تحریر : ڈاکٹر لال خان تاریخ اشاعت     16-05-2018

حقوقِ نسواں کا سوال

سرمایہ دارانہ نظام کے تحت محنت کش طبقات کی خواتین دوہرے جبر و استحصال کا شکار ہیں۔ بالخصوص پاکستان جیسے پسماندہ سماجوں میں طبقاتی استحصال کے ساتھ ساتھ مردانہ برتری اور جنسی زیادتیوں پر مبنی رویوں، اقدار اور روایات نے خواتین کی اکثریت کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ یہ درست ہے کہ ترقی یافتہ سرمایہ دارانہ ممالک کی خواتین نے کئی صدیوں پر مبنی جدوجہد کے ذریعے بہت سی آزادیاں اور حقوق حاصل کئے ہیں لیکن آزادی نسواں وہاں بھی ادھوری ہے، پدر شاہی کی جکڑ اور جبر موجود ہے اور کئی حوالوں سے مغربی معاشروں کی خواتین کی زندگیاں یہاں سے زیادہ اذیت ناک ہیں۔ جب بھی جنسی بنیادوں پر جبر و استحصال اور خواتین کے حقوق کی بات آتی ہے تو بالعموم دو رجحانات دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ایک طرف 'لبرلزم‘ کی سوچ ہے، جو زیادہ تر این جی اوز اور نام نہاد 'سول سوسائٹی‘ میں پائی جاتی ہے اور خواتین کی آزادی کو مغربی لباسوں، میک اپ، ڈرائیونگ اور فیشن وغیرہ جیسے ایشوز سے جوڑتی ہے۔ اُن کی نظر میں بالائی مڈل کلاس کی خواتین کے ''مسائل‘‘ ہی اِس ملک کی تمام خواتین کے مسائل ہیں۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہاں خواتین کی وسیع اکثریت مناسب غذا، صاف پانی، رہائش اور صحت و صفائی کی بنیادی سہولیات سے ہی محروم ہے۔ حکومت پاکستان کے اپنے غذائی سروے کے مطابق 51 فیصد حاملہ خواتین جبکہ 50.4 فیصد غیر حاملہ خواتین خون کی کمی کا شکار ہیں۔ وٹامنز اور معدنیات کی کمی کے اعداد و شمار اِس سے بھی زیادہ المناک ہیں۔ اِسی طرح تقریباً 50 فیصد بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما ہی نامکمل ہے۔ 'حقوقِ نسواں‘ کی علمبردار این جی اوز اور لبرل حلقے ایسے خوفناک حقائق پر بات کرنے سے گریزاں ہیں کیونکہ یہ بحث پورے نظام پر ہی سوالیہ نشان لگا دیتی ہے۔ لبرلزم بنیادی طور پر سرمایہ داری کا کلاسیکی نظریہ ہے اور طبقاتی غلامی پر مبنی نظام کی نمائندگی کرنے والے کسی بھی نظریے کے مطابق 'آزادی‘ کا مطلب غلام بننے یا بنانے، استحصال کرنے یا کروانے کی آزادی ہی ہو سکتا ہے۔ 'آزاد منڈی‘ کے اِس نظرئیے کی رو سے عورت کی حیثیت بھی منڈی کی جنس سے زیادہ نہیں ہے جسے اپنا جسم بیچنے (چاہے اس کی شکل کوئی بھی ہو) کی 'آزادی‘ حاصل ہونی چاہئے۔ لبرلزم کے برعکس قدامت پرستی اور بنیاد پرستی ہے جو عورت کو چادر اور چار دیواری میں قید کر کے سماج کی ہر سرگرمی اور ہر شعبے سے کاٹ دینا چاہتی ہے۔ اس کے نزدیک عورت کی اپنی کوئی خواہش، کوئی چاہت، کوئی مرضی و منشا نہیں ہونی چاہئے اور اسی میں عورت کی 'نجات‘ مضمر ہے۔ لیکن محنت کش طبقات کے پاس اتنی سکت نہیں ہوتی کہ عورت کو چار دیواری تک محدود رکھ کے گھر چلایا جا سکے۔ ایسے میں غریب طبقات کی خواتین کو اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لئے ناگزیر طور پر اجرتی محنت کرنی پڑتی ہے۔ کھیتوں کھلیانوں، فیکٹریوں یا امرا کے گھروں میں برقعے پہن کر مشقت نہیں کی جا سکتی۔ پچھلی کچھ دہائیوں سے درمیانے طبقات میں برقعے وغیرہ کا رجحان بڑھا ہے جو خواتین میں عدم تحفظ کے احساس کی غمازی کرتا ہے۔ ہمارے جیسے معاشروں میں سرمایہ داری کے ارتقا نے قدامت پرستی کو ختم کرنے کی بجائے زیادہ زہریلا اور وحشت ناک بنا دیا ہے۔ درحقیقت ملائیت اور لبرلزم ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ایک ہی نظام کے رکھوالے ہیں اور ان کے تحت عورت کا استحصال مختلف یا متضاد طریقوں سے جاری رہتا ہے۔ 
خواتین کے حقوق اور آزادی کے سوال کو جب تک طبقاتی بنیادوں پر نہ سمجھا جائے کوئی حقیقت پسندانہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا۔ سرمایہ داری میں نہ صرف عورت کی حیثیت کا تعین اُس کے طبقے اور دولت سے ہوتا ہے بلکہ آزادی نسواں کے معانی بھی مختلف طبقات کی خواتین کے لئے بالکل مختلف ہیں۔ یہاں بالادست طبقات کی خواتین نہ صرف اپنی ملازمائوں بلکہ ملازموں کو بھی بد ترین تضحیک اور تحقیر کا نشانہ بناتی ہیں۔ کیا تپتی دھوپ میں سڑک پر مشقت کرتی عورت اپنے سامنے سے لاکھوں کروڑوں روپے کی ایئر کنڈیشنڈ گاڑی میں جاتی عورت کے 'برابر‘ ہے؟ کیا دونوں کے مسائل اور مفادات ایک ہیں؟ مسئلہ طبقاتی ہے۔ سرمایہ دار طبقات کی خواتین کے لئے 'آزادی‘ کا مطلب اپنے طبقے کے مردوں کے شانہ بشانہ محنت کش مرد و خواتین کا استحصال کرنے کی آزادی ہے۔ اِن خواتین کے مفادات محنت کش خواتین سے مختلف ہی نہیں متضاد ہیں اور وہ سرمایہ دارانہ نظام پر ضرب لگانے والی ہر تبدیلی کی مخالفت کریں گی۔ کیونکہ اپنے طبقے کے مردوں کے مقابلے میں اُن کی حیثیت کچھ بھی ہو، اِس سماج میں اُن کی بالادست حیثیت اور پرتعیش 'لائف سٹائل‘ اسی نظام سے مشروط ہے جو محنت کش مرد و خواتین کے استحصال پر مبنی ہے۔ اِسی طرح آج کل بہت سے سوشلسٹ خواتین و حضرات نے سوشلزم کو فیمنزم کیساتھ جوڑ کر عجیب و غریب اور متضاد نوعیت کی اصطلاحات بھی ایجاد کر لی ہیں۔ یہاں فیمنزم کی بھی بہت سی تعریفیں اور توجیہات موجود ہیں۔ لیکن انقلابی سوشلزم انسان کے ہاتھوں انسان کے استحصال اور محکومی کی ہر شکل کے خلاف علمِ بغاوت بلند کرتا ہے اور اس کے ثبوت کے لئے اپنے ساتھ کوئی دوسری اصطلاح جوڑنے کا مرہونِ منت نہیں ہے۔ مزید برآں محنت کش طبقے کی جڑت میں دراڑیں ڈالنے والا ہر تعصب اور تقسیم ردِ انقلابی کردار کی حامل ہوتی ہے اور سرمائے کی حاکمیت کو تقویت دیتی ہے، جس کے خلاف بے رحم جدوجہد کی جانی چاہئے۔ 
عورت کی محکومی کا آغاز سماج کی طبقات میں تقسیم کیساتھ ہوا تھا۔ اِس کا خاتمہ بھی طبقات کے خاتمے سے مشروط ہے۔ اِس حوالے 1917ء کا انقلابِ روس آج بھی مشعل راہ ہے جس کا آغاز ہی ٹیکسٹائل کی محنت کش خواتین نے کیا تھا۔ بالشویک پارٹی کی قیادت میں محنت کشوں کے اقتدار پر قبضے اور سوویت جمہوریہ کے قیام کے بعد جنسی بنیادوں پر اجرتوں میں فرق کا خاتمہ کیا گیا۔ خواتین کو نہ صرف ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا بلکہ سیاست سمیت ہر شعبے میں ان کی بھرپور شرکت کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اِسی طرح خواتین کو طلاق دینے کا اختیار بھی دیا گیا۔ زچگی کے دوران خواتین کو اجرت کیساتھ آٹھ ہفتوں کی چھٹی دینے کا قانون متعارف کروایا گیا۔ یہ وہ حقوق تھے جو انتہائی ترقی یافتہ سرمایہ دارانہ ممالک میں بھی خواتین کو کئی دہائیوں بعد تک حاصل نہ ہو سکے۔ لینن نے جون 1919ء میں بالکل بجا لکھا تھا کہ ''خواتین کی حیثیت میں بہتری کے لئے جو کچھ ہم نے ایک سال میں کیا ہے کوئی جمہوری پارٹی کسی انتہائی ترقی یافتہ بورژوا جمہوریت میں پچھلی کئی دہائیوں کے دوران اُس کا ایک سواں حصہ بھی نہیں کر پائی ہے۔‘‘ چنانچہ خواتین کو گھریلو مشقت سے نجات دلانے کے لئے اشتراکی باورچی خانوں، لانڈریوں اور کنڈر گارٹن اداروں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ سوویت یونین میں 1970ء کی دہائی میں 75 فیصد اساتذہ، 95 فیصد لائبریرین، 98 فیصد نرسز اور 75 فیصد ڈاکٹر خواتین تھیں۔ خواتین پی ایچ ڈی سکالرز اور سائنسدانوں کی تعداد ہزاروں میں تھی۔ عصمت فروشی ناپید تھی۔ لیکن سرمایہ داری کی بحالی کے بعد سے یہ لعنت سابقہ سوویت ممالک (بالخصوص مشرقی یورپ اور وسط ایشیا) کی پہچان بن چکی ہے۔ 
ریپ، تیزاب گردی، جنسی ہراسانی اور غیرت کے نام پر قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات ایک ایسے نظام کی ناگزیر پیداوار ہیں جو تاریخی طور پر متروک ہو کر سماج کو آگے بڑھانے سے قاصر ہو چکا ہے۔ ٹھہرائو ہمیشہ تعفن کو جنم دیتا ہے۔ معاشرے جب آگے نہیں بڑھ پاتے تو ناگزیر طور پر وحشت اور بربریت میں غرق ہونے لگتے ہیں۔ یہاں خواتین کی حفاظت کے لئے بہت قوانین بنے ہیں اور شاید آگے بھی بنتے رہیں گے۔ لیکن یہاں انصاف بھی پیسے سے ہی خریدا جا سکتا ہے۔ صرف محنت کش طبقہ ہی اِس نظام کی ذلتوں اور بربادیوں سے نسل انسان کو نجات دلا سکتا ہے اور محنت کش خواتین کی بھرپور شرکت کے بغیر کوئی بھی انقلاب کبھی فتحیاب نہیں ہو سکتا۔ آزادی نسواں آخری تجزئیے میں طبقاتی جبر و استحصال سے آزادی کی متقاضی ہے۔

 

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved