تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     12-06-2017

سرخیاں ان کی ، متن ہمارے

عید کے بعد حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''عید کے بعد حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے‘‘ اور اگر چھوٹی عید پر نہ دے سکے تو بڑی پر سہی ، کیونکہ ٹف ٹائم ذرا زیادہ دینے کا پروگرام ہے، اس لیے بڑی عید ہی مناسب رہے گی، اور امید ہے کہ اس وقت تک ابا جان بھی واپس آ جائیں گے کیونکہ انہوں نے بھی ملکی صورت حال کے پیش نظر اپنے بیرون ملک قیام اور علاج کو طول دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ اگر واقعی صفایا ہونے والا ہے تو اس سے والد صاحب کیسے بچ سکتے ہیں، اور اگر ٹف ٹائم دینے کے دوران ان کا فون آ گیا کہ یہ کیا کر رہے ہو تو ظاہر ہے کہ ہماری صورت حال تبدیل ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ''پارٹی مشکل میں ہے‘‘ اور والد صاحب کے بیرون ملک ہونے کے باوجود مشکل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''پنجاب کے شہر شہر جائوں گا‘‘کیونکہ پارٹی کی تلاش کے لیے ملک کا کونا کونا چھان ماروں گا۔ آپ اگلے روز لاہور میں خطاب کر رہے تھے۔
نواز شریف ہمارے دولہا، مائنس کرنے
والے خود مائنس ہو جائیں گے: مشاہد اللہ خان
نواز لیگ کے رہنما مشاہد اللہ خا ن نے کہا کہ ''نواز شریف ہمارے دولہا ہیں، مائنس کرنے والے خود مائنس ہوں گے‘‘ اور پاناما کیس کا فیصلہ ہونے دیں، ہم انہیں سہرے باندھ کر گھوڑی پر بھی چڑھائیں گے اور اگر پولیس وین سے اتارنا پڑا تو منت سماجت کر کے انہیں گھوڑی پر بٹھا کر جہاں پولیس والے کہیں گے، لے جائیں گے جبکہ میں نے ان کا سہرا بھی لکھ رہا ہے جو ساتھ ساتھ پڑھتا جائوں گا اور ''ویر میرا گھوڑی چڑھیا‘‘ کا گیت بھی گایا جائے گا اور جہاں تک انہیں، مائنس کرنے کا سوال ہے تو اکیلے وہی مائنس نہیںہوں گے بلکہ سارے کے سارے ہی لگے جائیںگے اس لیے اکیلے نواز شریف کے مائنس ہونے کا معاملہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''جے آئی ٹی نے دھمکیاں دی ہیں‘‘ جو کہ ہمیں باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کیونکہ اگر حسین نواز کی تصویر لیک کروائی جا سکتی ہے تو ہم کیا کچھ نہیں کر سکتے آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی ٹاک شو میں اظہار خیال کر رہے تھے۔
جے آئی ٹی کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے: شیخ رشید
عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''جے آئی ٹی کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘‘ بلکہ ساتھ ساتھ ارکان اسمبلی کو بھی تقسیم کرنے کی سازش ہو رہی ہے جس کے لیے کسی نور عالم کو میرے گلے پڑوا دیا گیا حالانکہ زندہ قوموں میں پچیس لاکھ روپوں کی کیا اہمیت ہے، ویسے بھی پیسے کسی نے ساتھ لے کر تو جانے نہیں ہوتے اور سب کچھ یہیں پڑا رہ جائے گا کہ سکندر اعظم کی مثال سب کے سامنے ہے، نیز موصوف نے یہ بھی کہا ہے'' شیخ رشید اگر قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہہ دیں کہ ان کے ذمے کوئی پیسے واجب نہیں ہیں تو وہ رقم کے مطالبہ سے دست بردار ہو جائیں گے‘‘ حا لانکہ انہیں اچھی طرح سے معلوم ہونا چاہیے کہ قرآن شریف پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی چیز ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔
شاہدرہ تا رائے ونڈ ریلوے گرین بیلٹ بنائی جائے گی : سعد رفیق
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''شاہدرہ تا رائے ونڈ ریلوے گرین بیلٹ بنائی جائے گی‘‘ اور اگر ہمیں اس کی مہلت نہ بھی ملی تو ہمارے بعد آنے والوں کو اس کا خیال رکھنا ہو گا کیونکہ رائے ونڈ کا تقدس تو ہر صورت قائم رہے گا، نیز کم از کم اس کا سنگ بنیاد رکھنے کو مئوقع ضرور فراہم کیا جائیگا کیونکہ ہماری حکومت کی کارکردگی کا 85 فیصد فیتے کاٹنے تک ہی محدودرہا ہے چنانچہ یہ سنہری روایت بھی قائم اور جاری رہنی چاہیے جبکہ یہ کام پنجاب حکومت کے مالی تعاون سے سرانجام دیا جائے گا کیونکہ امید تو یہی ہے کہ کم از کم پنجاب حکومت کو کچھ نہیں کہا جائے گا اگرچہ خادم اعلیٰ کے خلاف بھی مواد موجود ہے جس میں کچھ تو منظر عام پر آ چکا ہے اور کچھ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے واضح ہو جائے گا، جبکہ حدیبیہ پیپر ملز کا معاملہ بظاہر تواتنا خطرناک نظر نہیں آتا، تاہم ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم کے ساتھ یہ کچھ اوروں کو بھی لے کر بیٹھ جائے گا، آپ اگلے روز بریفنگ دے رہے تھے۔
پچھلی حکومتوں میں ملکی وسائل کو بیدردی سے لوٹا گیا: ملک افضل
چیئرمین ماڈل مویشی منڈیاں پنجاب اور رکن قومی اسمبلی ملک افضل نے کہا ہے کہ ''پچھلی حکومتوں میں قومی وسائل کو بیدردی سے لوٹا گیا‘‘ جبکہ موجودہ حکومت یہ کام کافی درد مندی کے ساتھ کر رہی ہے کیونکہ یہ عوام کے ساتھ ساتھ وسائل کے جذبات کابھی خیال رکھتی ہے اور اپنے فن کا مکمل مظاہرہ کرتے ہوئے بیدردی سے کوئی کام نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل بازار پنجاب حکومت کا سب منافع بخش کاروبار ثابت ہوا ہے، اگرچہ یہ موٹروے اور اورنج ٹرین لائن جتنا منفعت بخش تو نہیں ہے تاہم جہاں تک منافع کمانے کا تعلق ہے تو یہ کام چھوٹے منصوبوں کے ذریعے بھی کیا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ''حکومت عوام کی صحت پر کوئی کمپرومائز نہیں کرے گی ‘‘ کیونکہ جب صحت اور اس کے لیے سہولتوں کا فقدان ہے تو کمپرومائز آخر کس چیز پر کیا جائیگا ۔ آپ اگلے روز رائے ونڈ میں ملکی صورت حال پر گفتگو کر رہے تھے۔
ن لیگ ملکی سلامتی پر کسی دبائو میں نہیں آئے گی: مرزا جاوید
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب مرزا احمدجاوید نے کہا ہے کہ ''ن لیگ ملکی سلامتی پر کسی دبائو میں نہیں آئے گا‘‘اگرچہ ملکی سلامتی وزیر اعلیٰ کا مسئلہ نہیں ہے ، اور میرا تو ہر گز نہیں ہے تاہم چونکہ مستقبل قریب میں صاحب موصوف کے وزیراعظم بننے کے بھی پورے پورے امکانات ہیں اس لیے ملکی سلامتی جیسے معاملات میں بھی ریہرسل کے طور پر انہوں نے دلچسپی لینا شروع کر دی ہے ، اور اگر قرعہ فال حمزہ شہباز کے نام کا نکلتا ہے تو بھی ایک ہی بات ہے ۔ آپ اگلے روز رائیونڈ سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
آج کا مطلع
شور ہے پھر سُخن ِگرم کا بازاروں میں
کھلبلی مچ گئی غالب کے طرفداروں میں

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved