تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     29-10-2017

مختصر مختصراور خانہ پُری

تنقیدی نظریات
ہمارے شاعر دوست کرامت بخاری کی تصنیف ہے‘ جو ایم اے‘ ایم فل‘ سی ایس ایس اور ریسرچ سکالرز کے لیے مفید ہے۔ اسے بُک ہوم لاہور نے چھاپا اور قیمت 500 روپے رکھی ہے کسی دیباچے یا فلیپ کا تکلف روا نہیں رکھا گیا۔
بادل جھکتے پانی پر
محمود ناصر ملک کا شعری مجموعہ ہے جسے زاویہ پبلشرز نے چھاپ کر اس کی قیمت 400 روپے رکھی ہے۔ منیر نیازی لکھتے ہیں کہ مجھے اس کی شاعری پڑھ کر مسرت ہوتی ہے۔ نذیر قیصر ممنون ہیں کہ مصنف نے ہمیں اس خوبصورت شعری کائنات میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے۔
ایک قدیم خیال کی نگرانی میں
ممتاز اور جدید شاعر انجم سلیمی کی خوبصورت نظموں کا مجموعہ ہے جسے دست خط مطبوعات نے چھاپ کر اس کی قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ پس سرورق شاعر کا تعارف اور اندرونی فلیپ پر آفتاب اقبال شمیم، ڈاکٹر ابرار احمد اور قاسم یعقوب کی تحسینی رائے درج ہے۔
نگاہِ مصطفیٰ
شاہدہ لطیف کا نعتیہ کلام ہے جسے ماورا نے چھاپا اور ہدیہ 500 روپے رکھا ہے۔ سرورق اسلم کمال نے بنایا ہے اور دیباچہ نگاروں میں ریاض مجید اور افتخار عارف شامل ہیں۔ پشت پر شاعرہ کی تصویر اور کتاب میں وزن کی غلطیاں بھی موجود ہیں۔
اماں نامہ
مزاحیہ مضامین کا مجموعہ ہے جسے نشاط یاسمین خان نے لکھا‘ رنگ ادب کراچی نے چھاپا اور قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ فلیپ اکرم کنجاہی اور شاعر علی شاعر نے لکھے ہیں۔ انتساب اپنے میاں صاحب عبدالسعید خان کے نام ہے اندرون فلیپ پورا تعارف درج ہے۔
تکلم
عتیق اللہ کی نظموں اور غزلوں کا مجموعہ جسے کتابی دنیا دہلی نے چھاپ کر اس کی قیمت 350 روپے رکھی ہے۔ دیباچے اسلوب احمد انصاری اور ڈاکٹر انتخاب حمید خاں نے لکھے ہیں جبکہ پس سرورق صادق کا تحریر کردہ ہے۔ انتخاب عزیز ازجان دوست انتخاب حمیدکے نام ہے۔
یہ عشق ہے
عرفان ستار کا مجموعہ غزل ہے۔ فلیپ خواجہ رضی حیدر، رسا چغتائی، شمیم حنفی اور ابوالکلام قاسمی نے تحریر کئے ہیں۔ ٹائٹل دیدہ زیب یہ کتاب مصنف کے دو مجموعوں ''تکرارِ ساعت‘‘ اور ''ساعتِ امکاں‘‘ سے انتخاب ہے۔ پس سرورق تحریر احمد جاوید کی ہے۔
شام کی آنکھوں میں
محمد ارشد کا مجموعہ کلام ہے جو فضلی سنز کراچی نے چھاپ کر اس کی قیمت 700 روپے رکھی ہے۔ انتساب ہے خبروں کے سنگ تمہارے نام۔ پس سرورق شاعر کی تصویر ہے اور جو شعر وہاں درج کیا گیا ہے‘ خارج از وزن ہے۔
میں ایک زندہ عورت ہوں
ڈاکٹر یونس جاوید کے افسانوں کا مجموعہ ہے جسے دوست پیلی کیشنز اسلام آباد نے چھاپا اور اس کی قیمت 190 روپے رکھی ہے۔ انتساب اشفاق احمد اور بانو قدسیہ کے نام ہے۔ ٹائٹل خیال انگیز اور اس کا دیباچہ شاہین مفتی کے قلم سے ہے۔
رباّ سچیا ربِ قدیر
یہ کتاب بھی دوست پبلی کیشنز ہی نے چھاپی اور قیمت 250 روپے رکھی ہے۔ انتساب عطاء الحق قاسمی کے نام ہے۔ آغاز میں فیض احمد فیض کی ایک پنجابی نظم اور ڈاکٹر سعادت سعید کا دیباچہ ہے۔ دوسو سے زائد صفحات کا دلچسپ ناول ہے۔
گلِ گداز
سعید جمال کی غزلوں کا یہ مجموعہ سیوا پبلی کیشنز نے چھاپ کر قیمت 300 روپے رکھی ہے۔ انتساب فرحت کے نام ہے۔ پس سرورق عطاء اللہ عطا کی تحسینی تحریر اور شاعر کی تصویر ہے جبکہ فلیپ نگاروں میں ڈاکٹر فاخر شہزاد اور عرفان صادق ہیں۔
اور‘ اب آخر میں خانہ پری کے طور پر یہ تازہ غزل :
(فیصل ہاشمی کے لیے)
ابھی کچھ دیر اُس کو یاد کرنا ہے
ضروری کام اس کے بعد کرنا ہے
دل ناشاد سے تنگ آ کے اب آخر
اسے کچھ اور بھی ناشاد کرنا ہے
مجھے جھوٹی تسلی دینے والوں میں
تمہارا نام بھی ایزاد کرنا ہے
خرابے کی ہیں‘ اپنی رونقیں‘ لیکن
یہاں اک شہر بھی آباد کرنا ہے
دکھانا ہے سلیقہ اور ہی کوئی
طریقہ اور ہی ایجاد کرنا ہے
کسی دن کھول کر دل کا یہ دروازہ
پرندہ سا کوئی آزاد کرنا ہے
برے کاموں سے جب فرصت ملی مجھ کو
تو اچھا کام بھی ایک آدھ کرنا ہے
یہ عرض مختصر تھی‘ اور ابھی میں نے
بہت کچھ اور بھی ارشاد کرنا ہے
ظفرؔ دے کر نئی تعبیر کا جھانسہ
پرانا جو بھی ہے برباد کرنا ہے
آج کا مقطع
ہمیں بھی تھی نہ کچھ اُمید پہلی بار‘ ظفرؔ
سلوک اُس کا دوبارہ ہی اور ہونا تھا

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved