کوشش ہے عوام کو لوڈشیڈنگ سے
جلد نجات دلائیں: نواز شریف
وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''کوشش ہے عوام کو لوڈشیڈنگ سے جلد نجات دلائیں‘‘ اگرچہ ابھی تک ہم اس سلسلے میں تاریخیں ہی دیتے رہے ہیں لیکن اب دو سال کے بعد ہم نے محسوس کیا ہے کہ تاریخیں دینے کی بجائے کوشش ہی کی جا سکتی ہے بلکہ اب تو ہم نے یہ بھی کہنا شروع کر دیا ہے کہ عوام بجلی کم استعمال کریں بلکہ بہتر ہو گا کہ بالکل ہی استعمال نہ کریں اور دستی پنکھے وغیرہ استعمال کرکے اس صنعت کو ترقی دینے کی کوشش کریں جو واحد صنعت ہے کہ جس میں بجلی بھی خرچ نہیں کرنا پڑتی۔ ہیں جی؟ انہوں نے کہا کہ ''توانائی بحران پر قابو پائے بغیر نہ ترقی ہو گی نہ بیروزگاری کا خاتمہ‘‘ اور چونکہ توانائی بحران ختم ہونے کا دور دور تک کوئی امکان نہیں ہے اس لیے ترقی کی بھی امید نہ رکھی جائے اور بے روزگاری کے خاتمے کی بھی چنانچہ ضروری ہے کہ توکل کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لیا جائے جیسا کہ ہم اپنا سارا کام توکل ہی سے چلا رہے ہیں۔ آپ اگلے روز قائد اعظم سولر پارک کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں
فوج کے ساتھ کھڑی ہے: شہباز شریف
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کے ساتھ کھڑی ہے‘‘ بلکہ ہم بھی کافی غورو خوض کے بعد فوج ہی کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں کیونکہ اس نے یک لخت ہی آپریشن شروع کر دیا تھا جس پر ہم ہکا بکا رہ گئے تھے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کر رہے تھے لیکن اے بسا آرزو کہ خاک شدہ‘ چنانچہ ہمیں بھی بالآخر فوج کے ساتھ کھڑا ہونا پڑا۔ اگرچہ اب تک کافی وقت گزر چکا ہے اور اتنی دیر کھڑے کھڑے بہت تھک بھی گئے ہیں اور ڈر بھی رہے ہیں کہ کہیں یہ سلسلہ ہماری طرف بھی رخ نہ کر لے کیونکہ سندھ میں اگر پیپلز پارٹی کے فرنٹ مینوں کو پکڑا جا رہا ہے تو ہمارے فرنٹ مینوں کی باری بھی آ سکتی ہے اور سیف الرحمن اور کئی دیگر حضرات کے لیے خیر کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے‘‘ چنانچہ تیزی سے عملدرآمد کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جو کافی عرصے سے غائب ہے۔ آپ اگلے روز گوجرانوالہ سی ایم ایچ کا دورہ اور ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
پیپلز پارٹی چھوڑنے والوں نے
گھاٹے کا سودا کیا: منظور وٹو
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے تاحال صدر میاں منظور احمد خاں
وٹو نے کہا ہے کہ ''پیپلز پارٹی چھوڑنے والوں نے گھاٹے کا سودا کیا‘‘ حالانکہ ہم نے ہمیشہ منافعے ہی کا سودا کیا اور پانچ سال میں جو منافع کمایا ہے اسے ٹھکانے لگانے کے لیے وافر ماڈلز کا بھی بندوبست کر لیا گیا ہے جبکہ ایان علی کے پکڑے جانے پر پارٹی میں تشویش کی لہر دوڑ ی ہوئی ہے بلکہ زرداری صاحب کی تو صحت بھی بہت خراب رہنے لگی ہے جن کے لیے عوام سے دعائے صحت کی اپیل ہے‘ اگرچہ دعائوں کے لیے ہم خود بھی کافی ہیں کیونکہ تقریباً سبھی پہنچے ہوئے بزرگ ہیں جن کی دعا مانگنے سے پہلے ہی قبول ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''بلاول نے مہنگائی کے خلاف حکومت پر دبائو بڑھانے کی ہدایت کی ہے‘‘ جو اگرچہ ہر طرح سے مفقود ہو چکا ہے کیونکہ پارٹی کا نواز لیگ کی بی ٹیم ہونے کا تاثر روز بروز واضح ہوتا جا رہا ہے‘ اگرچہ زرداری صاحب کبھی کبھار کوئی سخت بیان بھی داغ دیتے ہیں جیسا کہ پچھلے دنوں ان کا بیان خواہ مخواہ فوج کی طرف مڑ گیا تھا۔ آپ اگلے روز دنیا نیوز سے گفتگو کر رہے تھے۔
فالتو پاور پراجیکٹ
ایک خبر کے مطابق اربوں روپے خرچ کرنے کے بعد چیچو
کی ملیاں پاور پراجیکٹ ختم کر دیا گیا ہے‘ جس کے ذریعے 525میگاواٹ بجلی پیدا ہونی تھی جبکہ اس پر 3ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں اور سائٹ پر مشینری بھی موجود ہے کیونکہ حکومت پوری ایمانداری سے سمجھتی ہے کہ عوام بجلی کے بغیر بھی گزارہ کر سکتے ہیں بلکہ عرصۂ دراز سے کر بھی رہے ہیں بلکہ اب تو خود ان کی طرف سے بھی یہ مطالبہ ہونے لگا ہے کہ ان کی اصلی ضرورت موٹر ویز‘جنگلہ بس اور اورنج لائن وغیرہ ہی ہیں جبکہ سکولوں اور ہسپتالوں کے بغیر بھی ان کا گزارہ ٹھیک ٹھاک ہو رہا ہے کیونکہ علاج معالجے کے لیے تعویز گنڈا ہی کافی ہے جس پر کچھ زیادہ خرچ بھی نہیں آتا اور ڈاکٹروں کی طرح یہ عامل حضرات ہڑتال پر بھی نہیں جاتے اور ان سے جن وغیرہ بھی نکلوا لیے جاتے ہیں جو ڈاکٹروں اور ہسپتالوں کے بس کا روگ ہی نہیں ہے اور اگر خریدوفروخت بھی بجلی کے استعمال کی طرح بند کر دی جائے تو مہنگائی کا مسئلہ بھی پیدانہیں ہوتا۔
آج کا مطلع
وہی منظر برف برسنے کے‘ وہی گھڑیاں دھوپ نکلنے کی
سبھی سلسلہ وار سبیلیں ہیں ترے موسم راز میں ڈھلنے کی