تحریر : بیرسٹر حمید باشانی تاریخ اشاعت     13-09-2018

نئی صف بندی میں ہم کہاں کھڑے ہیں؟

خارجہ امور بارے پڑھنا عام آدمی کے لیے اکتا دینے والا کام ہے۔ صحافی اور دانشور کے لیے بھی اس موضوع پر لکھنا آسان نہیں۔ لکھنے والے کئی قسم کے ہوتے ہیں۔ ایک وہ جن کے دل میں بقول فیض حرفِ حق کانٹے کی طرح کھٹک رہا ہوتا ہے، اور انہوں نے اپنے دل کی خلش مٹانے کے لیے اس کا اظہار کرنا ہوتا ہے۔ دوسرے وہ جو حرفِ حق کے چکر میں نہیں پڑتے۔ انہوں نے وہ حرف لکھنا ہوتا ہے، جو عوام کو پسند آئے، یا کم از کم وہ پڑھنے پر مجبور ہوں۔ یہ مقبولیت کے قائل ہوتے ہیں۔ خواہ سنسنی پھیلا کر ملے یا عوامی جذبات کی ترجمانی سے۔ تیسرے وہ ہوتے ہیں، جنہوں نے اہلِ حکم کی ترجمانی کرنی ہوتی ہے۔ ان کا قلم اہلِ حکم کی سوچ سے ہم آہنگ ہوتا ہے۔ ان کواہلِ حکم کے اشارے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی، وہ اہلِ حکم کی مرضی اور منشا کو خود ان سے بھی زیادہ جانتے ہیں؛ چنانچہ یہ لوگ بڑے نپے تلے الفاظ میں اہلِ حکم کی منشا کو اپنے الفاظ میں پیش کرتے رہتے ہیں۔ اہلِ قلم کی ایک قسم وہ بھی ہے، جن کے دل میں صرف غصہ، بغض اور تعصب پر مبنی خیالات ہوتے ہیں۔ وہ دوسرے لوگوں یا ملکوں میں صرف کیڑے نکالتے ہیں۔ ان کو نیست و نابود کرنے کا عہد دہراتے ہیں۔ یہ لوگ طعنہ بازی اور گالی گلوچ کو رائے سازی سمجھتے ہیں۔ اور متعصب خیالات کے اظہار کو کالم اور تجزیے کا نام دے کر ادارتی صفحات کو رونق بخشتے رہتے ہیں؛ چنانچہ ہمارے اخبارات کے ادارتی صفحات پر اس طرح کے کالم کم ہی نظر آتے ہیں، جو ہمیں اکثر واشنگٹن پوسٹ ، نیو یارک ٹائمز، لی موند ، فارن پالیسی میگزین، دی گارڈین یا پیپلز ڈیلی وغیرہ میں نظر آتے ہیں۔ چنانچہ پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد امریکی وفد کی اسلام آباد آمد اور اس کے اثرات و نتائج پر سوائے ایک آدھ کے کوئی سنجیدہ تحریر نظر نہیں آئی۔ گاہے انگریزی اخبارات میں خارجہ امور پر کوئی پُر فکر یا با معنی مضمون سامنے آتا ہے، مگر یہ رائے عامہ پر اثر انداز نہیں ہوتا کہ عوام انگریزی اخبارات کم ہی پڑھتے ہیں، اور خواص مضامین پڑھ کر اپنی رائے بنانے یا بدلنے کے قائل نہیں۔ ویسے بھی امریکہ پاکستان تعلقات کے باب میں اب ایسی کوئی گتھی باقی نہیں رہی۔ ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کے بعد امریکی فارن پالیسی میں راز داری کا عنصر تقریباً غائب ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے خارجہ تعلقات پر خیالات کا اظہار ہی اس بات سے کیا تھا کہ اس دنیا میں کوئی دشمن ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا؛ البتہ دکھ کی بات یہ ہے کہ ہمارے دوستوں نے ہمیں لوٹ لیا ہے‘ ہمیں ہمارے اتحادی ایک مدت سے بڑی بے دردی سے لوٹ رہے ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم یہ لوٹ مار بند کریں۔ انتخابی مہم میں یہ بات کہنا اور بات تھی۔ یا شاید ٹویٹر اور سوشل میڈیا پر یہ بات کہہ دینا بڑی بات نہ سمجھی گئی ہو‘ مگر اس بات کے رد عمل میں عام خیال یہ تھا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد دنیا کی پیچیدہ سیاست کے عملی تقاضوں کے پیش نظر امریکی وزارتِ خارجہ اور ڈیفنس سے مشورے یا بریفنگ کے بعد صدر ٹرمپ اس باب میں اپنے خیالات اور لہجے میں نرمی پیدا کریں گے‘ مگر جب صدر ٹرمپ نے برسلز میں نیٹو کے اجلاس میں اپنے ان خیالات کا اظہار اور زیادہ کھلے ، بلکہ غیر مہذب انداز اور اکھڑ مزاجی سے کیا تو دنیا کو یقین آنا شروع ہو گیا کہ جہاں تک امریکہ کے ساتھ تعلقات کا تعلق ہے تو دنیا واقعی بدل گئی ہے، اور جتنا جلدی ہو سکتا ہے اس حقیقت کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ نیٹو کے اس اجلاس میں صدر ٹرمپ نے جو فرمایا شاید عام حالات میں کوئی اس پر یقین نہ کرتا، لیکن بشکریہ سوشل میڈیا‘ اپنے اتحادیوں کے ساتھ صدر ٹرمپ کی اس جھڑپ نما ملاقات کی شاہکار وڈیو انٹرنیٹ پر موجود ہے، جس پر یقین کرنے کی کوشش میں کئی لوگ اسے بار بار چلا کر دیکھ رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اپنے ان قریب ترین اتحادیوں کو جو ایک وقت میں دنیا میں امریکی بالا دستی کے لیے ناگزیر سمجھے جاتے تھے‘ انتہائی بد تمیزی اور رعونت سے بتایا کہ وہ ایک مدت سے امریکہ سے بہت زیادہ ناجائز فائدہ اٹھاتے آ رہے ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ یہ سلسلہ بند کیا جائے۔ اس بیان میںانہوں نے سفارتی زبان کی شوگر کوٹنگ کرنے کی کوشش بھی نہیں کی۔ انہوں نے قریبی اتحادی ہونے، ایک جیسی اقدار کا حامل ہونے، اور ایک عظیم مقصد کے لیے باہم متحد ہونے کا معروف امریکی روایتی منتر دہرانے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں کی۔ اس کے بجائے انہوں نے صاف صاف کہا کہ ہم جرمنی کو روس کے خلاف تحفظ دیتے ہیں، اور جرمنی روس سے تیل کی پائپ لائن جیسے معاہدے کر کے روس کے خزانے بھر رہا ہے۔ آپ کے نزدیک ایسا کرنا شاید درست ہو ، لیکن میں اسے قطعی طور نا مناسب سمجھتا ہوں۔ یعنی اگر آپ کو ہمارا تحفظ چاہیے تو آپ ہماری مرضی اور منظوری کے بغیر روس سے اس طرح کے معاہدے نہیں کر سکتے۔ صدر ٹرمپ نے اسی سانس میں یہ بھی واضح کیا کہ یہ جو تحفظ ہے ، یہ بھی پہلے کی طرح نہیں ہو سکتا۔ اس کے لیے آپ نے اپنے حصے کے اخراجات بھی ادا کرنے ہوں گے۔ ٹرمپ کی یہ باتیں جرمنوں سمیت کئی یورپی کانوں پر بم کی طرح گریں۔ مگر ان کو یقین ہو گیا کہ صدر ٹرمپ سنجیدہ ہیں۔ گو کہ یہ لب و لہجہ کسی کو بھی پسند نہیں آیا۔ اس لب و لہجے کی سب سے زیادہ خود امریکہ کے اندر سے مذمت ہوئی‘ مگر اس سے حقیقت پر کوئی فرق نہیں پڑا کہ اب امریکی پالیسی کیا ہو گی۔ جو امریکی اس پر بلبلا اٹھے تھے‘ وہ بھی اب خاموش ہیں کہ وقتی طور پر یہ پالیسی توقع سے زیادہ پھل دے رہی ہے، اور امریکی معیشت کے لیے سود مند ثابت ہو رہی ہے۔ اس پالیسی کے معاشی حاصلات اتنے نمایاں ہیں کہ ٹرمپ صاحب آئندہ انتخابات بھی جیتنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
پاکستان کے باب میں بھی صورت حال مختلف نہیں ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اگر اپنے قریبی ترین اتحادیوں کے لیے یہ رویہ اختیار سکتے ہیں، تو ان سے کسی قسم کی رو رعایت کی توقع عبث ہے۔ روس اور جرمنی کے تجارتی اور معاشی تعلق کی طرح صدر ٹرمپ چین اور پاکستان کے معاشی اور تجارتی تعلق کو بھی اسی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس بات کا دبی زبان میں اظہار پاکستانی امداد اور چینی قرضوں کے تناظر میں ہو چکا ہے۔ اور آنے والے وقتوں میں اس کا کھلا اظہار بعید از قیاس نہیں۔ 
حاصلِ کلام یہ ہے کہ دنیا میں نئی صف بندیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ ٹرمپ کے زیر اثر نئی امریکی پالیسیوں کے بعد دنیا میں ملٹی پولر طاقتوں کے ابھرنے کا عمل تیز ہوا ہے۔ اب یہ بات واضح ہے کہ دنیا میں واحد سپر طاقت کی جگہ طاقت امریکہ، روس اور چین کے درمیان تقسیم ہو رہی ہے۔ اس تقسیم کی وجہ سے پاکستان میں کچھ تجزیہ کار پاکستان کے لیے زیادہ جگہ اور امکانات دیکھتے ہیں۔ یہ امکانات پیدا ہو سکتے ہیں، اگر پاکستان ماضی کی طرح اپنے سارے انڈے ایک ٹوکری میں رکھنے کی پالیسی کے بجائے ایک متوازن پالیسی اختیار کرے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو امریکہ میں جب تک فارن پالیسی صدر ٹرمپ اور ان کے ہم خیال لوگوں کے زیر اثر رہے گی، پاکستان کے لیے امریکی امداد یا قرضوںکے امکانات محدود ہی رہیں گے ۔ اس معاملے میں وہی دلیل دہرائی جائے گی، جو نیٹو میں دہرائی جا چکی ہے کہ ہم پاکستان کو اتنی امداد یا قرضے دے رہے ہیں، اور پاکستان سی پیک کے منصوبوں اور قرضوں کے ذریعے چین کو فائدہ دے رہا ہے، جو امریکی مفادات کے خلاف ہے۔ اور یہ کہ پاکستان ہم سے لے تو رہا ہے، مگر بدلے میں وہ دینے کو تیار نہیں جس کی ہم توقع رکھتے ہیں۔ جبکہ امریکہ اب لین دین ، حساب کتاب اور سودے کاری کے باب میں اپنی تاریخ کی سخت ترین، یک طرفہ اور بے رحم پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved