تحریر : مفتی منیب الرحمٰن تاریخ اشاعت     31-10-2016

ترقی کی راہ میں رکاوٹ

ہمارے لبرل دانشوروں کوکوئی اورپرکشش موضوع ہاتھ نہ آئے تو مذہب اور اہلِ مذہب کی خبر گیری اور اصلاح کے درپے ہوجاتے ہیں ۔وہ یہ باور کراتے ہیں کہ ہماری تمام تر ناکامیوں اور زوال کے ذمے دار مذہبی طبقات ہیں اور مذہب ہی ہماری ترقی میں رکاوٹ ہے ۔پھر اچانک انہیں خیال آتا ہے کہ اجتہاد کا دروازہ بند کردیا گیا ہے اورجمود طاری ہے ،حالانکہ علامہ اقبال نے کہا تھا: اجتہاد جاری رہنا چاہیے۔
اصلاح کے اس مشن کے عَلَمبردار دانشوروں کے لیے یہ جاننا بھی ضروری نہیں ہے کہ اجتہاد کا معنی ومفہوم کیا ہے ،اس کی ضرورت کب پیش آتی ہے اوراس کے لیے کس طرح کی علمی قابلیت اور اہلیت درکار ہے ۔پہلا سوال تو یہ ہے کہ ترقی سے کیا مراد ہے ، اگر اس سے مادّی ،سائنسی ، علمی ، معاشی اور سماجی ترقی مراد ہے ،تو اس میں مذہب کہاں رکاوٹ بنتا ہے ۔ کیا مذہب یا اہل مذہب نے کبھی آپ سے مطالبہ کیا ہے کہ آپ یونیورسٹیاں ،کالج اور جدید علوم پر مشتمل اعلیٰ تعلیمی ،تحقیقی اور تربیتی ادارے قائم نہ کریں ۔کیا آپ کی نظر میں سائنس اور مذہب کا کہیں ٹکرائو ہے ؟۔ کیا ہماری یونیوسٹیوں میں عالمی سطح کا تحقیقی کام اس لیے نہیں ہورہا کہ ہم مسلمان ہیں یا اہلِ مذہب ہیں ؟۔ 
سو جب تک ہم اپنے مسائل کا حقیقت پسندانہ انداز میں تجزیہ نہیں کریں گے ، اُن کا تشفّی بخش حل بھی ہمیں سجھائی نہیں دے گا۔ کیا صنعتی ترقی کی راہ میں مذہب حائل ہوگیا ہے یا اہلِ مذہب نے اس کا راستہ بند کردیا ہے ؟۔ہماری نظر میں جدید سائنسی ، فنی ، طبی ، معاشی، سماجی ،ادبی ،بحریات، فلکیات، ارضیات، حیاتیات، حیوانیات اور خلائی تحقیقات سمیت کسی شعبۂ علم کا مذہب سے کوئی تعارض نہیں ہے ،البتہ اتنی سی بات ہے کہ اسلام مالیاتی شعبے میں رِبا کی حرمت کا قائل ہے اور ادبی وسماجی علوم میں اخلاقی اَقدار کا عَلَم بردار ہے۔ پھر ریاستی وسائل جن تعلیمی شعبوں اور اداروںپر خرچ ہوتے ہیں ،وہ سب کے سب جدیدیا عصری علوم سے متعلق ہیں اور اُن میں سے کسی کی باگ ڈور علماء کے ہاتھ میں نہیں ہے ۔حیرت کامقام ہے کہ کسی شعبے میں کامیابی مل جائے تو اُس کا افتخار آپ کے حصے میں آئے اور ناکامی ہو تو اُسے مذہب کے سر تھوپ دیا جائے ۔
ہمارے ہاں تو حال یہ ہے کہ کئی جدید علوم کے حامل پروفیسر ،دانشور اور مذہبِ انسانیت کے دعوے دار پاکستان کے ایٹمی دھماکے اورایٹم بم بنانے کے شدید مخالف تھے اور اس میں وہ امریکہ اور اس کے حلیف ممالک کے ہم نوا تھے ،جب کہ کسی مذہبی شخصیت نے نہ صرف یہ کہ اس کی مخالفت نہیں کی بلکہ سب یک زباں ہوکر اس کی پرزور تائید کرتے رہے ہیں ۔آج پاکستان کے پاس ایٹمی صلاحیت اورایٹم بم کا وجود ہی ظاہری اسباب کے تحت سدِّ جارحیت کا سب سے مؤثر ذریعہ یعنی Deterrentہے ۔یہ امر مسلّم ہے کہ جذبۂ جہاد اور شوقِ شہادت کا کوئی بدل نہیں ہے ،مگر ہم عالَمِ اسباب میں جی رہے ہیں اور اگر ظاہری اسباب کی کوئی حیثیت نہ ہوتی تو آج امریکہ بلاشرکتِ غیرے دنیا پر اپنی شرائط کیسے مسلّط کرتا۔
درپیش مسائل میں اجتہاد کی اجازت خود رسول اللہ ﷺ نے عطا فرمائی ہے:
''رسول اللہ ﷺ نے جب معاذ بن جبل کو یمن کی طرف حاکم بناکر بھیجنے کا ارادہ کیا تو فرمایا: جب تمہارے سامنے کوئی مقدمہ پیش ہوگا ،تو کس طرح فیصلہ کروگے؟،انہوں نے عرض کی:کتاب اللہ سے فیصلہ کروں گا،آپ ﷺ نے فرمایا: اگر تمہیں درپیش مسئلے کا جواب کتاب اللہ میں نہ ملے ،تو (کیا کرو گے؟)، انہوں نے عرض کی: رسول اللہ ﷺ کی سنت کی روشنی میں فیصلہ کروں گا، آپ ﷺ نے فرمایا:اگر تمہیں اس کا جواب کتاب اللہ اور سنتِ رسول اللہ (دونوں )میں نہ ملے ،(تو کیا کرو گے؟)، انہوں نے عرض کی: پھر میں اپنی رائے سے اجتہاد کروں گااور (کسی اورجانب )مڑ کر نہیں دیکھوں گا، پھر رسول اللہ ﷺ نے اُن کے سینے پر ہاتھ مارا اور فرمایا: اللہ کا شکر ہے کہ اُس نے اپنے رسول کے نمائندے کو ایسی توفیق عطا فرمائی جو رسول کی رضا کا باعث ہے ، (ابودائود: 3592)‘‘۔
قرآنِ مجید میںسورۃ الانبیاء،آیت:78میں ایک مقدمے کے حوالے سے حضرتِ دائود وسلیمان علیہما السلام کے اجتہادی فیصلے مذکور ہیں ،اُن میں سے ایک کو ہم ''حَسَن‘‘اور دوسرے کو ''اَحسن‘‘سے تعبیر کرسکتے ہیں ۔اسی طرح حالتِ احرام میں شکار کے حوالے سے المائدہ :95میں اللہ تعالیٰ نے مُحرِم پر فدیے کے حوالے سے فرمایا:دو مُنصِف اس کا فیصلہ کریں،ظاہر ہے اُن کا یہ فیصلہ اجتہاد پر مبنی ہوگا ۔دین کا اصول یہ ہے کہ جن امور کے بارے میں قرآن وسنت میںصریح نصوص اور احکام موجود ہیں ،اُن کے بارے میں اجتہاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔البتہ غیر منصوص مسائل میں اجتہاد کی گنجائش موجود ہے ،آئمہ کرام کے اجتہادات اسی اصول کے تحت آتے ہیں۔ مزید یہ کہ اجتہاد مقاصدِ شرعیہ کو حاصل کرنے کے لیے ہوتا ہے ،باطل کرنے کے لیے نہیں، ورنہ اللہ تعالیٰ کے حکم کو رد کرنے کے لیے تو ابلیس نے اجتہاد ہی کیا تھا ،قرآنِ مجید میں ہے:
(1)''اللہ تعالیٰ نے فرمایا:(اے ابلیس!)جب میں نے تجھے (آدم کو )سجدہ کرنے کا حکم دیا ،تو تم کو سجدہ کرنے سے کس چیز نے روکا تھا؟،اُس نے کہا:میں اُس سے بہتر ہوں ،(اے اللہ!) تو نے مجھے آگ سے پیدا کیا ہے اور اُس کو مٹی سے پیدا کیا ہے ، (اعراف:12)‘‘۔(2)اللہ تعالیٰ نے فرمایا:''(اے ابلیس!)تجھے کیا ہوا کہ تو نے سجدہ کرنے والوں کا ساتھ نہیں دیا ؟،اُس نے کہا: میں ایسے بشر کو سجدہ کرنے والا نہیں ہوں ،جس کو تونے بجتی ہوئی خشک مٹی کے سیاہ سڑے ہوئے گارے سے پیدا کیا ہے ، (الحجر: 32-33)‘‘۔سو ابلیس کا یہ اجتہاد اللہ تعالیٰ کے حکم کو رد کرنے کے لیے تھا اور جو اجتہاد اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسولِ مکرم ﷺ کے صریح حکم کو رد کرنے کے لیے کیا جائے ،وہ باطل ہوگا۔
ہمارے بعض تجَدُّد پسند دوست کہتے ہیں کہ اجتہاد پارلیمنٹ کرے گی ،سادہ سا سوال ہے کہ ہماری پارلیمنٹ جن عناصرِ ترکیبی کا مجموعہ ہے ،کیا اُن میں کتاب وسنت سے احکام مستنبط کرنے اور اجتہاد کرنے کی صلاحیت موجود ہے ؟۔ہمارے دستور میں قوانین کے کتاب وسنت کے مطابق ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرنے کے لیے ایک آئینی ادارہ ''اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ‘‘قائم کیا گیا ہے، لیکن پارلیمنٹ کے پاس فرصت ہی نہیں ہے کہ اِس ادارے کی سفارشات پر غور کرے ،ا ن پر بحث کرے اور ان کی منظوری دے۔ اگر پارلیمنٹ کو کسی قانون کے بارے میں شرحِ صدر نہ ہو تو نظرِ ثانی کے لیے دوبارہ اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کو بھیج سکتی ہے ۔ ہمارے میڈیا میں بیٹھے ہوئے خود ساختہ (Pseudo)ماہرین زبان اور قلم کے زور پریہ اختیارخودہی حاصل کرلیتے ہیں،وہ جس شعبے میں چاہیں ،اپنے شوقِ اجتہاد کو پوراکرسکتے ہیں ،ہر ایک کی نفی کرسکتے ہیں ۔ ہر ایک کی تجہیل و تحقیراُن کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ہاں! جب وہ اسکرین سے آف ہوجائیں تو پھر ہم جیسے انسان ہوتے ہیں،لیکن جب تک اسکرین پربراجمان ہوں ،تو پھر ماورائی مخلوق ہوتے ہیں۔
یقینا ہمارے مذہبی طبقات میں بھی کمزوریاں ہیں ،کیونکہ وہ بھی اِسی سرزمین کی پیداوار ہیں اورہمارے مجموعی قومی مزاج سے بالاتر نہیں ہیں ،ماسوا اِس کے کہ کسی فردیا افراد پر اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم ہوجائے ،کیونکہ مستثنیات ہر طبقے میں ہوتی ہیں ۔فقہی اعتبار سے سحر وافطار کے اوقات میں معمولی تقدیم وتاخیر یا بعض نمازوں کے اوقات میں معمولی فرق ہماری علمی وسائنسی اورصنعتی و معاشی ترقی میں رکاوٹ پیدا نہیں کرتا۔بعض دوستوں کو ہمیشہ دینی مدارس اور اہلِ مدارس سے گِلہ رہتا ہے،یقینا مدارس کے نظام میں بھی خامیاں اور کمزوریاں موجودہیں اور اُن کی اصلاح اور معیار کی بہتری کے لیے کوشش جاری رہنی چاہیے اوراصلاح کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
لیکن حال ہی میں فیڈرل سروس کمیشن آف پاکستان نے سی ایس ایس یعنی سینٹرل سپیریر سروسز آف پاکستان کے امتحانات کے تحریری نتائج کا اعلان کیا ہے ۔پورے پاکستان سے 9643طلبہ تحریری امتحان میں شریک ہوئے اورصرف 202پاس ہوئے اور نتیجے کی شرح 2.09فیصدرہی ، اللہ ہی جانے کہ زبانی انٹرویو کے بعد اِن میں سے کتنے سرخرو ہوتے ہیں ۔ یہ امر بھی ذہن میں رہنا چاہیے کہ ملک بھر سے ذہین طلبہ بھرپور تیاری کر کے مقابلے کے اِن امتحانات میں شریک ہوتے ہیں اور پھر یہی ہماری بیوروکریسی کی ریڑھ کی ہڈی بنتے ہیں ۔اِس سے ہمارے تعلیمی زوال کا بخوبی اندازا لگایا جاسکتا ہے، لیکن اس کا ملبہ مدارس پر نہیں ڈالا جاسکتا ،اس کے ذمے دارہمارے عصری تعلیم کے اسکول سے لے کر یونیورسٹی کی سطح تک کے ادارے ہیں ،جن میں طرح طرح کے پرائیویٹ انگلش میڈیم ادارے بھی شامل ہیں ۔اِسی طرح حال ہی میں انٹرمیڈیٹ اور سیکنڈری تعلیمی بورڈز کے نتائج کے اعلانات ہوئے ،کراچی کے نتائج بھی مُشتَبہ قرار پائے اور یہی صورتِ حال پنجاب کے مختلف بورڈز کے نتائج کی ہے ۔ہمارا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ہم ناکامیوں کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈال کر بریُ الذِّمہ ہوجائیں ،نہ ہی ہم دوسرے کی ناکامی کو جوازبناکر سرخرو ہوسکتے ہیں ، ہر ایک کواپنا حساب دینا ہے ،کیونکہ ہم ایک ملّت اور ایک قوم ہیں ۔ کسی بھی شعبے میں کامیابی سب کی کامیابی ہے اور ناکامی کا وبال بھی سب کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔آج کل ہم قومی سطح پر بھی انتشار کا شکار ہیں اور سیاسی قیادت اپنی اجتماعی دانش سے مسائل کا حل نکالنے میں ناکام ہے اورایسے عالَم میں کہ ہر جانب سے ہماری سرحدوں پر حالات حسّاس ہیں ، ہمیں آپس کی جوتم پیزار سے ہی فرصت نہیں ہے ۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved