سرگودہا ڈویژن میں گندم کی کاشت 96 فیصد مکمل ہو گئی
محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشترکہ مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ڈویژنل گندم کمیٹی کا پانچواں اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر زراعت، پرنسپل زرعی میڈیکل کالج، ترقی پسند کاشتکاروں اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ کراپ رپورٹنگ کے مطابق سرگودہا ڈویژن میں گندم کی کاشت کا 96 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے اور قوی امکان ہے کہ یہ ہدف سو فیصد سے بھی تجاوز کر جائے گا۔ محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشترکہ مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کے بروقت اقدامات، کھاد اور بیج کی وافر مقدار میں دستیابی، اور گندم کے سپورٹ پرائس 35 سو روپے فی من مقرر کیے جانے سے کاشتکاروں کا اعتماد بحال ہوا اور انہوں نے بھرپور انداز میں گندم کی کاشت کی ہے ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بھکر اور میانوالی کے کچھ علاقوں میں کپاس کی کٹائی جاری ہے ، جس کے فوراً بعد وہاں بھی گندم کی کاشت مکمل کر کے آئندہ 10 روز میں مجموعی ہدف سو فیصد سے تجاوز کر جائے گا۔مزید بتایا گیا کہ کسان کارڈز کی 96 فیصد ریکوری مکمل ہو چکی ہے ، جس سے کاشتکاروں کو براہِ راست فائدہ پہنچا ہے اور وہ کسان کارڈ کے ذریعے کھاد اور زرعی ادویات کی خریداری کر رہے ہیں۔کمشنر سرگودہا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گندم کی کاشت کے مقررہ ہدف کے سو فیصد سے زائد حصول کو یقینی بنایا جائے اور کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔