مضر صحت آئل تیار کرنے والے یونٹ کا سراغ مل گیا
چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں خام مال اور تیار شدہ مصنوعات برآمد
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دھریمہ میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر جانوروں کی آلائشوں اور چربی کو پگھلا کر مضر صحت آئل تیار کرنے والے ایک بڑے یونٹ کا سراغ لگا لیا۔ چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں خام مال اور تیار شدہ مصنوعات برآمد کی گئیں، جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی متعدد خلاف ورزیوں کا بھی انکشاف ہوا ہے ،تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے دھریمہ میں کارروائی کے دوران ایک ایسے یونٹ کا معائنہ کیا جہاں مبینہ طور پر جانوروں کی آلائشوں اور چربی سے رینڈرڈ فیٹ اور آئل تیار کیا جا رہا تھا۔ موقع سے تقریباً 1500لیٹر غیر قانونی رینڈرڈ فیٹ؍آئل، مختلف ڈرموں میں موجود خام مال، اور رنگت بہتر بنانے کے لیے استعمال ہونے والا میٹانیل ڈائی بھی برآمد کیا گیا،تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ تیار شدہ رینڈرڈ فیٹ اور آئل مختلف صابن ساز اور بائیو ڈیزل کمپنیوں اور ہوٹلوں وغیرہ کو سپلائی کیا جاتا ہے ، تاہم موقع پر موجود مال کی خرید و فروخت اور ترسیل کے حوالے سے مطلوبہ دستاویزی ریکارڈ اور ٹریس ایبلٹی سے متعلق کوئی تسلی بخش ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ یونٹ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق رجسٹرڈ نہیں تھا، جبکہ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے سے این او سی بھی حاصل نہیں کیا گیا تھا۔۔ حکام کے مطابق یہ تمام امور متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں،فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کے دوران برآمد ہونے والا تمام مشتبہ مال ضبط کرکے تلف کر دیا جبکہ ملزمان جن کے نام محمد عمران، محمد احسان اور لیاقت علی بتائے جاتے ہیں ۔کے خلاف مقدمہ درج کروا کردیاگیا ہے ۔