نسل انسان کی تاریخ مختلف سماجی نظاموں اور معروضی صورتحال کے مختلف کرداروں پر محیط ہے۔ ایسے تاریخ ساز واقعات جن میں جنگیں، انقلابات اور ہولناک ردِ انقلابات فیصلہ کن ہوتے ہیں، ان تاریخی ادوار کے کردار کا تعین کرتے ہیں۔ 1917ء کا انقلابِ روس ایسا ہی واقعہ تھا جس نے کئی دہائیوں تک دنیا بھر میں کئی انقلابات کو جنم دیا۔ اسی طرح دوسری عالمی جنگ کے بعد نوآبادیاتی انقلابات پھٹ پڑے اور رومی سلطنت کے انہدام کے بعد کی سب سے بڑی تحریکوں اور ہل چل کا آغاز ہوا۔ فروری 1989ء میں جب آخری سوویت فوجی دریائے آمو پار کرکے افغانستان سے واپس سوویت یونین میں داخل ہو رہا تھا‘ تو امریکی سامراج کے سرکردہ دانشور اور نظریہ دان فرانسس فوکویاما نے ایک جشن بھرے انداز میں 'سوشلزم‘ کے انہدام کا تناظر پیش کیا تھا‘ لیکن اس سے بہت پہلے 1917ء کے بالشویک انقلاب کے قائدین ولایمیر لینن اور لیون ٹراٹسکی نے سوویت یونین کی ممکنہ ٹوٹ پھوٹ کی وجوہات خود لکھ کر دنیا کے سامنے واضح کر دی تھیں۔ لینن نے واضح کیا تھا کہ اگر سوشلسٹ انقلاب ایک ملک میں مقید رہا اور یورپ کے ترقی یافتہ ترین صنعت اور ٹیکنالوجی والے ممالک (جن میں سرفہرست جرمنی تھا) تک نہ پھیلا تو جلد یا بدیر اِس کی موت ناگزیر ہو جائے گی۔ اسی طرح ٹراٹسکی نے اپنی شہرۂ آفاق کتاب 'انقلاب سے غداری‘ میں سائنسی بنیادوں پر وہ وجوہات بیان کی تھیں جو انقلاب کی زوال پذیری کا باعث بن سکتی تھیں۔ دوسری طرف بالشویک انقلاب کے بعد کی سات دہائیوں تک مغربی سامراج کے دانشور کسی بھی بڑی شان و شوکت والی یونیورسٹی کی تحقیق یا پی ایچ ڈی تھیسز میں ایسی کوئی پیش گوئی نہیں کر سکے۔ الٹا 1928ء کے بعد بالعموم اور دوسری عالمی جنگ کے بعد بالخصوص سوویت یونین میں منصوبہ بند معیشت جس رفتار سے ترقی کر رہی تھی اس کے پیش نظر امریکی سامراج کے سنجیدہ پالیسی سازوں کا خیال تھا کہ صدی کے اواخر تک سوویت یونین‘ امریکہ کو پچھاڑ کر دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ بہرحال افسر شاہانہ بد انتظامیوں کی وجہ سے 1970ء میں سوویت معیشت جمود کا شکار ہونے لگی۔
فوکویاما نے 1989ء کے بعد جو تھیسز دیا تھا‘ اس کا عنوان ''تاریخ کا اختتام‘‘ (End of History) رکھا۔ 1991ء میں سوویت یونین ٹوٹ گیا۔ اس سے پیشتر 1978ء کے بعد چین میں سرمایہ داری کی دوبارہ استواری کے ردِ انقلابی عمل کا آغاز ہو چکا تھا۔ یہ واقعات ایک عہد کے اختتام اور ایک نئے رجعتی عہد کے آغاز کی نشاندہی کرتے تھے۔ اِس سلسلے میں 1980ء کی دہائی کے دو مزید واقعات اہم ہیں: 1984ء میں امریکہ میں ائیر ٹریفک کنٹرولرز کی ہڑتال کی ناکامی اور اسی دوران برطانیہ میں کان کنی کے شعبے کے محنت کشوں کی عظیم ہڑتال پر مارگریٹ تھیچر حکومت کی جارحیت، جس سے بعد ازاں برطانیہ میں پوری کان کنی کی صنعت ہی برباد ہو گئی۔ ان پے در پے ردِ انقلابی واقعات اور پوری دنیا میں نیولبرل سرمایہ داری کی یلغار کے ماحول میں فوکویاما کے 'تاریخ کے خاتمے‘ کے نظرئیے کے آگے بائیں بازو کے بڑے بڑے دانشور اور نظریہ دان بھی ہتھیار ڈالتے چلے گئے۔ بہت سے ماسکو اور پیکنگ نواز 'کمیونسٹوں‘ نے اپنے قبلے ڈھیر ہوتے دیکھ کر سرمایہ داری کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے۔ 'تاریخ کے اختتام‘ کا عملی طور پر مطلب یہ تھا کہ سوشلزم اور مارکسزم ناکام ہو چکے ہیں‘ اور اب سرمایہ داری ہی نسل انسان کا حتمی مقدر ہے۔ جارج بش سینئر نے 'نئے عالمی نظام‘(New World Order) کا اعلان کر دیا۔ برطانیہ میں مارگریٹ تھیچر حکومت میں 'پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ‘ کے زہریلے فریب سے وحشیانہ نجکاری شروع کی گئی۔ ہندوستان میں کانگریس حکومت نے ریاستی سرمایہ داری کو ترک کر کے منڈی کو سامراجی اجارہ داریوں کے لئے کھولنا شروع کر دیا اور پاکستان میں بینظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی کے بنیادی سوشلسٹ منشور سے انحراف کا آغاز کیا۔ پورے یورپ میں حکومتوں نے سوشل ڈیموکریسی کی 'فلاحی ریاست‘ کو خیر باد کہہ کر تعلیم اور علاج جیسی بنیادی ضروریات کی نجکاری کا آغاز کیا۔ جدید شکلوں میں ہندو، عیسائی اور یہودی بنیاد پرستی کا تیز ابھار بھی اسی صورتحال میں ہوا۔
آج سوویت یونین کے انہدام کو 27 سال گزر چکے ہیں۔ اس عرصے میں جس قدر بربادیاں دنیا بھر کے عام انسانوں نے دیکھی ہیں‘ اس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی‘ جہاں صرف 42 افراد کے پاس دنیا کے تقریباً 5 ارب انسانوں سے زیادہ دولت ہے اور انسانوں کی وسیع اکثریت کی زندگیوں کے عذاب کہیں زیادہ شدت اختیار کر گئے ہیں۔ جنگ، خانہ جنگی، دہشت گردی اور معاشی جارحیت نے پورے کے پورے معاشرے تاراج کر دیئے ہیں اور کئی ریاستیں ٹوٹ کر بکھر چکی ہیں۔ شام اور عراق سے لے کر لیبیا اور یمن تک انارکی اور خونریزی کا راج ہے‘ لیکن پھر بھی یہ رٹ لگائی جاتی ہے کہ سوشلزم ناکام ہو چکا ہے! مارکسزم متروک ہو چکا ہے! سرمایہ داری کو 'ٹھیک‘ کرنے کے لئے اصلاحات کا راگ تو الاپا جاتا ہے لیکن بحیثیتِ مجموعی اِس نظام پر بات کرنا ممنوع بنا دیا گیا ہے۔ مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں لبرل اور سیکولر دانشوروں سے لے کر بنیاد پرستوں تک سب فوکویاما کی سوچ کے مقلد بن چکے ہیں۔ ویسے اگر سوشلزم ابدی موت مر چکا ہے تو بار بار اِس کی موت کا اعلان کرنے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟ سوویت یونین کے 27 سال بعد بھی ڈونلڈ ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنی پہلی تقریر میں سوشلزم کی بار بار مذمت کی ضرورت کیوں محسوس کر رہا تھا؟ آج بھی پاکستان کے مروجہ دانشور یہ کیوں لکھ رہے ہیں کہ بس اب تو چند روز کی بات ہے کہ سوشلزم اور مارکسزم کے نام لیوا ختم ہو جائیں گے؟ سامراجی حکمرانوں اور مغربی یونیورسٹیوں کے جن سکالروں کی پیروی ہمارے مذہبی اور لبرل دانشور کرتے ہیں‘ ان کا سوشلزم سے یہ خوف بے سبب نہیں ہے۔ مارکس کی زندگی میں صرف ایک پرولتاری انقلاب فتح یاب (پیرس کمیون) ہوا تھا جب تاریخ میں پہلی مرتبہ محنت کشوں نے70 دن تک اقتدار پر قبضہ کیا تھا۔ اس انقلاب کو خون میں ڈبو دیا گیا۔ اس کے بعد بارہ سال مارکس نے سوشلزم اور کمیونزم کے نظریات اور لائحہ عمل کو مزید نکھارنے اور وسعت دینے میں گزار دئیے۔ سوویت یونین بھی 70 سال بعد ٹوٹ گیا۔ لیکن کیا مارکسزم کا نظریہ غلط ثابت ہو گیا؟ کیا استحصال، طبقاتی تفریق اور کشمکش ہی ختم ہو چکی ہے؟ فوکویاما کے پیروکار درحقیقت سرمایہ داری کی اپنی بربادی اور تاریخی متروکیت کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔
معاشروں کو بدلنے والے انقلابات برپا کرنے کے لئے سوچ اور فکر کی بے باکی اور تاریخی وسعت درکار ہوتی ہے۔ تنگ نظر شعور، چھوٹی سوچ اور سطحی فکر صرف وقتی کیفیات اور ظاہریت تک محدود ہوتی ہے۔ اگر تاریخی ارتقا کے اعتبار سے دیکھا جائے تو نسلِ انسانی کی تاریخ میں دہائیاں بھی چند لمحات کی طرح ہوتی ہیں۔ انسانوں کی زندگیاں بھی بہت مختصر ہوتی ہیں‘ لیکن جب تک کسی معاشرے میں طبقات موجود رہیں گے ان کے درمیان کشمکش بھلا کیسے ختم ہو سکتی ہے؟ طبقاتی جدوجہد بھلا کیسے مٹ سکتی ہے؟ لینن نے بالشویک انقلاب کے بعد اپنی تصنیف 'مارکسزم کے تین اجزائے ترکیبی‘ میں واضح کیا تھا کہ مارکسزم اس لئے اٹل ہے کہ یہ سچ ہے اور اگر ہمیں آج بھی اس سے بہتر سائنسی نظریہ ملتا ہے تو ہم اسے خیرباد کہنے میں ایک لمحہ ضائع نہیں کریں گے۔ آج کی سب سے بڑی سچائی بھی یہی ہے۔ مارکسزم کا متبادل کوئی ایسا فلسفہ اور نظریہ نہیں آ سکا جو سائنسی بنیادوں پر نہ صرف سماج کی تشریح اور وضاحت کر سکے بلکہ محرومی، جبر اور استحصال سے نجات کا راستہ اور منزل بھی واضح کرے۔