تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     06-01-2017

سُرخیاں، متن، ٹوٹا اور قاسم عرف لڈو

عالمی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی 
ہماری کامیابی ہے...نوازشریف
وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''عالمی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی ہماری کامیابی ہے‘‘ اور اُمید ہے کہ سپریم کورٹ بھی فیصلہ کرتے وقت ان کامیابیوں کا خیال رکھے گی اور ہماری حوصلہ افزائی کرے گی جو در حقیقت پاکستان کی حوصلہ افزائی ہو گی کیونکہ اب تو میں مکمل طور پر پاکستان کا متبادل ہو چکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ''سی پیک میں صوبوں کی نمائندگی خوش آئند ہے‘‘ اگرچہ چھوٹے صوبے اس سے غیر مطمئن ہیں اور بار بار اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں لیکن ترقی کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ ہم خود ترقی کی ایک علامت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''مٹیاری ٹرانسمیشن لائن منصوبے پر سرگرمی سے عمل کیا جائے ‘‘ اور ہماری روشن مثال سامنے رکھی جائے کہ ہم دونوں ہاتھوں کے ساتھ کس سرگرمی سے خدمت کر رہے ہیں اور ہم پر سب سے بڑا الزام بھی یہی ہے یعنی نیکی برباد گناہ لازم، ہیں جی؟ آپ اگلے روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
سی پیک کے لیے ہر طرح کا تعاون 
کریں گے... آصف علی زرداری
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''سی پیک کے لیے ہر طرح کا تعاون کریں گے‘‘ اور ہر طرح کے تعاون کا مطلب حکومت خوب اچھی طرح سمجھتی ہے یعنی ہماری طرف سے وہ بالکل بے فکر ہو جائے جبکہ بلاول اور خورشید شاہ وغیرہ کے بیانات عوامی استعمال کے لیے ہیں کیونکہ ہم نے الیکشن بھی لڑنا ہے اور فرینڈلی اپوزیشن بن کر ہم پہلے ہی بہت بدنام ہو چکے ہیں اور عوام اب ان قلابازیوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''منصوبے پر سیاست نہیں کریں گے‘‘ کیونکہ سیاست کرتے ہمیں ویسے بھی شرم آتی ہے کہ پچھلی دفعہ کی سیاست کا انجام ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ چکے ہیں اور خدا لگتی بات تو یہ ہے کہ پنجاب میں ہمیں سیاست کرنے کی ضرورت ہی نہیں اور ہمارے لیے سندھ کی سیاست ہی کافی ہے جہاں ایک سے بڑھ کر ایک ہمارا فرنٹ مین دونوں ہاتھوں سے مصروف ہے۔ آپ اگلے روز کراچی میں ایک بیان دے رہے تھے۔ 
پاناما کیس دو تین ہفتوں میں نمٹ
جائے گا... خواجہ محمد آصف
وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ''پاناما کیس دو تین ہفتوں میں نمٹ جائے گا‘‘ اور اصل فکرمندی کی بات بھی یہی ہے اور اوپر سے سپریم کورٹ نے اس کی روزانہ سماعت کا بھی اعلان کر دیا ہے اس لیے سمجھ میں نہیں آتا کہ اگر عدالت نے سارا وقت اسی پر صرف کر دیا تو باقی زیرِ سماعت مقدمات کا کیا بنے گا جبکہ اس کے علاوہ التواء دینے سے بھی معذرت کر دی ہے، آخر وکلاء کو کوئی ذاتی مجبوری بھی ہو سکتی ہے، تاہم ہم نے اپنے وکلاء کو ہدایت کر دی ہے کہ التواء لینے کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی تیار رکھا کریں کیونکہ ہمارے وکلاء کی طبیعت تو ویسے بھی ناساز سی رہتی ہے اور شفاء صرف منجانب اللہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''طوطا فال والوں کی پیشین گوئیاں غلط ثابت ہوئیں‘‘ اگرچہ ہمارے نجومی بھی کوئی خیر کی خبر نہیں سناتے جس سے وزیراعظم کی بھُوک ہی ختم ہو گئی ہے اور ناشتے میں وہ صرف قوم کا غم کھاتے ہیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دے رہے تھے۔
عمران خان جھوٹ بھی دیدہ دلیری سے
بولتے ہیں... مریم اورنگ زیب
وزیرِ مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''عمران خان جھوٹ بھی دیدہ دلیری سے بولتے ہیں‘‘ اگرچہ ہمیں اس سے زیادہ جھوٹ بولنا پڑتا ہے کیونکہ پرویز رشید صاحب کی یہ ذمہ داری میرے نازک کندھوں پر آپڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''شکست ان کا مقدر بن چکی ہے‘‘ اس لیے اگر فیصلہ ان کے حق میں آجائے تب بھی وہ اسے اپنی شکست ہی سمجھیں جبکہ ہم اسے بھی شکستِ فاتحانہ ہی سمجھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''یوٹرن خاں کو قوم پہچانتی ہے‘‘ اور خدا کا شکر ہے کہ قوم ابھی ہمیں نہیں پہچان پائی اور خدا کرے کہ اس کی عقل پر پردہ ہی پڑا رہے اور ہمارا بھرم اسی طرح قائم رہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں۔
ناواجب سزا
خادمِ اعلیٰ نے ایک مریضہ کو فرش پرلٹانے کے سلسلے میں جو انکوائری کمیٹی مقرر کی تھی اس کی رپورٹ پر جناح ہسپتال کے ایم ایس کو معطل کر دیا گیا ہے یعنی طویلے کی بلا بندر کے سر۔ اصل معاملہ تو یہ ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں بستروں کی شدید قلت ہے اور ایک ایک بیڈ پر تین تین مریض پڑے ہوتے ہیں۔ ایم ایس اضافی بستر وہاں گھر سے لا کر تو نہیں ڈال سکتا تھا۔ اپنی طرف سے حکومت نے فوری ایکشن لیا ہے لیکن اس کوتاہی کی اصل ذمہ دار صرف اور صرف حکومت ہے جو اورنج لائن ٹرین کے منصوبے پر تو اربوں روپے پانی کی طرح بہا رہی ہے لیکن عوام کی اصل تکالیف کو مسلسل نظر انداز کرتی چلی جا رہی ہے۔ عرض کرنے کا مقصد یہ ہے کہ جتنا پیسہ اس منصوبے پر خرچ کیا جا رہا ہے اس سے ہسپتالوں کی ناگفتہ بہ حالت کو نہ صرف بہتر بنایا جا سکتا تھا بلکہ اس سے کئی نئے ہسپتال بھی تعمیر کیے جا سکتے تھے۔ چنانچہ اپنے معمول کے مطابق حکومت نے ایم ایس کو قربانی کا بکرا ہی بنایا ہے۔
قاسم صاحب
قاسم عرف لڈو آفتاب کے نہ صرف ذاتی ڈرائیور ہیں بلکہ دوسرے ڈرائیورز‘ گارڈز اور دیگر ملازمین کے مانیٹر بھی ہیں۔ کئی دن سے موصوف کا اصرار تھا کہ آپ ہر روز کالم لکھتے ہیں، میں جو اتنی خدمت کر رہا ہوں تو چند سطریں مجھ پر لکھ دیں۔ چند ماہ پہلے موصوف کی شادی ہوئی ہے شاید اسی لیے وہ اپنے آپ کو کچھ زیادہ ہی لاڈلا بنا کر پیش کر رہے ہیں جب کہ موصوف میں کوئی ایسی خصوصی صفت نہیں ہے کہ ان کو کالم کا موضوع بنایا جا سکے۔ تاہم، ان کی دلیل یہ ہے کہ آپ جو شاعروں ادیبوں پر اتنے صفحے کالے کرتے رہتے ہیں اس کا کیا فائدہ اور مجھ پر ایک کالم لکھنے میں کیا نقصان ہے، وغیرہ وغیرہ۔ آپ میرے بھی چھوٹے موٹے مسئلے حل کرتے رہتے ہیں اس لیے وہ ضروری سمجھتے ہیں کہ کم از کم کالم میں اُن کا ذکرِ خیر تو ہو جائے۔ چنانچہ میں سنجیدگی سے سوچ رہا ہوں اور یہ معلوم کرنے میں نا کام ہوں کہ آیا اُن میں واقعی کوئی خوبی ایسی بھی ہے کہ اُن کا ذکر کرنے کا کوئی جواز ہو سکے۔ اس لیے فی الحال معذرت!
آج کا مطلع 
حدِ سفر مری کیا ہے تجھے بتا سکتا
یہ بارِ دوش اگر اور بھی اٹھا سکتا

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved