تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     07-08-2018

سرخیاں ان کی‘ متن ہمارے

جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والی
حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکے گی: رانا تنویر
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ''جعلی مینڈیٹ سے اقتدار حاصل کرنے والی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکے گی‘‘ اور تھوڑے ہی عرصے بعد ہماری حکومت قائم ہو جائے گی اور چونکہ اُس وقت ن لیگ کی تقریباً ساری قیادت جیل میں ہوگی‘ اس لیے نوازشریف کی قیادت میں جیل سے ہی حکومت کرے گی‘ کیونکہ جیل سے نکلنے سے‘ انہوں نے انکار کردیا تھا‘ جس طرح انہوں نے جیل سے ہسپتال جانے سے انکار کیا تھا اور ہسپتال سے اصرار کرکے جیل میں آگئے تھے‘ کیونکہ وہ جیل سے اس قدر مانوس ہو چکے کہ باقی عمر جیل ہی میں بسر کرنے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''الیکشن کمیشن غیرجانبدار الیکشن کروانے میں مکمل طور پر ناکام رہا‘‘ ویسے ہی بہت اچھی بات ہے کہ ہر کام مکمل طور پر ہی سرانجام دینے چاہیے‘ کیونکہ اگر وہ نامکمل طور پر ناکام رہتی‘ تو سخت اعتراض ہوتا اور ہم اسے زیادہ شدت سے مسترد کرتے۔ آپ اگلے روز شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران جلد سیاست کی بند گلی کے مسافر بن جائیں گے: اویس نورانی
جمعیت العلمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ''عمران جلد سیاست کی بند گلی کے مسافر بن جائیں گے‘‘ جو ہم نے بند کر رکھی ہوگی‘ جسے کھلوانے کے لیے عمران خان ‘وہاں دھرنا دیں گے اور کچھ دے دلا کر یہ مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے‘ لیکن وہ مولانا فضل الرحمن کے کہنے پر دوبارہ بند کردی جائے گی‘ کیونکہ وہ اتنا سستے گلی کھولنے پر سخت ناراض ہوں گے‘ اس لیے عمران اب اس بند گلی میں ہی چلتے پھرتے حکومتی فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ''وزیراعظم کے انتخاب کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر بنانے پر مشاورت کریں گے‘‘ اور فیصلہ کریں گے‘ کہ اگر اس کام سے باز رہنا ہے‘ تو کن شرائط پر رہنا ہے‘ جس کا حتمی فیصلہ بھی مولانا ہی کریں گے‘ کیونکہ عالمی معاملات انہی کے مشورے سے طے کیے جاتے ہیں اور یہ سب کچھ جماعت کے مالی معاملات کے تناظر میں طے کیا جاتا ہے۔ آپ اگلے روز ایم ایم اے کے رہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
تحریک ِانصاف نے خریدوفروخت کی سیاست کے
پچھلے سارے ریکارڈ توڑ ڈالے: عزیزالرحمن چن
پاکستان پیپلزپارٹی‘ لاہور کے صدر حاجی عزیزالرحمن چن نے کہا ہے کہ ''تحریکِ انصاف نے خریدوفروخت کے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ ڈالے‘‘ حالانکہ ریکارڈ جیسی چیز کو توڑنے کی بجائے سنبھال کر رکھنا چاہیے‘ جبکہ ہم نے کبھی کوئی ریکارڈ نہیں توڑا‘ کیونکہ ہمیں اس کی ضرورت ہی پیش نہیں آتی تھی اور شہداء کے نام پر ہی اتنے ووٹ مل جاتے تھے کہ حکومت بنا کر خدمت کا عمل دھڑادھڑ شروع کر دیتے تھے اور زرداری صاحب سمیت دیگر معززین کو سر کھجانے کی بھی فرصت نہیں ملتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ''عمران خان سیاسی بصیرت سے نابلد ہیں‘‘ جس کا سبق انہیں گیلانی اور رحمن ملک سے مفت میں حاصل ہو سکتا تھا ‘کیونکہ عمران خان جیسا فقرہ اس کا معاوضہ ادا تو کر ہی نہیں سکتا تھا۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
حکومت سازی کے بعد ملک کی سیاست
نوازشریف کے ہاتھ میں ہوگی: پرویزرشید
مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ''حکومت سازی کے بعد ملک کی سیاست قیدی نوازشریف کے ہاتھ میں ہوگی‘‘ کیونکہ قیدی ہی سیاست کو اچھی طرح چلا سکتے ہیں‘ جبکہ جلد ہی شہبازشریف سمیت جملہ عمائدین ان کے ہمراہ ہوں گے اور مشاورتی عمل کامیابی سے ہمکنار ہوگا؛ اگرچہ نوازشریف نے کبھی کسی کے ساتھ مشورہ نہیں کیا اور جو کرنا ہو خود ہی کرتے اور کرنے کے بعد سوچتے ہیں‘ جس کے ہمیشہ مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں‘ جیسا کہ قومی اداروں کے خلاف بیان بازی انہوں نے حسب ِعادت سوچے سمجھے بغیر ہی کردی تھی‘ جس کا نہایت مثبت نتیجہ نکلا ہے اور وہ جیل میں اس فیصلے پر اب سوچ بچار کرناشروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ن لیگ کو جو ووٹ پڑے‘ دراصل ایک قیدی نے لیے‘ اور اگر دیگر معززین بھی بروقت جیل پہنچ جاتے‘ تو اس حساب سے زیادہ ووٹ پڑتے۔ آپ اگلے روز ایک قومی اخبار سے گفتگو کر رہے تھے۔
متحدہ اور پی ٹی آئی نے عجلت میں نکاح کیا ہے: منظور وسان
پیپلزپارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر منظور حسین وسان نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''متحدہ اور پی ٹی آئی نے عجلت میں نکاح کیا ہے‘‘ اور اسی عجلت میں چھوہارے بھی تقسیم نہیں کیے؛حالانکہ چھوارے بازار میں کثرت سے دستیاب ہیں‘ نیز یہ کہ دونوں کو تھوڑا عرصہ رومانس اور ڈیٹنگ میں گزارنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ''یہ نکاح زیادہ دیر نہیں چلے گا اور بہت جلد طلاق ہو جائے گی‘‘ اگرچہ ہمارے ہاتھ پھر بھی کچھ نہیں آئے گا‘ لیکن یہ بھی کیا کم ہے کہ میری پیش گوئی تو پوری ہو جائے‘ کیونکہ عرصے سے میری پیش گوئیاں مسلسل غلط ثابت ہو رہی ہیں‘ اس لیے اگر یہ بھی پوری نہ ہوئی‘ تو یہ کام چھوڑ کر کوئی اور دھندہ کرنا پڑے گا؛ اگرچہ دھندے تو ساتھ ساتھ کئی پہلے بھی چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ''سندھ میں کڑا احتساب ہوگا‘‘ اّلایہ شرمناک کارروائی نیب نے پہلے ہی شروع کردی ہے‘ جس سے پارٹی میں تشویش کی لہر تیزی سے دوڑ رہی ہے۔ آپ اگلے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
آج کا مطلع
نہ کوئی بات کہنی ہے‘ نہ کوئی کام کرنا ہے
اور‘ اس کے بعد کافی دیر تک آرام کرنا ہے 

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved