75سال قبل 20اگست 1940ء کو میکسکو کے شہر کویوکن (Coyoacan)میں برف چیرنے والی کلہاڑی سے لیون ٹراٹسکی کو قتل کر دیا گیا۔ یہ ایک شخص کا قتل نہیں بلکہ ایک نظرئیے کو مٹانے کی کوشش تھی۔
لیون ٹراٹسکی، ولادیمیر لینن کے ہمراہ نومبر 1917ء کے انقلاب روس کے معمار اور قائد تھے۔ بالشویک انقلاب کی نظریاتی اساس ٹراٹسکی کے ہی ''نظریہ انقلاب مسلسل‘‘ پر مبنی تھی جس کی ترویج انہوں نے مارکسزم کی عملی روح کے تحت کی تھی۔ نظریہ انقلاب مسلسل (Permanent Revolution) کو مختصراً یوں بیان کیا جاسکتا ہے کہ پسماندہ ممالک کے حکمران طبقات تاریخی طور پر قومی جمہوری انقلاب کے فرائض ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں اور ان ممالک میں سرمایہ دارانہ بنیادوں پر صنعتی انقلاب برپا نہیں ہو سکتا۔ ایسے پچھڑے ہوئے نیم جاگیر دارانہ یا قبائلی معاشروں میں سرمایہ داری کے تاریخی فرائض سوشلزم کے ذریعے ہی ادا کئے جا سکتے ہیں۔ ٹراٹسکی لکھتا ہے کہ تاریخ کا تضاد یہ ہے کہ ہماری پسماندگی ہی ہماری فوقیت بن جاتی ہے۔ ہمیں سرمایہ دارانہ انقلاب کے مراحل میں سے یورپ کی طرح گزرنا نہیں پڑے گا بلکہ ہم براہ راست سوشلسٹ انقلاب برپا کر کے یورپ کے سماجی اور معاشی طرز ارتقا کو پھلانگ کر آگے نکل جائیں گے۔
روس کا انقلاب اور بعد کی چند دہائیوں میں منصوبہ بند معیشت کے تحت تیز ترین معاشی ترقی کے (افسر شاہانہ زوال پزیری کے باوجود) ذریعے دنیا کی دوسری بڑی طاقت بن کر ابھرنا ٹراٹسکی کے اس نظرئیے کی سچائی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ لیکن نظریہ انقلاب مسلسل کا ایک بنیادی پہلو دوسرے ممالک، بالخصوص ترقی یافتہ سرمایہ دارانہ ممالک میں انقلاب کا پھیلائو بھی ہے۔ ٹراٹسکی نے وضاحت کی تھی ''سوشلسٹ انقلاب اگر ایک ملک میں مقید ہو جاتا ہے تو اس کا دم گھٹ جائے گا اور انہدام ناگزیر ہوگا‘‘۔ 1991ء میں سوویت یونین کا منفی انداز میں انہدام ٹراٹسکی کے نظرئیے کو سچ ثابت کرتا ہے۔
لیون ٹراٹسکی صرف 25سال کی عمر میں 1905ء کے انقلاب کے دوران پیڑوگراڈ سوویت کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ 1917ء میں ایک بار پھر پیٹروگراڈ سوویت کے چیئرمین بنے اور اقتدار پر محنت کشوں کے قبضے میں بنیادی کردار ادا کیا۔1917ء سے 1925ء تک نومولود مزدور ریاست کے امور خارجہ، دفاع، ریلوے، معاشی منصوبہ بندی وغیرہ کے عوامی کمیسار (وزیر) رہے۔ انقلاب کے فوراً بعد امریکہ سمیت 21سامراجی ممالک نے سوویت جمہوریہ کو کچلنے کے لئے چڑھائی کر دی۔ ایک سال سے کم کے عرصے میں انہوں نے زار کی بچی کھچی تین لاکھ کی خستہ حال فوج کو تیس لاکھ کی طاقتور اور فعال سرخ فوج میں تبدیل دیا اور سامراجی یلغار کو شکست فاش دی۔
بھاری مالی وجانی نقصان کی قیمت پر انقلاب کو بچا تو لیا گیا لیکن جرمنی (1918-23ء)، برطانیہ (1926ء)، فرانس (1924ء)، چین (1925-27ء) سمیت کئی ممالک میں انقلابات کی شکست کے بعد سوویت یونین تنہا اور محصور ہو گیا۔ پہلی عالمی جنگ، دو انقلابات اور پھر خونریز خانہ جنگی (25لاکھ سے زائد ہلاکتیں) سے معیشت کم و بیش برباد ہو چکی تھی۔ قلت اور گھٹن کی اس کیفیت میں سوویت ریاست میں افسر شاہی (بیوروکریسی)کی جڑیں مضبوط ہوتی چلی گئیں۔ سٹالن اس افسر شاہی کا شخصی اظہار اور نمائندہ تھا۔
افسر شاہی ایک طرف اپنی مراعات اور اختیارات میں اضافہ کرتی چلی گئی تو دوسری طرف مزدور جمہوریت اور بالشویزم کے نظریات پر ڈٹے رہنے والے ٹراٹسکی جیسے قائدین اور سیاسی کارکنان کو راستے سے ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ 1926ء میں ٹراٹسکی کو تمام ریاستی عہدوں سے ہٹادیا گیا، پھر پارٹی سے نکال کر سائبیریا بھیج دیا گیا۔ بعد ازاں 1929ء میں جلا وطن کر دیا گیا۔ ٹراٹسکی کی 'لیفٹ اپوزیشن‘ کے ہزاروں کارکنان کو قتل کر دیا گیا۔
ٹراٹسکی پہلے ترکی گیا، قاتلانہ حملے کے بعد اسے فرانس ہجرت کرنا پڑی، وہاں سے بے دخلی کے بعد دربدر کی ٹھوکریں کھاتا ہو میکسیکو پہنچا جہاں بائیں بازو کی حکومت نے اسے وقتی پناہ دی۔ ان تلخ حالات میں بھی اس نے انقلاب کو اس کے بنیادی نظریات اور اصولوں پر دوبارہ استوار کرنے کی جدوجہد جاری رکھی۔ جلاوطنی میں اس کی بے شمار تصانیف مارکسی ادب کے خزانے کا درجہ رکھتی ہیں۔ ایک مرتبہ اس سے پوچھا گیا کہ وہ اپنی زندگی کا سب سے بڑا کارنامہ کسے سمجھتاہے؟ اس نے انقلاب کی قیادت، سرخ فوج کی تعمیر اور اقتدار کی انتہائوں وغیرہ کی بجائے جلاوطنی کی اذیت میں لکھی تحریروں کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی تخلیق قرار دیا تھا۔
جرمنی اور چین کے انقلابات کی شکست میں سٹالن کا اہم کردار تھا۔ 1930ء کی دہائی تک سٹالنسٹ بیوروکریسی نے تیسری انٹرنیشنل (محنت کشوں کی عالمی تنظیم) کو رد انقلاب کے اوزار میں تبدیل کر دیا تھا۔ ان حالات میں ٹراٹسکی نے تیسری انٹرنیشنل سے تمام ناتے توڑ کر چوتھی انٹرنیشنل کی بنیاد ڈالی۔ سٹالن سوویت یونین سمیت پوری دنیا میں ٹراٹسکی کے ساتھیوں کے خلاف یک طرفہ خونریز جنگ کا آغاز کر چکا تھا۔ٹراٹسکی کے بچوں کو قتل کروا دیا گیا یا خود کشی پر مجبور۔ 1917ء میں انقلاب برپا کرنے والی پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بیشتر ارکان 1939ء تک قتل کیے جا چکے تھے۔ چند ایک کو علامتی عہدے دے کر راستے سے ہٹا دیا گیا۔ اُس مرکزی کمیٹی کا واحد برسر اقتدار شخص سٹالن خود تھا جس کی مطلق العنانیت کو سب سے بڑا خطرہ ٹراٹسکی کے نظریات سے تھا۔ 1940ء میں خفیہ پولیس NKVDکے ایجنٹ رامان مرکاڈور کے ہاتھوں ٹراٹسکی کو بھی قتل کروا دیا گیا۔
ٹراٹسکی کو جسمانی طور پر ختم کر دیا گیا لیکن اس کے نظریات امر ہو گئے۔ سٹالن کی ''ایک ملک میں سوشلزم‘‘ اور ''مرحلہ وار انقلاب‘‘ کی پالیسیوں نے نہ صرف سوویت یونین کا بیڑا غرق کیا بلکہ اس سے ملحقہ دنیا بھر کی کمیونسٹ پارٹیوں کو ماسکو کی خارجہ پالیسی کے آلہ کار بنا کر ان گنت انقلابات کو زائل کر دیا۔ برصغیر میں سٹالن نے دوسری جنگ عظیم کے دوران کمیونسٹ پارٹی سے برطانوی سامراج کی اطاعت کروائی اور یہاں کی انقلابی تحریک کو رد انقلابی مذہبی تفریق کے ذریعے خون میں ڈبو دیا۔ لمحوں کی خطا کی سزا آج صدیاں پا رہی ہیں۔
آج کل ''بائیں بازو‘‘ میں اس بات کا بہت چرچا ہے کہ سٹالن اور ٹراٹسکی کے اختلافات پرانے اور بے معنی ہو چکے ہیں اور اب ''یونیٹی‘‘ بنانے کی ضرورت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ٹراٹسکی کے نظریات آج پہلے سے کہیں زیاد ہ کلیدی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔پاکستان میں اس کی سب سے بڑی مثال 1968-69ء میں ملتی ہے۔ جب انقلابی تحریک ابھری تو ماسکو اور بیجنگ نواز بائیں بازو کے لیڈر ''مرحلہ وار انقلاب‘‘ کی سٹالنسٹ پالیسی کے تحت دائیں بازو کی پارٹیوں سے ''قومی جمہوریت‘‘ کے لئے الحاق بناتے پھر رہے تھے۔ دوسری طرف محنت کش اور نوجوان تھے جو سرمایہ دارانہ نظام کو سرے سے ختم کرنا چاہتے تھے، ایک مکمل بغاوت تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کی بجائے سوشلزم کا نعرہ دیا تو راتوں رات تحریک کا لیڈ بن گیا۔لیکن ذوالفقار علی بھٹو کوئی لینن یا ٹراٹسکی نہیں تھا، نہ ہی پیپلز پارٹی کوئی بالشویک پارٹی تھی، چنانچہ انقلاب اصلاحات کے راستے پر بھٹک گیا۔
ماضی کے سٹالنسٹ کم از کم دو مراحل پر مشتمل انقلاب کی بات کرتے تھے، آج والے صرف ایک ہی مرحلے کے علمبردار ہیں: سرمایہ دارانہ جمہوریت۔ سیکولرازم، لبرل ازم، جمہوریت اور اصلاح پسندی کے ملغوبے میں یہ نام نہاد بایاں بازو اس قدر غرق ہو چکا ہے کہ یہاں کے رجعتی سرمایہ دار طبقات کی غیر مشروط حمایت اور کاسہ لیسی ہی اس کا نظریہ ہے۔ اصلاحات کی گنجائش اس نظام اور ریاست میں سے بہت عرصہ قبل ختم ہو چکی ہے۔ آبادی کی بھاری اکثریت کی زندگی تلخ سے تلخ تر ہوتی جا رہی ہے۔ ایسے میں لینن اور ٹراٹسکی کے نظریات کے تحت ہی وہ موضوعی عنصر تعمیر کیا جاسکتا ہے جو آنے والے دنوں میں انقلابی تحریک کو سوشلسٹ فتح سے ہمکنار کر کے نسل انسان کی نجات کا ذریعہ بن سکے۔
یہ تاریخ کا مکافات عمل ہے کہ سٹالن ازم آج ماضی کا مزار بن چکا ہے۔ٹراٹسکی کے نظریات کی سچائی تاریخ کے جبر کو چیر کر آگے بڑھ گئی۔ آخری ایام میں ٹراٹسکی کی یہ تحریر اس کے عزم، انتھک جدوجہد اور حوصلے کی گواہی دیتی ہے:
'' انسانیت کے کمیونسٹ مستقبل کے بارے میں میرا یقین جوانی کے دنوں کی نسبت کہیں زیادہ پختہ ہو چکا ہے...تھوڑی دیر پہلے نتاشا نے باغیچے کی طرف کھلنے والی کھڑکی کو تھوڑا اور کھول دیا تاکہ کمرے میں سے ہوا کا گزر ہو سکے۔ میں دیوار کے نیچے گھاس کی چمکدار سرسبز تہہ کو دیکھ سکتا ہوں جس کے اوپر شفاف نیلا آسمان ہے، سنہری دھوپ ہر طرف پھیلی ہوئی ہے۔ زندگی کتنی خوبصورت ہے۔ آنے والی نسلیں یقیناًاسے مصائب، ظلم اور جبر سے پاک کر کے ہر ممکن حد تک لطف اندوز ہو سکیں گی‘‘۔