جامع مسجد بلاک 1 کی دکانوں میں آتشبازی کے سامان کا سخت نوٹس الاٹمنٹ منسوخ کرنیکا حکم
مسجد کے مکمل سٹرکچرل سروے کا فیصلہ، نیچے مارکیٹ کو خطرناک قرار دیا گیا تو خالی کرا کے فوری بند کر دیا جائے گا، مسجد کی الیکٹرکل وائرنگ کی فوری مکمل چیکنگ کی ہدایت بھی جاری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)تاریخی جامع مسجد بلاک نمبر 1کی عمارت کا مکمل سٹرکچرل سروے کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ بلڈنگ ریسرچ انسٹیٹیوٹ لاہور کی ٹیم کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔ کمشنر نے واضح کیا کہ رپورٹ کی روشنی میں اگر مسجد کے نیچے واقع مارکیٹ کو خطرناک قرار دیا گیا تو پوری مارکیٹ کو خالی کرا کے فوری طور پر بند کر دیا جائے گا، کیونکہ انسانی زندگی سب سے زیادہ قیمتی ہے اور حکومت پنجاب کی ہدایت کہ کسی بھی پرانی یا کمزور عمارت کو خطرناک قرار دیے جانے کی صورت میں اس کی فوری طور پر کلیئرنس یقینی بنائی جائے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ وہ مسجد کے نیچے اور ارد گرد موجود تمام ڈھانچوں کا مشترکہ سروے کریں۔ انہوں نے محکمہ اوقاف کو ہدایت کی کہ مسجد کی الیکٹرکل وائرنگ کا فوری آڈٹ کروا کر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ آگ یا شارٹ سرکٹ کا کوئی خدشہ باقی نہ رہے ۔
کمشنر نے دکانوں کے اوپر کمروں میں آتش بازی کا سامان ذخیرہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو ایسی دکانوں کی الاٹمنٹ فوری منسوخ کرنے اور جگہ خالی کرانے کا حکم دیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مسجد ماضی میں چار اطراف سے دروازوں کے ساتھ فعال تھی اور نیچے پانچ فٹ کے برآمدے موجود تھے جہاں اب تجاوزات قائم ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ بلڈنگ ریسرچ انسٹیٹیوٹ لاہور کی ٹیم مسجد، میناروں اور اطراف کی تمام عمارتوں کا تفصیلی سروے کرے گی۔ رپورٹ کی بنیاد پر بحالی اور مرمت کے اگلے مراحل طے کیے جائیں گے ۔