عیدالاضحی:چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے سے مصنوعی مہنگائی
عیدالاضحی:چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے سے مصنوعی مہنگائی مارکیٹوں اور منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال ،غریبوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )مجوزہ بجٹ کی آمد اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے کے باعث سرگودھا کی مارکیٹوں اور منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔ ایک جانب منافع خور اور ذخیرہ اندوز حالات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ کر رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف انتظامی غفلت کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ اور مجوزہ بجٹ کے پیش نظر کاسمیٹکس، سگریٹ، کراکری، جنرل اسٹور کی متعدد اشیاء سمیت 130 سے زائد مختلف آئٹمز کی قیمتوں میں 10 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ذخیرہ اندوزی میں بھی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرگودھا میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام پہلے ہی مفلوج ہو چکا ہے ، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منافع خور عناصر کھلے عام مصنوعی مہنگائی پیدا کر رہے ہیں۔ صارفین کے مطابق غریب طبقہ پہلے ہی شدید مالی مشکلات کا شکار ہے جبکہ متوسط طبقے کی مشکلات میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کا فوری نوٹس لے کر موثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔