرض سے بچاؤ اور بروقت علاج کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک قابل علاج مرض ہے اور اس سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ شادی سے قبل خون کے ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا جائے ۔ڈاکٹر محمد شہباز نے کہا کہ اس طرح کی آگاہی مہمات کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے اور مستقبل میں تھیلیسیمیا کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگی۔اس موقع پر ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر نئیر عباس خان بلوچ، پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد ارشد (کنسلٹنٹ ہیڈز)، ایم ایس گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال ڈاکٹر کاشفہ بھلی، اے ایم ایڈ ڈاکٹر طارق محمود، اے ایم ایس اکرام الحق، اور ریجنل ہیڈ پنجاب تھیلیسیمیا منیب رحمت بھی موجود تھے ۔