تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     30-07-2017

مُفت مشورے اور خانہ پُری

٭...میرا جواں سال بیٹا شومئی قسمت سے چوری کی لت میں گرفتار ہو گیا ہے‘ اُسے کئی بار روکا ہے لیکن وہ باز ہی نہیں آتا۔ کئی بار پکڑا بھی جا چکا ہے اور باعث بدنامی و رسوائی ہو رہا ہے۔ محلے میں اس نے کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑا۔ میں نے اس سے کیا کیا اُمیدیں باندھ رکھی تھیں کہ پڑھ لکھ کر بڑا افسر بنے گا۔ تنخواہ کے علاوہ بالائی آمدنی بھی لائے گا جس سے گھر کے حالات ٹھیک ہونگے مگر اس نے مجھے سخت مایوس کیا ہے۔ سکول بھی بھیجوں تو دوسرے بچوں کی کتابیں اور جیب خرچ اس کے ہاتھ سے محفوظ نہیں رہتا‘ میں کیا کروں؟ شکر دین‘ گڑھی شاہو لاہور
٭...جہاں تک محلے میں کسی کہ منہ دکھانے کا سوال ہے تو کیا محلے والوں کو آپ کا منہ دیکھنے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں ہے؟ تاہم آپ نقاب پہن کر بھی محلے میں آ جا سکتے ہیں‘ یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ وہ اگر پکڑا جاتا ہے تو اپنی ناپختگی کی وجہ سے، اس لئے آپ واردات کے لئے اس کے ساتھ جایا کریں۔ لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ علاقے کے ایس ایچ او کے ساتھ راہ و رسم پیدا کریں اور باقاعدہ ان کی فہرست میں اپنا نام لکھوائیں کیونکہ وہ یہ کام خود بھی ذوق و شوق سے کرواتے ہیں۔ انشاء اللہ مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ہمت مرداں مدد خدا۔
٭...میری بیوی بہت لڑاکا واقع ہوئی ہے اگرچہ میں بھی کچھ کم نہیں ہوں‘ لیکن اس نے تو تمام حدیں پار کر لی ہیں۔ اس کی وجہ سے میرا نقصان بھی ہو جاتا ہے کیونکہ وہ ہر چوتھے دن لڑائی کے دوران دھمکی دیتی ہے کہ میں اپنے میکے جا رہی ہوں‘ مجھے کرایہ دیدیں میں اُسے کرایہ دے دیتا ہوں لیکن وہ جاتی نہیں۔ جو تم بیزار سے ہمارے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے وغیرہ ٹوٹ چکے ہیں۔ جوتے بھی جلد پرانے ہو جاتے ہیں اور نئے خریدنا پڑنے ہیں۔ ہمسائے ہمارے روز کے شور شرابے سے الگ تنگ ہیں۔ زندگی عذاب ہو کر رہ گئی ہے۔ مجھے کیا کرنا چاہیے؟
٭...آپ کو صرف احتیاط کرنی چاہیے تھی اور وہ بھی شادی کرتے وقت‘ لیکن اب پچھتائے کیا ہووت جب چڑیاں چُگ گئیں کھیت۔ جہاں تک ہمسایوں کی بے آرا می اور پریشانی کا تعلق ہے تو اس کا علاج صرف یہ ہے کہ آپ تو سدُھر نہیں سکتے‘ انہیں بھی آپس میں لڑائی بھڑائی کی عادت ڈال دیں۔ آپ کی زوجہ محترمہ اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ دوسرا مشورہ یہ ہے کہ آپ دونوں کے جوتے کسی بہتر برانڈ کے ہونا چاہئیں جبکہ بعض جوتے پٹائی پروف بھی ہوتے ہیں اور آرڈر پر ایسے جوتے تیار کروائے جا سکتے ہیں۔ تیسرا مشورہ یہ ہے کہ بیوی کو کرایہ دینے میں جلدی نہ کیا کریں بلکہ اس کا سامان خود باندھیں اور اُسے ریلوے سٹیشن یا لاری اڈہ چھوڑ کر آیا کریں تاکہ آپ ہرہفتے کے مالی نقصان سے تو بچ جایا کریں۔ ورزش وغیرہ سے اپنے پٹھے بھی اس قدر مضبوط کرنے کی کوشش کریں کہ اس لڑائی میں اُسے فتح یاب ہونے یا مقابلے کی تاب و تواں ہی نہ رہے کہ بیوی سے اتنی مار کھانا غیرتِ مردانہ کے بھی خلاف ہے۔
مشورہ مفت حاصل کریں
آپ کو کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو‘ ہمارا قیمتی مشورہ مفت حاصل کریں۔ صرف برائے نام فیس وصول کی جاتی ہے کیونکہ ویسے بھی کوئی باغیرت شخص کوئی چیز مفت یا مانگ کر حاصل کرنا پسند نہیں کرتا۔ اس لئے ہماری فیس آپ کی غیرت اور ضرورت کے مطابق ہو گی یعنی جتنا گڑ ڈالیں گے اتنا ہی میٹھا ہو گا۔ ہمارے ہاں جن بھی نہایت کامیابی سے نکالا جاتا ہے جس کیلئے ہم نے متعدد جنوں کی خدمات بھی حاصل کر رکھی ہیں۔ ہمارا مشورہ حاصل کر کے کئی خواتین و حضرات اپنی مشکلات پر قابو پا کر نہایت کامیاب زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اگرچہ ان میں بعض بدقسمت ایسے بھی ہوں گے جن کی زندگی ہمارے مشوروں کے بعد اجیرن ہو کر رہ گئی ہو لیکن انہیں اپنی تقدیروں کا شاکی ہونا چاہیے کیونکہ اگر وہ ہمارا مشورہ نہ بھی حاصل کرتے تو بھی ان کیساتھ یہی کچھ ہونا تھا۔ نقالوں سے ہوشیار رہیں، دوڑ زمانہ چال قیامت کی چل گیا۔المشتہر : انٹرنیشنل مشورہ ہائوس صدر بازار کالا شاہ کاکو
اور اب آخر میں خانہ پری کے طور پر یہ تازہ غزل:
ایک اندھیرا سا بکھرنے لگا ہے
شام کا رنگ اُترنے لگا ہے
مُنہدم ہو بھی رہا ہے سب کچھ
ایک نقشہ بھی اُبھرنے لگا ہے
تیرے جانے سے جو پیدا ہوا تھا
وہ خلاء آپ ہی بھرنے لگا ہے
جا چکی چھیڑ کے پتوں کو ہوا
درد شاخوں میں ٹھہرنے لگا ہے
رُک بھی سکتا ہے اگر تُو چاہے
سامنے سے جو گزرنے لگا ہے
دل کے اندر سے پرندہ کوئی
اُڑنے والا ہے کہ مرنے لگا ہے
جسے رکھّا تھا حفاظت کے لئے
میری ہی جیب کترنے لگا ہے
تیرے جنگل سے گزر کر کوئی
اب تو کچھ اور بھی ڈرنے لگا ہے
روک سکتے ہو تو روکو‘ کہ ظفرؔ
جو نہ کرنا تھا وہ کرنے لگا ہے
آج کا مقطع
عبور کر کے ہی اس کو بتا سکوں گا‘ ظفر
ابھی یہ کہہ نہیں سکتا ہوں کیا رکاوٹ ہے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved