تحریر : بابر اعوان تاریخ اشاعت     12-12-2016

باقی سب خیریت ہے!

کل بھوشن یادیو نے بلوچستان، اندرونِ سندھ اور کراچی سمیت دہشت گردی کے نیٹ ورکس پکڑوا دیے۔ وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ ترین ''بابے‘‘ کی نظر میں کل بھوشن یادیو بے قصور نکل آیا... باقی سب خیریت ہے۔
ایئر بلیو کا طیارہ مارگلہ سے ٹکرایا 200 گھر اجڑ گئے۔ نہ کوئی مجرم، نہ ذمہ دار، نہ معاوضہ۔ انسانی جان آلو سے بھی سستی... باقی سب خیریت ہے ۔
مودی کا اعلان جنگ۔ پاکستان کو اکیلا کر دیں گے۔ مودی کے یار اپنوں پر ہی برستے رہ گئے۔ پاکستان کا دفاع کرنے کی ذمہ دار وزارت زنانہ قسم کے طعنے اور کوسنے لے کر اپوزیشن پر چڑھ دوڑی... باقی سب خیریت ہے۔
ملک بھر میں سردی فریزنگ پوائنٹ پر پہنچ چکی ہے۔ ابھی تک قطر سے آنے والی گیس خواب ہے یا پھر سراب... باقی سب خیریت ہے۔
سال 2018ء تک لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ اور اگر تین ماہ، چار ماہ، آٹھ ماہ، ایک سال، دو سال، تین سال، چار سال یا پھر پانچ سال میں لوڈ شیڈنگ ختم نہ کر سکا تو پھر میرا نام لوڈ شیڈنگ شریف رکھ دینا... باقی سب خیریت ہے۔
ہارٹ آف ایشیا کانفرس میں اشرف غنی اور نریندر مودی پاکستان کو دھمکیاں دیتے رہے اور پوری دنیا سنتی رہی۔ سرتاج عزیز امرتسر سے باعزت بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے... باقی سب خیریت ہے۔
پی آئی اے کا ایک اور اے ٹی آر طیارہ گر پڑا۔ نہ فنی خرابی، نہ انسانی ہاتھ ذمہ دار۔ پچاس خاندان انگاروں پر لوٹ رہے ہیں... باقی سب خیریت ہے۔
لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران 25 ڈکیتیاں ہوتی ہیں۔ مجرموں پر سیاست کی چھتری چھا گئی... باقی سب خیریت ہے۔
دھنیا، میتھی، آلو، ٹماٹر اجنالہ، امرتسر، جاتی امرا اور چندی گڑھ سے آتے ہیں اوکاڑہ، لائل پور، سرگودھا، پنڈی اور ملتان کے کسان ہلکان... باقی سب خیریت ہے۔
پاناما کیس چلتا رہا، چلتا رہا، چلتا رہا‘ چلتا ہی رہا‘ چلتے چلتے تھک گیا اور پھر رُک گیا۔اگلے سال پھر چلے گا اور چلتا ہی رہے گا... باقی سب خیریت ہے۔
لوڈ شیڈنگ عوام کی جان کو آ گئی۔ درزی، لانڈری والا، تندور والا، بیوٹی پارلر اور ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں موبائل کی بتی جل رہی ہے... باقی سب خیریت ہے۔
نواز شریف مودی، اشرف غنی، سعودی شہزادے، لبنانی شہزادے، اور قطری شہزادے کے بعد امریکہ کے انتہائی شریف صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو بھی پسند آ گئے۔ اس کی وجہ ان کے سوٹ ہیں، ٹائیاں، آسمانی پتھر والی گھڑی، ہیئر سٹائل یا پھر انگریزی۔ وجہ دریافت کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے کمیشن بنانے پر غور کے لیے کمیٹی بنا دی... باقی سب خیریت ہے۔
فلیٹ ہمارے ہیں، ملیں ہماری، جائیداد ہماری، نہ بینک اکائونٹ، نہ چیک بک، نہ ذرائع آمدن، نہ منی ٹریل‘ پیسے پتہ نہیں کون دے گیا... باقی سب خیریت ہے۔
بے روزگاری کی انتہا، خود کشیاں، فاقے، جمہوریت دشمنوں کا پروپیگنڈا ہے۔ ملک کے 50/60 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزار رہے ہیں... باقی سب خیریت ہے۔
پی آئی اے کے جہاز نے فلسطینیوں کے خلاف بننے والی اسرائیلی فلم کی شوٹنگ میں پورے جذبہ ایمانی سے حصہ لیا۔ فلسطینی بھائی ہم سے کس بات پر ناراض ہیں‘ معلوم نہیں ہو سکا... باقی سب خیریت ہے۔
ایک طیارہ 53 لاکھ روپے میں فروخت کیا‘ دوسرے کو عوام کی سہولت کے لیے 67 لاکھ روپے میں بیچ ڈالا۔ ہم نے ہوائی جہاز، کاروں سے بھی سستے کر دیے۔ اس کے باوجود لوگ نہ جانے کیوں مہنگائی پر شور مچا رہے ہیں... باقی سب خیر یت ہے۔
خودکشی کرنے والوں کو روکنے کے لیے نئی پولیس بنائیں گے اور اس پولیس کو ایسے اختیارات دیں گے کہ لوگ خودکشی کرنا بھول جائیں تھانہ کلچر بھی بدل گیا... باقی سب خیریت ہے۔
جنگلہ دیا، سریا دیا، تندور دیا، انڈہ دیا‘ ہم پیٹ بھر بھر کر رج گئے۔ لوگ اس پر راضی ہیں کہ ان کے لیے ان کی زندگی کی چار بنیادی ضرورتیں پوری ہو گئیں تو پھر زور سے کہو... باقی سب خیریت ہے۔
کرپشن کے بڑے کھلاڑی پکڑنے سے انکار۔ اداروں نے طے کر دیا کہ پنجاب میں کوئی کرپشن نہیں ویسے بھی کرپٹ تو صرف پٹواری، کلرک، قلی اور چپڑاسی ہوتے ہیں... باقی سب خیریت ہے۔
امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، جاپان، ملائیشیا، چین اور کوریا نے ترقی کرنے کے لیے پنجاب سپیڈ کا پاناما ماڈل طلب کر لیا۔ دنیا جان لے یہی جمہوریت کا اصلی پھل ہے... باقی سب خیریت ہے۔
پنجاب پولیس دنیا بھر میں اصلی پولیس مقابلوں کا عالمی مقابلہ جیت گئی‘ اس سخت ترین مقابلے میں پنجاب پولیس کی بلا مقابلہ کامیابی پر خادم اعلیٰ کو مبارک بادیں... باقی سب خیریت ہے۔
انصاف کی تلاش میں تحریک انصاف کے سربراہ کا چپل ٹوٹ گیا۔ سٹیٹس کو نہ ٹوٹ سکا... باقی سب خیریت ہے۔
74 دن مقدمہ چلنے کے بعد انصاف بری ہو گیا۔ مبارک ہو پاکستانیو مبارک۔ مقدمہ پھر Zero پوائنٹ سے شروع ہو گا... باقی سب خیریت ہے۔
انسانی حقوق کا تحفظ کر رہے ہیں‘ (وزیر اعظم نواز شریف)۔ کرپٹ افراد، بے عزت اور بے شرم ہیں۔ بدعنوان لوگ سینہ تان کر ایسے بات کرتے ہیں جیسے ان سے بڑا ایماندار کوئی نہیں‘ (صدر ممنون حسین)... باقی سب خیریت ہے۔
پنجاب میں 12 گھنٹے کی مسلسل لوڈشیڈنگ کا ریکارڈ بن گیا۔ لیسکو، گیسکو، فیسکو اور نیسکو کو کریڈٹ نہیں جاتا‘ یہ سب خادم اعلیٰ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ محنت جاری رہے گی، بجلی کے مکمل خاتمے تک... باقی سب خیریت ہے۔
منکیرہ تحصیل میں قطری شہزادوں نے چنے کی فصلوں کو فتح کر لیا۔ تلور کے شکار سے بھی پہلے ملتان پولیس نے کسانوں کا شکار کر لیا۔ قطری شہزادے خوش رہیں۔ پرندے اجاڑے یا فصلیں... باقی سب خیریت ہے۔
پنجاب میں نئے میئرز اور ڈپٹی میئرز کو گلے میں ہار ڈال کر فوٹو بنوانے کی اجازت مل گئی۔ اختیارات خادم اعلیٰ کے دفتر میں رہیں گے... باقی سب خیریت ہے۔
طیارہ حادثہ کے شہدا کی شناخت کے لیے DNA ٹیسٹ کا عمل تیز۔ کئی دن مزید لگیں گے... باقی سب خیریت ہے۔
عمران خان کو اب بھاگنے نہیں دیںگے: (ن لیگ)‘ دوبارہ ضرورت پڑی تو سب سے پہلے خود بھاگیں گے‘ کسی اور کو بھاگنے کا ریکارڈ توڑنے کی اجازت نہیں ہو گی... باقی سب خیریت ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے10 ممبروں کی تقرری کا معاملہ لٹک گیا۔4 سے زیادہ شادیوں کے امیدوار پریشان۔ مولانا شیرانی خوش و خرم... باقی سب خیریت ہے۔
انسانی حقوق کا عالمی دن، کرپشن کے خلاف عالمی دن، بچوں کے حق میں عالمی دن، بھٹہ مزدوروں کے لیے عالمی دن، دھند ختم کرنے کے لیے عالمی دن، کسانوں کے تحفظ کے لیے عالمی دن، انصاف کی فراہمی کے لیے عالمی دن‘ غربت کے خاتمے کے لیے عالمی دن۔ کوئی اور رہ گیا ہے تو ہاتھ کھڑا کرے... ورنہ باقی سب خیریت ہے۔
خارجہ پالیسی ناکام نہیں ہوئی۔ خارجہ پالیسی ناکام ہوتی تو قطری شہزادے، لبنانی شہزادے، سعودی شہزادے، دیسی شہزادوں کی نجات کے لیے کیوں دوڑے آتے۔ بس کروں یا شہزادے بلوا لوں کیونکہ... باقی سب خیریت ہے۔
فوری انصاف پنجاب میں سب سے سستا ہو گیا۔ جسے یقین نہ آئے لاہور کی سڑکوں پر ڈکیٹی کرنے والوں سے پوچھ لے یا تھانے میں ڈکیتی کا پرچہ درج کروانے کا ریٹ پوچھ لے... باقی سب خیریت ہے۔
پنجاب کے سرکاری ہسپتال بے مثال ہیں۔ لندن میں نزلہ زکام کا چیک اپ کروانے کے بعد خادم اعلیٰ کا انکشاف۔ جسے یقین نہ آئے وہ ہسپتال داخل ہو کر دیکھ لے۔ اسے کہتے ہیں صحت کا دھماکہ... باقی سب خیریت ہے۔
راشن نہیں ملتا، تحفظ نہیں ہے، نوکری خریدنا پڑتی ہے، ڈگریوں میں پکوڑے بھی نہیں باندھے جا سکتے، امیروں کی جنت اور غریبوں کا جہنم اپنا اپنا ہے‘ اور دولت کی تقسیم ظالمانہ ہے منصفانہ نہیں۔ حکمران عوام سے ڈر کر بنکروں اور مورچوں میں چھپے بیٹھے ہیں... باقی سب خیریت ہے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved