سنوکر چیمپئن اسجد اقبال کو ڈپٹی کمشنر خوشاب کی جانب سے انعام
کیپٹن (ر) محمد وسیم نے جم خانہ کے سنوکر کلب میں پریکٹس کی اجازت دی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم سے عالمی سنوکر چیمپئن اسجد اقبال نے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ان کی شاندار عالمی کامیابی پر مبارکباد دی اور حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعام کا چیک بھی پیش کیا۔اس موقع پر اسجد اقبال نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ وہ مالی مسائل کی وجہ سے نجی سنوکر کلب میں پریکٹس کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے ، اور درخواست کی کہ انہیں جم خانہ کے سنوکر کلب میں پریکٹس کی اجازت دی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر احکامات جاری کرتے ہوئے اسجد اقبال کو جم خانہ کے سنوکر کلب میں پریکٹس کی مکمل اجازت دے دی تاکہ وہ بلا رکاوٹ اپنی تیاری جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ \"آپ جیسے باصلاحیت کھلاڑی ہمارا فخر ہیں اور ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی آپ کی بھرپور سرپرستی اور سپورٹ جاری رکھے گی۔\"ڈپٹی کمشنر نے اسجد اقبال پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے ، محنت اور لگن کے ساتھ اپنی پریکٹس جاری رکھیں اور اپنے عالمی ٹائٹل کو زیادہ سے زیادہ عرصہ برقرار رکھنے کی کوشش کریں۔اسجد اقبال نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نقد انعام، سہولت اور اعتماد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ آئندہ بھی ملک و قوم کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔اس موقع پر اے ڈی سی آر فہد محمود اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور بھی موجود تھیں۔