تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     07-03-2016

تازہ موصولات

ادبیات
اسلام آباد سے نگہت سلیم اور اختر رضا سلیمی کی ادارت میں اکادمی ادبیات کے اہتمام سے چھپنے والا یہ رسالہ جو جولائی تا ستمبر کو محیط ہے‘ شائع ہو گیا ہے جس میں حسب معمول بے شمار نظمیں اور غزلیں ہیں۔ مضامین‘ افسانے‘ ناولوں کے باب‘ سفرنامے‘ خودنوشتیں‘ مزاح‘ اور تراجم سب کچھ شامل ہے۔ خصوصی مطالعے کے عنوان سے افضل احسن رندھاوا اور جلیل عالی کے لئے گوشے ہیں۔ دیدہ زیب ٹائٹل‘ صفحات 344 اور قیمت 100 روپے ہے۔
ماہنامہ'الحمراء ‘لاہور
یہ شمارہ ماہ فروری 2016ئہے۔ مدیر شاہد علی خان‘ خوبصورت سرورق اسلم کمال نے بنایا ہے اور قیمت 120 روپے‘ مہینے کی بارہ تاریخ کو باقاعدگی سے آپ کا دروازہ کھٹکھٹاتا ہے اور ادبی رسالہ ہوتے ہوئے یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ رپورتاژ‘ آپ بیتی اور تبصروں سمیت کم و بیش ہر صنف ادب کو نمائندگی دی گئی ہے۔ اس جریدے کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ ہر شمارے میں اس کے تخلیق کار وہی ہوتے ہیں جن میں شاید ہی کبھی کوئی فرق آتا ہو‘ محفل احباب یعنی قارئین کے خطوط پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
نیرنگ ِخیال
یہ ماہنامہ راولپنڈی سے سلطان رشک نکالتے ہیں اور اس کی باقاعدگی بھی قابل داد ہے۔ اس کا اجراء 1924ء میں ہوا اور اس طرح یہ ملک کا قدیم ترین رسالہ ہے جو حکیم محمد یوسف حسن کی یاد میں شائع ہوتا ہے۔ اس بار اس کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں خورشید بیگ میلسوی کی ایک حمد اور تین مضامین شامل کئے گئے ہیں۔ سلطان رشک خود بھی ایک سینئر شاعر ہیں اور پرچہ بھی ملک کے ایک مرکزی شہر سے شائع ہوتا ہے لیکن اس کے معیار پر وہ توجہ نہیں دی جاتی جس کا یہ مستحق ہے۔
خبرنامہ شب خون
الٰہ آباد بھارت سے شمس الرحمن فاروقی کی سرپرستی میں شائع ہوتا ہے جو ایک طرح سے رسالہ ''شب خون‘‘ کی ایک یادگار بھی ہے لیکن وہ بھی اب بند کیا جا رہاہے اور ایک اطلاع کے مطابق اگلا شمارہ اس کا آخری پرچہ ہو گا جو بجائے خود ایک افسوسناک خبر ہے۔ افسانے اور شاعری نہ ہونے کے باوجود یہ ایک مکمل رسالہ ہے‘ بلکہ تھا‘ جس نے اپنے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا‘ قارئین کے خطوط اس کی ایک خصوصیت ہوا کرتی تھی جبکہ مضامین کی وقعت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا۔
ماہنامہ' سپوتنک‘ لاہور
اسے لاہور سے آغا امیر حسین نکالتے ہیں۔ پیشانی پر چھپے اندراج کے مطابق اس کا ہر شمارہ ایک مکمل کتاب ہے۔ شروع میں انتظار حسین کو خراج عقیدت اور ایڈیٹر کے قلم سے دو طویل سیاسی کالم ہیں۔ اس کا خصوصی حصہ بعنوان نازک خیالیاں کنہیا لال کپور کی طنزیہ و مزاحیہ تحریروں کے انتخاب پر مشتمل ہے جبکہ ڈاکٹر ساجد علی نے آب رواں اور لاتنقید کے حوالے سے خاکسار کی نظم و نثر کا تنقیدی جائزہ لیا ہے۔ اعزاز احمد آذر مرحوم کے صاحبزادے کا اپنے والد پر مضمون ہے۔ قیمت 50 روپے۔
تحقیقی زاویے
یہ رسالہ الخیر یونیورسٹی بھمبر (اسلام آباد) کے شعبہ اردو کے زیراہتمام ڈاکٹر رشید امجد کی زیرادارت شائع ہوتا ہے جو اس کا ساتواں شمارہ ہے۔ جیسا کہ عنوان سے ظاہر ہے‘ اس میں صرف تحقیقی مقالات شائع کئے جاتے ہیں۔ موجودہ شمارہ جنوری تا جون 2016ء کو محیط ہے جس پر قیمت درج نہیں ہے۔ مختلف ادبی موضوعات پر اہم تخلیق کاروں کے مقالات ہیں۔ مجلس مشاورت قومی اور بین الاقوامی ملا کر 19 حضرات پر مشتمل ہے۔ صفحات 282 ۔
تماہی پنجابی ادب
لاہور سے قاضی جاوید‘ سعید بھٹہ اور مشتاق صوفی کی مشاورت میں شائع ہوتا ہے۔ تازہ شمارہ اپریل تا ستمبر 2015ء کا ہے جو کم و بیش چھ ماہ کے بعد شائع ہوا ہے اور اکادمی ادبیات پاکستان کے مالی تعاون سے چھپتا ہے۔ قیمت فی شمارہ سو روپے ہے جبکہ ملک سے باہر سو ڈالر۔کہانیاں‘ نظمیں‘ غزلیں اور تبصرے شامل ہیں اور اعزاز احمد آذر کی یادگیری۔پرکھ پرچول کے عنوان سے کتابوں پر تبصرے ہیں اور قارئین کے خطوط۔ ایڈیٹر پروین ملک ہیں۔
کشتِ نو
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے ثوبیہ روز کی ادارت میں شائع ہوتا ہے۔ اردو اور انگریزی دو زبانوں میں ہے اور موجودہ شمارہ اس کا گولڈن جوبلی نمبر ہے۔ مضامین نظم و نثر کے علاوہ بے شمار تصاویر شامل ہیں جو یونیورسٹی کی کارگزاری کو ظاہر کرتی ہیں۔ جسٹس ناصرہ جاوید اقبال‘ عطا الحق قاسمی اور عباس تابش کے انٹرویوز جبکہ پنجابی حصہ بھی شامل ہے۔ قیمت درج نہیں۔
ماہنامہ حرف جعفر
فیصل آباد سے ڈاکٹر جعفر حسن مبارک کی ادارت میں شائع ہوتا ہے ۔شروع میں ''ناز خیالوی‘ آسماں ادب کا روشن ستارہ‘‘ کے عنوان سے ظفر اقبال کا مضمون ہے جو خاکسار کا ہرگز نہیں ہے۔ اس کی وضاحت ہونی چاہیے تھی۔ اندرون سرورق دونوں جانب سعدیہ سیٹھی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کی تصویری جھلکیاں ہیں اور مضامین نظم و نثر اسے عوامی‘ سیاسی‘ سماجی و ادبی حلقوں کے واحد ترجمان ہونے کا دعوی بھی ہے۔
خبرنامہ مجلس ترقی و ادب
شروع میں نگران ڈاکٹر تحسین فراقی کے دورہ ماریشس کی تفصیلات ہیں اور شمس الرحمن فاروقی اور ان کی صاحبزادی ڈاکٹر مہرافشاں کے دورہ￿ مجلس کی روداد اور تصاویر شائع کی گئی ہیں جن میں ڈاکٹر خورشید رضوی‘ سجاد میر‘ ڈاکٹر رفاقت علی شاہد‘ یاسمین حمید‘ محمود الحسن اور ڈاکٹر حمیرا ارشد کے علاوہ دیگر خواتین و حضرات بھی نمایاں ہیں۔ نئی کتابوں پر تبصرے ہیں اور قیمت درج نہیں۔
ادب دوست لاہور
اسے اے جی جوش شائع کرتے تھے اور اب ان کے انتقال کے بعد ان کے صاحبزادے خالد تاج ڈاکٹر سعید اقبال سعدی کی معاونت سے ہر ماہ اردو اور پنجابی دو زبانوں میں شائع کرتے ہیں۔ اشاعت میں اس کی باقاعدگی بھی قابل داد ہے۔ اندرون سرورق جوش مرحوم کی مختلف تقریبات کے حوالے سے تصاویر ہیں اور حسب معمول مضامین و نثر۔ قیمت فی پرچہ 20 روپے ہے۔
ماہنامہ 'شاداب‘ لاہور
ڈاکٹر کنول فیروز کی ادارت میں اس کی باقاعدہ اشاعت کا 47 واں سال ہے جو بہت بڑی بات ہے۔ مضامین نظم و نثر کے علاوہ سلسلہ خطوط ہے اور کتابوں پر تبصرہ۔ پرچہ۔26 صفحات پر مشتمل ہے اور ٹائٹل سمیت نیوز پرنٹ پر شائع کیا جاتا ہے۔ قیمت 60 روپے۔ پرچے میں مدیر معاون اور نامور شاعرہ نسرین انجم بھٹی کے لیے دعائے صحت کی اپیل شائع کی گئی ہے جن کا پچھلے دنوں انتقال ہو گیا۔
براہ راست (پندرہ روزہ)
لاہور سے حافظ عمر فاروق کی ادارت میں شائع ہوتا ہے جو فلسطین پر اسرائیل کے نت نئے مظالم کی داستان پر مشتمل مضامین اور فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی پر مشتمل ہے اور اسرائیل کے ساتھ مل کر امریکی سامراج کی ریشہ دوانیوں کا عکاس ہے ۔قیمت 40 روپے ہے۔ مضامین سے متعلقہ تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔
آج کا مقطع
خدا تو چھوڑ گیا ہے‘ ظفر‘ یہ خطۂ خاک
دُعا کرو کہ یہاں پر بشر ہی رہ جائے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved