''ماہ نو‘‘ کا جوش ملیح آبادی نمبر
آرٹ پیپر پر چھپے بڑی تقطیع میں‘ اس رسالے کی قیمت 400 روپے رکھی گئی ہے جبکہ برصغیر کے کم و بیش تمام جید اہل قلم کی نگارشات اس میں شامل ہیں، جن میں جوش پر لکھے گئے مضامین‘ تاثرات‘ خطوط، منظومات اور شاعر کی تصاویر شامل ہیں۔ جوش کے مداحین کے لیے یہ ایک انمول تحفہ ہو سکتا ہے۔
پاکستانی ادب2010ء
یہ انتخاب اکادمی ادبیات نے شائع کیا ہے جس کے مرتبین ادریس بابر اور صابر ظفر ہیں جو کہ شاعری پر مشتمل ہے اور اس کی قیمت 250 روپے رکھی گئی ہے۔ چونکہ دونوں مرتبین خود مصروف شاعر ہیں‘ اسے 2016ء کی نمائندہ شاعری کہا جا سکتا ہے جبکہ اسے عمدہ سفید کاغذ پر چھاپا گیا ہے۔
کتابی سلسلہ مکالمہ 24,23
شاعر اور نقاد مبین مرزا کی ادارت میں کراچی سے شائع ہوتا ہے۔ بسا غنیمت ہے کہ اب یہ دوماہی یا سہ ماہی ہو گیا ہے جبکہ پہلے سالہ یا دو سالہ ہوا کرتا تھا۔ اس میں نامور اہلِ قلم کی تخلیقات شامل ہیں اور ہر صنف ادب کو نمائندگی دی گئی ہے۔ ٹائٹل دونوں شماروں کے دیدہ زیب اور گیٹ اپ عمدہ، اپنے معیار کو قائم رکھتا ہے۔
صحیفہ، 225-224
مجلس ترقی ادب لاہور کی طرف سے ڈاکٹر تحسین فراقی اسے شائع کرتے ہیں۔ بنیادی طور پر یہ ایک تنقیدی بلکہ تحقیقی جریدہ ہے۔ موجودہ شمارہ میں پانچ وسیع مضامین مجلس کی کارگزاری اور رفتار ادب شامل کیے گئے ہیں۔ گیٹ اپ نہایت عمدہ اور قیمت 250 روپے ہے۔
ماہنامہ ادب لطیف
1935ء سے شائع ہونے والا یہ رسالہ شاہد بخاری کی ادارت میں چھپتا ہے، جس کی مدیر اعلیٰ صدیقہ بیگم ہیں۔ قیمت موجودہ شمارہ 200 روپے ہے۔ بانی چوہدری برکت علی کی یاد میں شائع کیا جاتا ہے۔ معیاری نظم و نثر کا یہ مجموعہ اپنی ایک الگ پہچان رکھتا ہے اور اس کی اشاعت کا باقاعدہ انتظار رہتا ہے۔
ماہنامہ''فانوس‘‘ لاہور
اس کے بانی قدیر شیدائی (مرحوم) ہیں جو خالد علیم کی ادارت میں شائع ہوتا ہے جبکہ موجودہ جو خاص نمبر ہے اس کی قیمت 200 روپے ہے جس میں سینئر شاعر ممتاز اظہر کا گوشہ شائع کیا گیا ہے جبکہ محمد شکور طفیل کے قلم سے مولانا ابوالکلام آزاد کی سیاسی پیشگوئیوں کے محاکمے پر محاکمہ شائع کیا گیا ہے۔ اپنے معیارکی عمدگی برقرار رکھتا ہے۔
ماہنامہ ''تخلیق‘‘ لاہور
بانی اظہر جاوید‘ اب ان کے صاحبزادے سونان اظہرجاوید اسے شائع کرتے ہیں۔ قیمت فی شمارہ 250 روپے ہے۔ ڈاکٹر مبارک علی‘ امجد اسلام امجد‘ انور سدید‘ رشید امجد‘ نیلم احمد بشیر‘ جواز جعفری‘ مشکور حسین یاد‘ خالد اقبال یاسر‘ سعود عثمانی‘ سلمی اعوان اور دیگران کے مضامین، نظمیں شامل ہیں۔
عکاس انٹرنیشنل اسلام آباد
ارشد خالد کی ادارت میں شائع ہوتا ہے۔ ٹائٹل پر افسانہ نگار جوگندر پال کی تصویر ہے جبکہ ڈاکٹر انور سدید کا گوشہ شامل کیا گیا ہے۔ جوگندر پال کی تخلیقات سے انتخاب شائع کیا گیا ہے جبکہ شعر میں ایوب خاور اور نثر میں حیدر قریشی نمایاں ہیں۔ کم و بیش ہر صنفِ ادب کو نمائندگی دی گئی ہے۔
سہ ماہی''مدحت‘‘ لاہور
سرور حسین نقشبندی کی ادارت میں شائع ہونے والے اس رسالے میں حمدیں‘ نعتیں اور دینی تحریروں پر تحقیقی و تنقیدی مقالے شامل ہیں جبکہ سید نصیر الدین نصیرؔ گیلانی کے فکر و فن پر گوشہ شائع کیا گیا ہے۔ شخصیات پر مضامین اور منظوم خراج عقیدت اس کے علاوہ ہے۔ 438 صفحات پر مشتمل اس شمارے کا ہدیہ 300 روپے ہے۔
کتابی سلسلہ''غنیمت‘‘
یہ رسالہ کراچی اور گجرات سے شائع ہوتا ہے جس کے مدیر اکرم کنجاہی ہیں۔ گوشۂ انور شعور اس کی خصوصی پیشکش ہے۔ رسالے میں جملہ ادبی اصناف کو نمائندگی دی گئی ہے اور اس کے موجودہ شمارے کی قیمت 125روپے ہے جو کہ مناسب ہے۔ انور شعور کی شاعری پر ڈاکٹر فاطمہ حسن‘ سحر انصاری کے توصیفی مضامین ہیں۔
سہ ماہی''الزبیر‘‘ بہاولپور
یہ اردو اکیڈیمی بہاولپور کی جانب سے شائع کیا جاتا ہے جس کے مدیر ڈاکٹر شاہد حسن رضوی ہیں۔ ڈاکٹر معین الدین عقیل‘ ڈاکٹر تحسین فراقی اور دیگران کے مضامین شامل ہیں۔ افسانہ‘ انشائیہ اور سفرنامہ کے علاوہ مجلس شعر و سخن بھی برپا کی گئی ہے۔ دو سو اسی صفحات کے اس جریدے کی قیمت 500 روپے ہے جو زیادہ ہے۔
ادبی سلسلہ ''زربفت‘‘ لاہور‘ نارووال
اے سرور امان نکالتے ہیں۔ موجودہ شمارہ سید یونس اعجاز نمبر ہے جن کی تصویر بھی ٹائٹل پر شائع کی گئی ہے اور اس کی قیمت 300 روپے رکھی گئی ہے۔ صفحات 175، اندرونی سرورق سید یونس اعجاز کی ہمعصر ادیبوں اور ایک مشاعرے کی تصویر ہے۔ پس سرورق بھی اسی شاعر کی بڑی تصویر ہے جو بجھی بجھی اور صاف نہیں ہے۔
ماہنامہ ''رباط‘‘ لاہور
اس کے چیف ایڈیٹر محمد ساجد ہیں اور اس میں بابا محمد یحییٰ خان کا خصوصی انٹرویو شائع کیا گیا ہے۔ مضامین نظم و نثر پر مشتمل اس رسالے کی قیمت50 روپے رکھی گئی ہے جو مناسب ہے۔ سوائے ڈاکٹر ضیاء الحسن کے کوئی معروف ادیب یا شاعر اس میں نظر نہیں آتا۔
کالج میگزین''تھل‘‘
یہ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج لیہ سے شائع ہوتا ہے جس کے مدیر ڈاکٹر افتخار بیگ ہیں۔ اسے 2015-16ء کا تخلیقی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔ جملہ اصناف ادب کوکور کیا گیا ہے، قیمت درج نہیں۔
ماہنامہ ترنجن
لاہور سے ڈاکٹر صغریٰ صدف پلاک کے زیر اہتمام شائع کرتی ہیں۔ پنجابی زبان کے معیاری پرچوں میں سے ہے۔ اندرون سرورق پلاک میں برپا ہونے والی ادبی تقاریب کی تصاویر ہیں۔ راشد حسن رانا کا گوشہ شامل ہے اور معیاری نظم و نثر کے نمونے، اس کی قیمت 100روپے رکھی گئی ہے۔
''پیلوں‘‘ ۔۔۔ 15
یہ سہ زبانی پرچہ ملتان سے ڈاکٹر انوار احمد کی ادارت میں چھپتا ہے۔ لکھنے والوں میں مبارک علی‘ سلیم اختر، ناصر عباس نیّر‘ رشید امجد‘ اسلم انصاری ‘ اے بی اشرف‘ علی تنہا، زاہدہ حنا ‘ غلام حسین ساجد شامل ہیں۔ پنجابی‘ اردو اور سرائیکی میں چھپنے والے اس رسالے کی قیمت 250 روپے ہے۔
آج کا مطلع
وصل کا رنگ جمایا نہیں جاتا مجھ سے
یہ وہ کھانا ہے جو کھایا نہیں جاتا مجھ سے