تحریر : نذیر ناجی تاریخ اشاعت     08-01-2017

مستقل قریب میں جھانکیے

مشہور جیمز بانڈ فلمThe man With Golden Gunجو کہ سال1974ء میں ریلیز ہوئی تھی، اس میں اڑنے والی کار کے خواب کو پردہ سکرین پر دکھایا گیا تھا جو کہ آج امریکہ میںحقیقت بن کے بکنے کو تیار کھڑی ہے۔
---------------------
ایسا لباس بنانے کی دوڑ جاری ہے‘ جو زمین کی کشش ثقل کی شدت کو کم یا ختم کر دے۔ جس کا مطلب یہ ہو گا کہ یہ لباس پہن کر اگر کوئی شخص اونچائی سے گر جاتا ہے‘ تو زمین کے قریب پہنچنے پر 2فٹ کی بلندی سے وہ لباس انسان کو واپس اونچائی کی جانب کھینچے گا اور پھر دوبارہ سے نیوٹرل ہو جائے گا۔ سادہ زبان میں اس کا ترجمہ یہ ہے کہ 20ویں منزل سے گرنے کے باوجود زمین سے ٹکراتے وقت جسم کو جو نقصان پہنچنے گا‘ وہ محض 2فٹ کی اونچائی سے گرنے والا ہو گا۔
---------------------
دبئی کے فائرفائٹرز کو ایسا لباس میسر ہے‘ جو خود یا کنٹرولر کی مدد سے فائرفائٹر کو اڑا کر عمارت کی اونچی منزلوں تک لے جاتا ہے۔ اب اس لباس میں مزید جدت پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے، جس کے بعد یہ لباس پہن کر آپ بھڑکتی آگ کے شعلوں میں نہ صرف چہل قدمی کر سکتے ہیں بلکہ دھوئیں اور آگ سے سلگتا ہوا کوئی بھی مقام فائرفائٹر کو دوسرے زندہ جسموں کا پتہ دے گا تاکہ اگر کوئی شخص دھوئیں سے بیہوش پڑا ہے تو اس کی نشاندہی بھی فائرفائٹرکا لباس کرے گا۔
---------------------
امریکی فوجیوںکے مستقبل کے یونیفارم کے جن ماڈلز پر کام ہو رہا ہے‘ وہ آج شاید افسانہ دکھائی دیں۔ مگر آج کی تمام تر حیرت انگیز ایجادات محض چند سال قبل کسی دیوانے کا خواب لگا کرتی تھیں۔ مجوزہ لباس کو ایک ننھامنھا ٹینک قرار دیا جا سکتا ہے کہ یہ لباس خود ایک ٹھوس مادے کا ہے‘ جس کا دروازہ کھول کے فوجی اس میں داخل ہوا کریں گے۔ 
---------------------
ایسی گھڑیاں اب دنوںمیں مارکیٹ میں آ جائیں گی‘ جو انسان کی صحت کے آئینے کا کام دیں گی۔ یہ گھڑیاں اپنے مالک کی کلائی سے نہ صرف شوگر‘ بلڈپریشر وغیرہ کے بارے میں آپ کو باخبر رکھیں گی بلکہ کینسر جیسی پیچیدہ بیماری کے آثار نمودار ہوتے ہی ریڈالرٹ کا شور مچا دیں گی۔ یہ گھڑیاں نہ صرف بیماری بتایا کریں گی بلکہ اس بیماری کے لئے دستیاب ادویات کی نشاندہی بھی کر دیا کریں گی۔ 
---------------------
موبائل فون کے ان APS پر کام جاری ہے‘ جو محض چند ماہ کے بعد مفت میں دستیاب ہوں گے اور آپ کی جسمانی صحت کے بارے میں آپ کو مکمل باخبر رکھیں گے اور کسی پیچیدگی کی صورت میں علاج بھی بتایا کریں گے۔ 
---------------------
آنے والے ایپس میں قانونی معاملات پر مشورے کے لئے بے پناہ کام ہو رہا ہے اور اب مستقبل پرنظر رکھنے والے ماہرین‘ قانون پڑھنے والے طلبا کو مشورہ دے رہے ہیں کہ مستقبل قریب میں ہی قانون کے شعبے میں صرف ماہرین دکھائی دیں گے جبکہ درمیانے درجے کے وکیل مکمل طور پر بیروزگار ہوں گے۔کیونکہ ہر موبائل فون رکھنے والا شخص قانونی معاملات پر سوال اپنے ہی فون سے پوچھے گاا ور بغیر فیس ادا کئے اسے پیشہ ورانہ جواب مل جائے گا۔ ماہرین کا مشورہ یہ ہے کہ اگر آپ قانون کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جس میں آپ کو خاص دلچسپی نہیں تو اس تعلیم کو بند کر دیں۔ یہ ان کے کسی کام نہیں آئے گی۔
---------------------
دنیا کی سب سے بڑی ٹیکسی کمپنی UBER ہے۔ جس کے پاس اپنی ایک بھی گاڑی نہیں۔ 
---------------------
لندن میں چلنے والی بلیک کیب جس کا لائسنس کم از کم چار سال کی دن رات محنت اور انتہائی غیرمعمولی یادداشت رکھنے والے کو ہی نصیب ہوا کرتا تھا‘ آج UBER نے بلیک کیب ڈرائیور کی اجارہ داری کو اس طرح چیلنج کیا ہے جو کسی کے وہم و گمان میں نہ تھا۔ لندن کے راستوں کے ماہر سمجھے جانے والے آج ایک بچے کے سامنے خاموش ہیں‘جس کے ہاتھ میںموبائل فون ہے۔
---------------------
مترجم کے فرائض انجام دینے کی ایک ڈیوائس مارکیٹ میں آ چکی ہے‘جس سے آپ انگلش زبان میں بات کریں اور وہ ڈیوائس اس کا ترجمہ چینی‘ جاپانی‘ اطالوی‘ سپینش‘ جرمن‘ فرینچ زبان میں کر کے دوسرے انسان کو پہنچائے گی۔مخاطب اپنی زبان میں جواب دے گا۔ ڈیوائس انگلش میں ترجمہ کر کے آپ کو بتا دے گی۔
---------------------
جلد ہی دنیا میںبولی جانے والی تمام زبانیں ایک ہی زبان کا روپ اختیار کر لیں گی۔ ہر انسان دوسرے سے اپنی مقامی زبان اور لہجے میں بات کرے گا اور اسے سمجھا جائے گا۔ 
---------------------
آنکھوں میں ڈالے جانے والے ایسے کنٹیکٹ لینزز پر کام جاری ہے جو کہ مخاطب کے چہرے کے خدوخال کا جائزہ لے کر ہرلمحہ آپ کو باخبر کر رہے ہوں گے کہ آپ کا مخاطب سچ بول رہا ہے یا جھوٹ۔ اندازہ لگایئے! محض اس ایک ایجاد سے معاشرتی اور سماجی نظام کتنے بڑے طوفانوں کی لپیٹ میں آئے گا؟ ان آلات کی موجودگی میں جو بولنے والے کے باطن کو ظاہرکردیں گے سیاست کیسی ہو گی؟عدالتوں میں دی جانے والی گواہیاں اور ان پر جرح کرتے وکیل ‘ دنیا بھر میں پولیس‘کسٹمز‘ڈرگ انفورسمنٹ کی پیشہ ورانہ زندگیوں میں کتنے بڑے انقلاب آئیں گے؟ 
---------------------
کائنات کے بارے میں اب تک کے دستیاب علم نے ہمیں یہی بتایا کہ یہ کائنات بشمول زمین مادے سے بنی ہے۔ یعنی الیکٹران‘ نیوٹران اور پر وٹون کائنات کی اکائی ہیں۔ آج انکشاف ہو رہا ہے کہ مادہ جس میں تمام بجھتے‘ سلگتے ستارے‘ سیارے اور کہکشائیں شامل ہیں‘ کائنات کا محض 4فیصد ہے۔ اس کائنات میں سب سے بڑا حصہ ڈارک انرجی کا ہے یعنی 72فیصد۔ جس کے بعد ڈارک میٹرکا ہے یعنی 24فیصد۔ یہ دونوں انسان کی آنکھوں سے پوشیدہ تھے اور آج سامنے آئے ہیں‘تو پتہ یہ چلا کہ کائنات کا 96فیصد حصہ ان دونوں پر مشتمل ہے۔ 
---------------------
ایک وقت آئے گا جب بالخصوص کاروں اور موٹروں کی انشورنس بالکل ہی ختم ہو جائے گی۔ چند برسوں کے بعد سڑکوں پر حادثات کا نام و نشان نہیں رہے گا اور جب حادثے ہی نہیں ہوں گے‘ تو انشورنس کس بات کی؟
---------------------
رہائش گاہوں کی خریدوفروخت اور کرایہ داری صرف 2020ء تک ختم ہو جائے گی۔ فاصلوں کا وجود نہیں رہے گا۔ لوگ زیادہ فاصلوں پر جا کر پرسکون رہائش گاہوں میں منتقل ہو جائیں گے۔ رہائشی علاقوں میں شور اور گردوغبار ختم ہو جائے گا۔ کاروں اور موٹروں کی آواز اور دھواں دونوں ختم ہو جائیں گے۔ کیونکہ کاریں صرف بجلی سے چلا کریں گی۔
---------------------
30برسوں کے بعد بجلی اتنی سستی ہو جائے گی کہ اس کے بل برائے نام رہ جائیں گے۔ سولرانرجی عام ہو جائے گی۔ کوئلے‘ گیس اور انرجی پیدا کرنے والے دیگر میٹریل کااستعمال ختم ہو جائے گا۔ 2025ء تک کوئلے کی کمپنیاں ختم ہو جائیں گی۔
---------------------
اگر آپ کوئی نیا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں تو خود سے ایک سوال پوچھئے۔ کیا مستقبل میں اس کا کوئی جواز موجود ہو گا؟ اگر جواب ہاں میں ہے‘ تودوسرا سوال یہ ہو گا کہ آپ کتنی جلدی کام شروع کر سکتے ہیں؟ اگر آپ کا آئیڈیا فون کے ساتھ منسلک نہیں‘ تو اسے فراموش کر دیجئے ۔ یاد رہے کہ کوئی بھی آئیڈیا جو 20ویں صدی کی کامیابی کے لئے ہو‘ 21ویں صدی میں اس کا ناکام ہونا یقینی ہے۔
---------------------

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved