انگارے ...سید عامر سہیل کی ادارت میں چھپنے والے کتابی سلسلے کا لطیف الزماں نمبر شائع ہو گیا ہے۔ کوئی ساڑھے پانچ سو صفحات پر مشتمل اس اہم اور یادگار دستاویز کی قیمت 500 روپے ہے۔ لطیف الزمان خاں ایک فرد کا نہیں ایک رویّے اور طرز زیست کا نام ہے اور آنے والی نسلیں انہیں ایک کلچرل ہیرو کے طور پر یاد رکھیں گی۔ غالبؔ پر ان کا کام تاریخی نوعیت کا ہے۔
اجمال...کراچی سے فہیم اسلام انصاری کی زیر ادارت شائع ہونے والا کتابی سلسلہ 11ہے‘ قیمت500 روپے۔ اس میں معمول کے مضامینِ نظم و نثر ہیں اور کتابوں پر تبصرے، افسانے اور شاعری اس کے علاوہ ہیں۔
ماہنامہ اُردو کالم...یہ اس کا شمارہ 15,14ہے‘ ناصر عباس نیّر، نصیر احمد ناصر سمیت متعدد تخلیق کاروں کے تنقیدی مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ اسے عابد سیال‘ ڈاکٹر فاخرہ نور اور عمر سیال راولپنڈی سے نکالتے ہیں۔ قیمت100روپے۔
راوی...گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا جریدہ ہے جسے حافظ محمد جنید رضا، صبیحہ انعم‘ اسامہ ضوریز اور فہد محمود سوختہ نکالتے ہیں۔ تازہ شمارہ 2015ء کا ہے۔ بزرگ مشیر ڈاکٹر سعادت سعید۔ قیمت درج نہیں۔
ماہنامہ ارژنگ...عامر بن علی اور حسن عباس کی زیر ادارت شائع ہونے والے اس جریدے کی قیمت فی شمارہ سو روپے ہے‘ اس کی خاص الخاص چیز سینئر شاعر مشکور حسین یاد کا مفصل انٹرویو ہے۔
نیرنگ خیال...1921ء سے قائم شدہ یہ رسالہ سلطان رشک کی ادارت میں شائع ہوتا ہے۔ اسے ملک عزیز کا قدیم ترین رسالہ کہہ سکتے ہیں۔ معمول کے مضامین نظم و نثر شامل ہیں۔ زر سالانہ مع خاص نمبر1000روپے ہے۔
تخلیق...اظہر جاوید مرحوم کا یادگار رسالہ لاہور سے ان کے صاحبزادے سونام اظہر جاوید شائع کرتے ہیں۔ برصغیر کے معروف تخلیق کاروں کی نگارشات شامل ہیں۔ یہ شمارہ دسمبر 2016ء کا ہے اور قیمت 150روپے۔
سہ ماہی فن زاد...بھیرہ سے یوسف چوہان نکالتے ہیں۔ یہ کتابی سلسلہ 11اکتوبر تا دسمبر 2016ء ہے۔ ایک ہی طرح کے مضامین نظم و نثر اس میں بھی شامل ہیں۔ چھوٹی جگہ سے پرچہ نکالنا بڑی ہمت کی بات ہے۔ قیمت 175روپے۔
احساس 6...ترقی پسند ادب کا نقیب ہے اور انجمن ترقی پسند مصنفین پاکستان کا ترجمان۔ اس کے مدیر حسّام حُر ہیں۔ پشاور سے خاطر غزنوی کی یاد میں نکالے گئے اس ماہنامے پر قیمت درج نہیں ہے۔
خبرنامہ اکادمی...اکامی ادبیات اسلام آباد کے اس رسالے کے نگران ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو اور مدیران راشد حمید اور اختر رضا سلیمی ہیں۔ ادبی اطلاعات اور اکادمی کی تقریبات کی روداد اس میں شامل ہیں۔ قیمت درج نہیں۔
ماہنامہ کتاب...نیشنل بک فائونڈیشن اسلام آباد کا پرچہ ہے‘ جس کا ماٹو 'امن انقلاب بذریعہ کتاب‘ ہے۔ نیز یہ کہ ہمارا خواب ‘ ہر ہاتھ میں کتاب۔ پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی ادارت میں شائع ہوتا ہے۔ قیمت 50روپے۔
ارقم...اسے بزم ارقم راولا کوٹ آزاد کشمیر سے ڈاکٹر ظفر حسین ظفر شائع کرتے ہیں۔ یہ اس کا شمارہ 5 ہے۔ مجلس ادارت ڈاکٹر محمد افتخار شفیع‘ خواجہ زاہد عزیز و دیگران۔ صفحات 384 قیمت 800 روپے۔
سپوتنک...یہ ماہانامہ لاہور سے آغا امیر حسین اور شمیم آغا شائع کرتے ہیں۔ اس میں آغا گُل کا ناول اور فسانۂ جنّات بطور خاص شامل کیے گئے ہیں۔ آغا صاحب کے کالم اور دیگر مضامین نظم و نثر شامل‘ قیمت 50 روپے۔
ادب دوست...بانی مدیر اے جی جوش کے اس رسالے کو خالد تاج لاہور سے شائع کرتے ہیں۔ ٹائٹل پرجوش صاحب کی تصویر اور ایک غزل درج ہے۔ شعبۂ ادارت میں ارشد نعیم کے آنے سے اس کا معیار بہتر ہو گیا ہے۔ قیمت 20 روپے۔
ماہنامہ حسبِ حال...چیف ایڈیٹر آفتاب اقبال اور ایڈیٹر جنید اقبال کی ادارت میں لاہور سے شائع ہوتا ہے۔ بالعموم شگفتہ تحریریں شامل ہوتی ہیں، انٹرویوز اور مضامین نظم و نثر شامل ہیں۔ قیمت 150روپے ہے۔
الحمرا...لاہور سے شاہد علی خاں‘ مولانا حامد علی کی یاد میں شائع کرتے ہیں۔ اس کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ ہر ماہ کی 12 تاریخ کو دستیاب ہوتا ہے۔ مستنصر حسین تارڑ اس کے مستقل لکھنے والوں میں شامل ہیں۔ قیمت 120روپے۔
شاداب...یہ ماہنامہ کنول فیروزلاہور سے نکالتے ہیں۔ یہ ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو شائع ہو جاتا ہے۔ مضامین نظم و نثر کے علاوہ مسیحی برادری کے احوال اور تقاریب کی رودادیں بطور خاص شامل ہوتی ہیں۔ اس کی قیمت 60 روپے ہے۔
لاہور...سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کا یہ ماہنامہ لاہور سے ڈاکٹر ندیم گیلانی کی ادارت میں شائع ہوتا ہے۔ شعر و ادب کے علاوہ سرکاری تقاریب کی رودادیں شائع ہوتی ہیں اور مختلف مواقع پر لی گئی تصاویر۔ قیمت درج نہیں۔
عکّاس انٹرنیشنل...یہ کتابی سلسلہ اسلام آباد سے ارشد خاں اور ڈاکٹر رضیہ اسماعیل کے زیر ترتیب شائع ہوتا ہے۔ زیر نظر شمارہ عباس خاں نمبر ہے۔ معروف ادیبوں کی نگارشات شامل ہیں۔ قیمت200روپے ہے۔
زیست...یہ کتابی سلسلہ کراچی سے ڈاکٹر انصار شیخ کی ادارت میں شائع ہوتا ہے جو اس کا تازہ شمارہ ہے۔ اسے سہ ماہی سمجھا جائے تو زیادہ اچھا ہے۔ 400 صفحات پر مشتمل اس ادبی پرچے کی قیمت 400 روپے ہے۔
رنگِ ادب ...کراچی سے شاعر علی شاعر کی ادارت میں شائع ہوتا ہے۔ اس کا تازہ شمارہ جو 575 صفحات کو محیط ہے، اس کی قیمت 500 روپے رکھی گئی ہے۔ کوئی چھ ماہ کے بعد یہ ادبی پرچہ شائع ہوتا ہے۔ قیمت 500 روپے۔
وقت...یہ ماہنامہ اسلام آباد سے کوثر لودھی کی ادارت میں شائع ہوتا ہے جس کی قیمت55 روپے رکھی گئی ہے۔ یہ رسالہ ادبی کم اور سیاسی زیادہ ہے۔ منٹو اور دلیپ کمار پر خصوصی مضامین ہیں۔
پیامِ آگہی...فکر و عمل کی راہیں دکھانے والا یہ ماہنامہ فیصل آباد سے مولانا محمد خالد سیف اور دیگران کی ادارت میں شائع ہوتا ہے اور بنیادی طور پر دینی ذائقہ رکھنے والا پرچہ ہے جس کی قیمت 500 روپے بارہ شمارے ہے۔
براہِ راست...یہ پندرہ روزہ حافظ عمر فاروق‘ مظفر ہاشمی‘ مرزا محمد الیاس‘ سلیم منصور خالد‘ مبشر نعیم اور حافظ محمد حسّام کی ادارت میں لاہور سے شائع ہوتا ہے۔ مقبوضہ فلسطین کے نمائندہ اس پرچے کی قیمت 140روپے ہے۔
سانجھاں...پنجابی شعر و ادب پر مشتمل یہ سہ ماہی شاعر خالد جاوید جان کی زیر ادارت لاہور سے شائع ہوتا ہے۔ اس کی چیئر پرسن ممتاز شاعرہ شکیلہ جبیں اور ایڈیٹر وقار ندیم ہیں۔ اس کی قیمت 40 روپے رکھی گئی ہے۔
بجنگ آمد...اسے لاہور سے ڈاکٹر اختر شمار شائع کرتے ہیں۔ ادیبوں کے بارے میں تازہ تر معلومات اور ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اس کا خاص ذائقہ ہے۔ اب اس کی ضخامت اور شکل و صورت بھی بدلی ہوئی اور بہتر ہے۔
پنچم...یہ پنجابی پرچہ لاہور سے مقصود ثاقب‘ فائزہ رعنا اور محمد آصف ببّی نکالتے ہیں۔ اسے اگر پنجابی زبان کا معیاری اور وقیع ترین پرچہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ مستقل لکھنے والوں میں نجم حسین سید شامل ہیں۔ قیمت100روپے ہے۔
پنجابی ادب...لاہور سے شائع ہوتا ہے۔ ایڈیٹوریل بورڈ میں قاضی جاوید سعید بھٹہ اور مشتاق صوفی شامل ہیں جبکہ ایڈیٹر پروین ملک ہیں اور اسسٹنٹ ایڈیٹر عمران احمد۔ پنجابی کے معیاری پرچوں میں شمار ہوتا ہے۔ قیمت 100روپے ہے۔
آج کا مطلع
سب سمجھتے ہیں کہ جس سے ملتا جلتا رنگ ہے
لاکھ تُو کہتا پھرے میرا تو اپنا رنگ ہے