تحریر : مفتی منیب الرحمٰن تاریخ اشاعت     29-10-2016

نسبی شرافت

22اکتوبر کو ''اَخلاقی اَقدار کا زوال‘‘کے عنوان سے ہمارا کالم شائع ہوا، اُس پر جناب نعمان شہیرنے ای میل کے ذریعے یہ اِشکال وارد کیا ہے :
آپ نے کالم میں روم کے بادشاہ اور حضرت ابوسفیان کے درمیان ایک تاریخی مکالمے کا ذکر کیا ہے ، اس میں ہے:'' انبیائے کرام علیہم السلام اپنے عہد کے لوگوں میں عالی نسب رہے ہیں‘‘، مجھے اس پر تشویش ہے ،اس کی وضاحت فرمائیں۔ ہم سب آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں ،لہٰذا نسبی برتری کا کیا معنی؟ جب سب سے اہم چیز تقویٰ ہے ،تو پھر نسب کی کیا اہمیت؟ کوئی انسان اپنے والدین کی کسی کمزوری کا ذمہ دار نہیں ہے۔العیاذ باللہ ! جدید دور میں اسے نسل پرستی سے تعبیر کیا جاتا ہے، یہ نظریہ قرآن سے متصادم ہے ۔حضرت عبداللہ اور حضرت ابوطالب معمولی تاجر اور اپنے قبیلے کے سردار تھے، وہ عالی نسب کیسے ہوگئے؟۔وہ کوئی اسکالر،فلاسفر، سائنس دان یا انسان دوست نہیں تھے ۔اس کا مطلب تویہ ہے کہ کوئی شخص کوئی عظیم کارنامہ انجام دیدے، تو اُس کے آباء واَجداد کی شان بڑی ہوجائے گی اور وہ عالی نسب قرار پائے گا ،اس سے قطع نظر کہ وہ کتنے معمولی لوگ تھے ۔ اسی طرح اگر کوئی برا کام کرتا ہے ، تو اس کی وجہ سے اس کے آباء واَجداد کم تر نسب والے قرارپائیں گے، خواہ اس نے نوبیل انعام حاصل کیا ہو۔امید ہے آپ میری اس الجھن کوحل کریں گے‘‘ ۔
قارئین سے گزارش ہے کہ اِس سوال پر مشتعل نہ ہوں، ہمیں حُسنِ ظن سے کام لینا چاہیے ، ہوسکتا ہے اُن کے ذہن میں یہ اشکال پیدا ہوا ہو،پس اس اشکال کورفع کرنا ہماری دینی ذمے داری ہے۔ یہ فریقِ مخالف کو قائل کرنے کا دور ہے،کسی پر ہم اپنی رائے جبراً مسلّط نہیںکرسکتے۔ ہوسکتا ہے کہ ہماری ِاس مخلصانہ کاوش سے بہت سے ذہنوں کے بند دریچے کھل جائیں ۔
آپ کا یہ کہنا بَجا ہے کہ ہم سب آدم کی اولاد ہیں ، ارشادِ باری تعالیٰ ہے:''(اللہ) وہی ہے جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا ، (الاعراف:189)‘‘۔رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ''بے شک اللہ نے تم سے جاہلیّت کا غروروتکبرنکال لیاہے ، بس مومن پارسا ہوتا ہے اور فاجر محروم ،سب لوگ آدم کی اولاد سے ہیں اور آدم کو مٹی سے پیدا کیا گیا ہے ،(ترمذی:3955)‘‘۔ 
یقینا قیامت کے دن فیصلے ایمان واعمال کی بنیاد پر ہوں گے ، محض نسبی برتری سببِ نجات نہیں بنے گی ، اِسی لیے مفسرینِ کے نزدیک آل اور اہل کا ایک معنی پیروکار ہے،ارشادِ باری تعالیٰ ہے:'' (نوح نے اپنے رب کو پکارا: عرض کی: اے میرے رب!بے شک میرا بیٹا میرے اہل سے ہے اور بے شک تیرا وعدہ سچا ہے اور تو سب سے بڑا حاکم ہے ،(اللہ نے)فرمایا: اے نوح!وہ تمہارے اہل میں سے نہیں ہے ،بے شک اُس کے کرتوت برے ہیں ،سو آپ مجھ سے اُس چیز کا سوال نہ کریں ، جس کا آپ کو علم نہیں ہے ، (ہود:45-46)‘‘۔
ایک ہی بیج سے فصل کاشت کی جاتی ہے ،بعض پھل لذیذ ہوتے ہیں اور بعض بد ذائقہ۔ اِسی طرح انسانی نسل میں شریف ورذیل ،نیک وبد، ذہین وغبی ،الغرض ہر طرح کے افراد ہوتے ہیں ۔
اِسی طرح نَسبی کمال وشرافت کا بھی انکار نہیں کیا جاسکتا اور یہ بھی اللہ تعالیٰ کا تکوینی امر اور اُس کی عطا ہے ، اگرچہ جزا وسزا کا مدارنسب پر نہیں ہوگا، مگر اِس کی اہمیت بہر حا ل مسلَّم ہے ۔جس طرح ہم حسین وذہین انسان کی تعریف کرتے ہیں، اِسی طرح سے عَالی حسب ونَسب کی تعریف کرنا امرِ واقع ہے اور یہ خلافِ عقل وعدل نہیں ہے ۔ انبیائے کرام کے بارے میں فرمایا: ''اوربے شک وہ ہمارے چُنیدہ(اور) پسندیدہ بندے ہیں،(ص:47)‘‘۔ ہر شخص جانتا ہے کہ بعض چیزیں ناپسندیدہ ہونے کے باوجود معاشرے میں رائج ہوتی ہیں اور اُن میں نسب کی نَجابت اورخَسَاسَت دونوں شامل ہیں ۔ یہ اللہ تعالیٰ کی سنتِ جلیلہ ہے کہ اُس نے اپنے انبیائے کرام کو بشری خصوصیات کے اعتبار سے اعلیٰ مقام پر فائز فرمایاتاکہ کوئی کسی بھی حوالے سے اُن پر طعن نہ کرسکے اور اُن کے مقام ومرتبے کو معاشرے میں کم تر نہ سمجھے ۔سو اعلیٰ بشری خصوصیات میں جہاں پاک بازی و پاک دامنی ، عِفّت وحیا، شَجاعت وسخاوت ، صِدق وصَفا ، دیانت وامانت،علم وذکاوَت اور عدالت شامل ہیں ،وہیں حُسنِ صورت اور اعلیٰ نَسب بھی ہے ۔ رسول اللہ ﷺ نے اظہارِ تشکر کے طور پر اپنے نسب کی فضیلت کو بیان فرمایا :
(1):''میرا سلسلۂ نسب ہر دور میں بنی آدم کے بہترین قبیلے اور خاندان میں رہا،یہاں تک کہ میں اپنے دور تک پہنچا، (بخاری:566)‘‘۔ (2):''میں قیامت کے دن تمام اولادِ آدم کا سردار ہوں گا ،(مسلم:1782)‘‘۔ (3):''اللہ نے اولادِ ابراہیم میں سے اسماعیل کو ،اولادِ اسماعیل میں کِنانہ کو ، کِنَانہ میں سے قریش کو ،قریش میں سے بنو ہاشم کو اور بنو ہاشم میں سے مجھے چُنا، (مسلم: 1782)‘‘۔یعنی رسول اللہ ﷺ نے اپنے آپ کو افضل البشر اور اپنے نسب کو افضل الانساب بتایااور آپ تو ہیں ہی افضلُ الخَلق۔
رسول اللہ ﷺ کی نسبی شرافت ہی تھی کہ آپ کوگزند پہنچانے سے پہلے شدید عداوت کے باوجود کفارِ مکہ کو ہزار بار سوچنا پڑتا تھا۔ اِسی لیے جب کفارِ مکہ کی پارلیمنٹ ''دارُ النَّدوۃ‘‘میں العیاذ باللہ! آپ کو شہید کرنے کے ابلیسی مشورے پر اتفاقِ رائے ہوا ،تو ابوجہل نے کہا: تمام قبائلِ قریش کے نمائندہ بہادر جوان مسلّح ہوکر کاشانۂ نبوت کا محاصرہ کریں اورصبح سویرے جب آپ گھر سے نکلیں ،تو یک بارگی سب آپ پر پِل پڑیں ۔اس طرح بنو ہاشم سب قبائل سے قصاص کے لیے جنگ نہیں کرپائیں گے اور دِیَت پر راضی ہوجائیں گے ،یہ الگ بات ہے کہ :''تدبیر کُنَد بندہ ، تقدیر زِنَد خَندہ‘‘ ، بندوں کی کوئی بھی ناپاک تدبیر اللہ کی تقدیر پر غالب نہیں آسکتی ۔ الغرض نسبی تفاخُر اگر دوسروں کو حقیر وکم ترجاننے کے لیے ہو، تو یہ شریعت کی نظر میں معیوب بات ہے ، لیکن اگر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے لیے ہو تو شکرِ نعمت اچھی بات ہے ،یہ ایسا ہی ہے کہ کوئی شخص اپنے حسن وجمال پر اظہارِ مسرّت کرے ۔اسی لیے ہم کہتے ہیں کہ حضرت ایوب علیہ السلام کے بارے میں جواسرائیلی روایات ہیںکہ العیاذ باللہ ! اُن کو ایسی بیماری لاحق ہوگئی تھی کہ بدن پہ بدبودار پھُنسیاں نکل آئی تھیں اورلوگوں کو اُن سے گھِن آتی تھی اور کوئی اُن کے قریب نہیں جاتا تھا ،یہ سب باطل ہے، مقامِ نبوت کے شایانِ شان نہیں ہے ، ایسی روایات کو یَکسر رَد کردینا چاہیے۔ البتہ بیماری کا لاحق ہونا بشری عوارض میں سے ہے اور یہ کسی بھی دور اور کسی بھی معاشرے میں معیوب بات نہیں رہی۔
علامہ غلام رسول سعیدی نے علامہ سید احمد سعید شاہ کاظمی کے احوال میں لکھا ہے: 
1953ء کی تحریک ختم نبوت کے دوران مختلف مکاتب فکر کے علماء کراچی میں اکٹھے ہوئے۔ ایک مجلس میں مولانا ظفر احمد انصاری، مفتی محمد شفیع، مولانا سیدمحمد یوسف بنوری، مولانا محمد ادریس کاندھلوی، مولاناسید ابو الاعلیٰ مودودی اور علامہ سید احمد سعید شاہ کاظمی جمع تھے۔ گفتگو کے دوران علامہ کاظمی صاحب نے مولانا محمد ادریس کاندھلوی سے کہا: آپ نے اپنی کتاب
''الکلام‘‘ میں مرزا غلام احمد قادیانی کا رد کرتے ہوئے لکھا ہے: نبی کے لئے ضروری ہے کہ اس کا حسب نسب اپنے زمانے کے تمام اَحساب و اَنساب سے افضل ہو، حالانکہ یہ بات بے دلیل ہے۔اس پر مولانا محمد ادریس کاندھلوی نے صحیح بخاری کی اس حدیث کا حوالہ دیا :'' انبیاء علیہم السلام اپنی قوم کے بہترین نسب میں مبعوث کیے جاتے ہیں‘‘۔
علامہ کاظمی نے حدیث کا ترجمہ بیان کیا:'' نبی جس قوم کی طرف مبعوث ہو، اُس کا نسب اُس قوم میں افضل ہوتا ہے‘‘۔ آپ نے لکھا ہے:'' نبی کا نسب اپنے زمانے میں سب سے افضل ہوتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا:'' اگر میں نے یہ لکھ دیا ہے تواس میں خرابی کیالازم آئی؟‘‘ علامہ کاظمی نے ترمذی شریف کی مذکورہ بالا حدیث کا حوالہ دیا اور کہاکہ انبیائے بنی اسرائیل اپنی قوم میں اعلیٰ نسب کے حامل تھے لیکن علی الاطلاق اپنے زمانے میں افضل النسب نہیں تھے ، کیونکہ اُسی زمانے میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سید المرسلین ﷺ کے اجداد موجود تھے اور آپ ﷺ نے اپنے نسب کو علی الاطلاق پورے عالَم انسانیت میں ''افضل الانساب‘‘ قرار دیاہے ۔پس ہر نبی اپنی قوم میں بہترین نسب کا حامل رہا ہے ،لیکن پوری اولادِ آدم میں ہر دور میںافضل واعلیٰ نسب صرف امام الانبیاء سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ کا رہا ہے۔ اب اگر نبی کے لئے ضروری ہو کہ اُس کا نسب اپنے زمانہ کے تمام اَنساب سے افضل ہو ،تو لازم آئے گا کہ بنی اسرائیل کے انبیاء ،انبیاء نہ رہیں۔ کیونکہ اُن کا نسب اپنے زمانے میں نسب اسماعیل سے افضل نہ تھا اور انبیاء بنی اسرائیل کی نبوت کے انکار سے بڑھ کر اور کون سی خرابی ہو گی۔ جب علامہ کاظمی نے یہ نَقض واردکیا تو مولانامحمد ادریس کاندھلوی اس وقت تو خاموش رہے لیکن اگلے ایڈیشن میں انہوں نے اس کو تبدیل کر لیا۔آپ کا یہ کہنا صحیح ہے کہ اولاد کو آباء واجداد کے کسی برے فعل کی سزا نہیں ملے گی ،البتہ قرآن وحدیث میں ایسے شواہد ہیں کہ ماں باپ کی برکات اولاد پر بعض اوقات جاری ہوتی ہیں۔نوبیل پرائز کوئی شرعی اعزاز نہیں ہے کہ اُس پر آخرت میں جزا وسزا کا مدار ہو۔نسل پرستی کے معنی یہ ہیں کہ لوگوں کو رنگ ونسل کی بنیاد پر غلام بنایا جائے یا حقیر سمجھا جائے یا امتیاز برتا جائے، اسلام اس کی نفی کرتا ہے۔ اس دور میں بھی کوئی شخص کارنامہ انجام دے تو دنیاوی اعتبار سے یہ ماں باپ کے لیے یقینا باعثِ افتخار ہوتا ہے ۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved