تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     26-06-2017

ملے جُلے اشتہار

عرضداشت
ہرگاہ بذریعہ اشتہار ہذا پیارے عوام سے التماس ہے کہ مہنگائی پر برائے کرم ہمیں لعن طعن کرنے سے گریز کریں کیونکہ رمضان کا مقدس مہینہ ہے ۔ یہی دراصل ہماری کمائی کا مہینہ ہے جس کے لیے ہم گیارہ ماہ انتظار کرتے ہیں نیز یہ قربانی کا بھی مہینہ ہے کہ رمضان آپ سے ایثار اور قربانی کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ آپ مہنگی چیزیں خرید کر یہ قربانی دیتے ہوئے صحیح معنوں میں اس کا احترام کرتے ہیں جبکہ اس سے آپ کے گناہ بھی جھڑتے ہیں اس لیے اپنی عاقبت کا خیال کرتے ہوئے یہ ایثار جاری رکھیں کیونکہ ایک مہینے ہی کی تو ساری بات ہے اور یہ جو کمر توڑ مہنگائی والا محاورہ ہے ،یا جو کچھ بھی ہے، سراسر غلط ہے کیونکہ ہم نے آج تک مہنگائی کی وجہ سے کسی کی کمر ٹوٹتے نہیں دیکھی، اس لیے محاورہ سازحضرات سے بھی التماس ہے کہ وہ اس طرح کے گمراہ کن محاورے و ضع کرنے سے اجتناب کریں۔
المشتہر: انجمن تاجران پاکستان عفی عنہ 
تلاشِ گم شدہ
ہرگاہ بذریعہ اشتہار ہذا اہلِ شہر سے گزارش ہے کہ ہمارے داد اجان جو کل سے لاپتہ ہیں ، ان کی تلاش میں ہماری مدد کی جائے، وہ کل صبح آلو خریدنے کے لیے بازار گئے تھے جہاں سے وہ ابھی تک واپس نہیں آئے۔ دادای صاحبہ نہایت فکر مند ہیں حالانکہ انہیں کہا بھی ہے کہ کوئی اور سبزی پکا لیتے ہیں، کچھ لوگ بتاتے ہیں کہ انہوں نے کل داد ا جان کو ایک بڑھیا کے ساتھ جاتے دیکھا تھا۔ یقینا وہی حرافہ انہیں بہکا پھسلا کر کہیں لے گئی ہے،حالانکہ ان کی نظر بھی خاصی کمزور تھی۔ شاید انہوں اسے کوئی جوان عورت سمجھا ہو، حالانکہ کسی جوان عورت سے بھی انہوں نے کیا لینا دینا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اس بڑھیا کی نظر بھی خاصی کمزور تھی اور وہ دادا جان کو جوان مرد سمجھ بیٹھی ہو۔ بہرحال، جن صاحب کو بھی وہ کہیں مل جائیں ، انہیں گھر پہنچا کر شکریے کا موقع دیں۔
المشتہر : برخوردار خاں، گلی نمبر 7، پکی ٹھٹھی ، لاہور
برائے فروخت
ہر گاہ بذریعہ اشتہار ہذا پیشکش کی جاتی ہے کہ ایک عدد ابا جان عین چالو حالت میں برائے فروخت موجود ہیں۔ گھر تشریف لا کر کسی وقت بھی ملاحظہ کر سکتے ہیں۔70 سال کی عمر میںبھی باقاعدہ چاق و چوبند ہیں۔ اخبار بھی عینک کے بغیر پڑھ لیتے ہیں بشرطیکہ سیدھی طرف سے پکڑی ہو کیونکہ وہ عام طور پر الٹی طرف سے ہی پکڑتے اور گاڑیوں کے اشتہارات دیکھ کر فکر مند ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ شاید کوئی کوئی بڑا ایکسیڈنٹ ہوا ہے جو ساری کاریں الٹی پڑی ہیں۔ دبوانے کا بہت شوق ہے۔ جو حضرات بصورت دیگر ورزش وغیرہ کرنے کے عادی نہ ہوں۔ دو دو گھنٹے دبانے سے ان کی ورزش مفت میں ہوجایا کرے گی اور وہ اپنی اور والد صاحب، دونوں کی صحت میں بہت بہتری محسوس کریں گے۔ ضرورت مند حضرات موقع پر آکر اورٹھونک بجا کر اپنی تسلی کرسکتے ہیں۔
المشتہر: سعادت مند خاں، چیچو کی ملیاں
اپیل
ہرگاہ بذریعہ اشتہار ہذا مسلم لیگ کے پرجوش کارکناں سے اپیل ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پرامن رہیں کیونکہ اس بار صورت حال مختلف ہے ۔ اس لیے مشتہر نے بھی فیصلہ تسلیم کرنے کاارادہ کر لیا ہے۔ وزراء کرام اور جملہ کارکنوں سے گزارش ہے کہ کوئی شور شرابا کریں ۔ تاہم وہ میرے منع کرنے کے باوجود جے آئی ٹی میں میری پیشی کے موقع پر آگئے تھے۔ اس لیے خدشہ یہی ہے کہ میری اس اپیل کو بھی وہ خاطر میں نہیں لائیں گے اور اپنی درخشندہ روایات کے مطابق توڑ پھوڑ، جلائو گھیرائو اور آتش زنی جیسے غلط اقدامات سے باز نہیں آئیں گے جنہیں میں سخت ناپسند کرتا ہوں۔
المشتہر : نواز شریف عفی عنہ
ایک غلط فہمی کا ازالہ
ہرگاہ بذریعہ اشتہار ہذا واضح کیا جاتا ہے کہ خاکسار اور دیگران کا مقصد اپنی تقریروں اور تحریروں کے ذریعے اشتعال پھیلانا ہرگر نہیں ہے بلکہ ہمار مدعا امہ میں جوش وخروش پیدا کرنا ہے تاکہ مختلف فرقے ایک دوسرے کے ساتھ پرجوش تعلقات استوار کرنے کے قابل ہوں اور اس طرح بڑھ چڑھ کر اپنے دین کی خدمت کر سکیں۔ اکثراوقات جو ہمارا لٹریچر ضبط کر لیا جاتا ہے تو وہ بھی غلط اقدام ہے کیونکہ اسے بھی اگر غور سے پڑھا جائے تو اس میں بھی مختلف فرقوں کو آپس میں مربوط ہی کرنے کی باتیں ہوتی ہیں جس کے لیے چھاپے مارنے کی بجائے ان تحریروں کو بغور پڑھنے کی ضرورت ہے کیونکہ جوش اور جذبے کے بغیر اسلام کو ہرگز پھیلایا نہیں جا سکتا، چنانچہ قوم اگر آپس میں دست و گریباں نہیں ہو گی تو کل کو دشمن کا مقابلہ کیسے کرسکے گی۔ لہذا تھوڑے لکھے کو بہت سمجھیں۔
المشتہر: مولانا امن پسند خاں، شیخوپورہ
کرائے کے لیے خالی ہے
ہرگاہ بذریعہ اشتہار ہذا اعلان کیا جاتا ہے کہ کمرے کا نصف حصہ کرائے کے لیے دستیاب ہے مختصر، فیملی کے لیے لاجواب، کیونکہ اگر ہسپتال کے ایک ایک بیڈ پر تین تین چار چار مریض رہ سکتے ہیں تو آدھے کمرے میں پانچ افراد پر مشتمل فیملی کیوں نہیں رہ سکتی۔ خواتین کے لیے دست و گریباں اور جو تم پیزار ہونے کے لیے بہترین ماحول۔ بوقت ضرورت درمیان میں پردہ بھی لٹکایا جا سکتا ہے جبکہ حکومت بھی رہائشی سکیموں میں ایسے ہی کمرے تعمیر کروا رہی ہے جن میں دو دو خاندان پرامن زندگی گزار سکتے ہوں۔ آخر قبر میں بھی تو نہایت تنگ جگہ میں گزارہ کرنا ہی پڑے گا جس کی ریہرسل کے لیے بھی ایسے کمروں میں رہنا مفید ثابت ہوگا۔ ساتھ میں ایک بکری رکھنے کی بھی گنجائش موجود ہے۔ پہلے آئیں پہلے پائیں، کرایہ واجبی، قبضہ فوری، دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا۔
المشتہر: ملک اشتراک علی ، چونا منڈی لاہور
آج کا مطلع
مجھے تیری نہ تجھے میری خبر جائے گی
عید اب کے بھی دبے پائوں گزر جائے گی

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved