تحریر : حافظ محمد ادریس تاریخ اشاعت     05-06-2018

اعتکاف اور دوزخ سے نجات

اللہ کا بندوں پر فخر
صیامِ ماہ رمضان ‘اعتکاف اور لیلۃ القدر کی تلاش اتنا عظیم عمل ہے کہ آنحضورؐنے اس کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ان مواقع پر اللہ اپنے بندوں پر فخرکرتا ہے۔ امام بیہقی نے حضرت انس بن مالکؓ کی روایت نقل کی ہے‘ جس کا ترجمہ یوں ہے''رسول اکرمؐ نے فرمایا:جب لیلۃ القدر ہوتی ہے‘ تو جبریل ؑ ملائکہ کے ایک جھرمٹ میں اترتے ہیں اور ہر اس بندے کے لیے دعا کرتے ہیں ‘جو اس وقت کھڑاہوا یا بیٹھا ہوا‘ اللہ عزوجل کا ذکر کر رہا ہو(جاگ رہا ہو اور عبادت کر رہاہو)پھر عیدالفطر کا دن ہوتا ہے‘ تو اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر اپنے ملائکہ کے سامنے فخر کرتا ہے اور انہیں مخاطب کرکے فرماتا ہے کہ اے میرے فرشتو!اس اجیر (مزدور)کی جزا کیا ہے‘ جس نے اپنے ذمے کا کام پورا کردیا۔فرشتے عرض کرتے ہیں کہ اے ہمارے پروردگار اس کی جزا یہ ہے کہ اس کی مزدوری اسے پوری پوری دے دی جائے۔اللہ تعالیٰ جواب دیتا ہے کہ اے میرے ملائکہ ! میرے ان بندوں نے اپنا وہ فرض ادا کردیا‘ جو میں نے ان پر عائد کیا تھا‘پھر اب یہ گھروں سے(عید کی نماز ادا کرنے اور)مجھ سے گڑگڑا کر مانگنے کے لیے نکلے ہیںاور میری عزت اور میرے جلال کی ‘اور میرے کرم اور میری علوِّشان کی‘اور میری بلند مقامی کی قسم ہے کہ میںان کی دعائیںضرور قبول کروںگا‘ پھر اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو مخاطب کرکے فرماتا ہے:جائو میں نے تمہیں معاف کردیا اور تمہاری برائیوں کو بھلائیوں سے بدل دیا۔حضورؐ نے فرمایا کہ پھر وہ اس حالت میں پلٹتے ہیں کہ انہیں معاف کر دیا جاتا ہے‘‘(سنن بیہقی )
نبی اکرمؐ عام دنوں میں بھی عبادت کا بڑا اہتمام فرمایا کرتے تھے‘ مگر رمضان میں تو شان ہی نرالی ہوتی تھی۔شعبان ہی میں کمرِ ہمت باندھ لیتے اور رمضان کی آمد کے ساتھ نیکیوں میں یوں مشغول ہو جاتے‘ جیسے تند و تیز ہو اچلنے لگتی ہے‘ پھررمضان کا آخری عشرہ تو بالخصوص آپ ؐ کے انہماک و وارفتگی کی ایسی تصویر پیش کرتا کہ سبحان اللہ!حضرت عائشہ صدیقہؓ کی زبانی امام مسلم نقل فرماتے ہیں کہ رسول اللہ‘ رمضان کے آخری عشرے میں عبادت الٰہی میں جس قدر محنت و مشقت فرمایا کرتے تھے‘اس کی مثال کسی اور زمانے اور ایام میں نہیں ملتی۔
رمضان کا آخری عشرہ
جیساکہ پہلے بیان کیا جاچکا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف نبی کریمؐ کی سنت مؤکدہ ہے۔ آپ ؐ نے ایک سال کے سوا ہمیشہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ اعتکاف میںگزارا۔ ایک سال آپؐ جہاد پر نکل جانے کی وجہ سے اعتکاف نہ کرسکے اور اگلے سال آپؐ نے دس کے بجائے بیس روز کا اعتکاف فرمایا۔اتفاق سے یہی حضور ؐ کا آخری اعتکاف تھا۔رمضان المبارک کا مہینہ ہر سال ہمارے اوپر سایہ فگن ہوتاہے۔اس میں امت مسلمہ کے لیے اللہ نے اپنی بے پایاں رحمت سے لیلۃ القدر کی نعمت ِ عظمیٰ مقدر کر رکھی ہے۔اس کی تلاش پورے رمضان المبارک میں ہونی چاہیے‘ مگر آخری عشرہ خصوصی توجہ کا مستحق ہے‘جو مسلمان بھی اعتکاف کر سکتا ہو اُسے اپنا دامن بھرنے کے لیے ضرور اس کا اہتمام کرنا چاہیے۔
اعتکاف کی مدت
آپ دس روز اعتکاف نہ بھی کرسکیں‘ تو مسجد میں کچھ دیر کے لیے بھی اعتکاف کی نیت سے بیٹھ سکتے ہیں۔بہرحال مطلوب تو یہی ہے کہ آپ اعتکاف میں دس روز لگائیں۔یہی مسنون اعتکاف ہے۔یہ اعتکاف اجتماعی ہو تو اس کے نتائج و ثمرات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔یہ بات قابل ترجیح ہے کہ اپنے محلے یا بستی کی مسجد میں آپ اعتکاف کریں۔اعتکاف کے لیے اپنے ساتھی پہلے سے تلاش کرلیجیے‘ جو ساتھی آپ کی نظرمیں ہیں اور جن کو آپ دین حق کا کارکن اور ہم سفر بنانا چاہتے ہیں ان سے رابطہ کر لیجیے۔اعتکاف کے دس دنوں میں آپ اپنے اندر جتنا ذہنی انقلاب برپا کر سکتے ہیں شاید پورے سال میں اتنا ممکن نہ ہو۔اعتکاف کے دوران دنیوی باتوں اور دلچسپیوں سے مکمل اجتناب کیجیے۔ اعتکاف سنت کے عین مطابق ہونا چاہیے۔معتکِفانتہائی اشد ضرورت کے تحت اپنے معتکَف (اعتکاف کے لیے مختص گوشہ) سے باہر نکل سکتا ہے‘ مثلاً؛ قضائے حاجت اور وضو وغیرہ کے لیے یا غسل واجب ہو جائے ‘تو غسل کے لیے‘ اگر کوئی شخص کھانا پہنچانے والا نہ ہو تو کھانا لانے کے لیے جا سکتا ہے‘ مگر کسی سے کوئی غیر ضروری بات وغیرہ نہیں کرسکتا۔ یہ سارا عرصہ ذکروفکر‘نفل و عبادت‘مطالعہ و تلاوت‘ تعلیم و تعلّم اور خیر و بھلائی کے لیے وقف کردینا چاہیے ۔سہولت کے مطابق پورے چوبیس گھنٹے کا ٹائم ٹیبل پہلے سے ہی بنا لیجیے۔ دوران اعتکاف اس میں ردوبدل کرنا پڑے تو بھی مضائقہ نہیں۔اعتکاف کو محض استراحت اور نیند کا ذریعہ نہ بنائیے۔اس کے دوران خیر و برکت سے اپنا دامن بھرنے کی فکر کیجیے۔لیلۃ القدر کی تلاش میں راتوں کو بیشتر حصہ عبادت اور تلاوت میں گزاریے۔دل میں یقین رکھیے کہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمت سے آپ کو لیلۃ القدر کی نعمت عطا فرمائے گا۔ 
خواتین کا اعتکاف
خواتین بھی اعتکاف کر سکتی ہیں‘ مگر ان کا اعتکاف گھروں میں ہوتا ہے۔ اپنے حالات کے مطابق اپنے گھروں میں دوران اعتکاف جن باتوں کے اہتمام کا تذکرہ بالائی سطور میں ہواہے‘ خواتین کوانہی پر عمل کرناچاہیے‘ اگر خواتین کا کوئی ادارہ یا مرکز ہو اور وہ وہاں مقیم ہوں‘ تو وہ بھی اجتماعی اعتکاف کرسکتی ہیں اور اس میںکوئی مضائقہ نہیں‘ تاہم خاتون کا بہترین اعتکاف اس کے اپنے گھر ہی میں ہوتاہے۔
اعتکاف مرد کا ہو یا عورت کا‘اس میں روزہ ضروری شرط ہے
ہم اس مضمون کا اختتام حضرت ابوہریرہؓ کی بیان کردہ ایک حدیث پر کر رہے ہیں۔ اس حدیث میں نبی اکرم ؐ نے انتہائی اہم امور پر امت کو متوجہ کیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا ''اس شخص کی تباہی اور بربادی ہوجائے‘ جس کے سامنے میرا نام لیا جائے اور وہ مجھ پر درود نہ بھیجے۔‘‘ پھر فرمایا ''اس شخص کی تباہی اور بربادی ہوجائے‘ جس کی زندگی میں رمضان آیا اور گزر گیا‘ مگر اس نے اپنے گناہوں کی مغفرت کا کوئی اہتمام نہ کیا۔‘‘ اس کے بعد فرمایا ''اس شخص کی تباہی اور بربادی ہوجائے‘ جس نے اپنے والدین کو بڑھاپے میں پایا‘ مگر ان کی خدمت کرکے جنت کا مستحق نہ بن سکا۔‘‘ (حوالہ : احمد‘ مسلم‘ ترمذی) 
ایک روایت کے مطابق نبی اکرمؐ نے اپنے منبر پر تشریف فرما ہونے کے لیے پہلی سیڑھی پر قدم رکھا تو فرمایا ''آمین‘‘پھردوسری سیڑھی پر قدم رکھا‘ تو بھی فرمایا ''آمین‘‘۔ تیسری سیڑھی پر قدم رکھا تو پھر ''آمین‘‘ کو دہرایا۔ صحابہ کرامؓ نے پوچھا کہ یا رسول اللہ‘ آپؐ نے کس بات پر آمین کہا۔ آپؐ نے جواب دیا ـ''جبرئیل ؑ نے وہی الفاظ کہے تھے‘ جو میں نے تم کو بتائے ہیں‘ میں نے اس کے ہر جملے پر آمین کہا۔ آپ خود اندازہ کرلیجیے کہ نبی اکرم ؐاور جبرئیل ؑ کی دعا کس قدر مؤثر ہوتی ہے۔ ہمیں اس بات کا ہمیشہ اہتمام کرنا چاہیے کہ ختمی مرتبت ؐ کا اسم گرامی جب بھی کسی مجلس میں آئے ‘تو ہم ''صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ کہنا ہر گز نہ بھولیں۔ اسی طرح رمضان کو پورے اسلامی آداب کے ساتھ گزارنا چاہیے‘ تاکہ ہماری مغفرت ہوجائے۔

 

 

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved