(سوال کے ساتھ) بائیں ہاتھ کا پرنٹ اور مبلغ دو سو روپے فیس بھجوانا ضروری ہے، تاہم پرنٹ بھجواناکچھ خاص ضروری نہیں)
ڈیرہ غازی خاں سے خوش حال خان
نواز شریف زرداری ملاقات کی خبر سُن کر شادی مرگ ہونے کا خطرہ ہے، اس لیے دل کو تقویت دینے والی ادویات کا استعمال جلد از جلد شروع کرنا ہوگا۔ آئندہ امتحان میں لڑکے کی کامیابی مشکوک ہے، اس لیے گاہے بگاہے اس کی ٹھکائی مُفید نتائج پیدا کر سکتی ہے۔ گھریلو ناچاقی میں اضافے کا خطرہ ہے۔ اس لیے صاحبزادے کے ساتھ ساتھ اہلیہ محترمہ کا باجماعت بندوبست بہتر نتائج پیدا کر سکتا ہے۔ البتہ ہڈی توڑنے سے پرہیز کریں کیونکہ تشدد کوئی پسندیدہ طرزِ عمل نہیں ہے۔ سر کا درد سارا ہفتہ جاری رہے گا، تاہم، اسے سردردی بنانے کی کوشش نہ کریں۔
بہاول پور سے نشاط فاطمہ
چور ہفتے میں دو بار آئیں گے۔ تاہم، پولیس کے ساتھ زیادہ بنائے رکھنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ چوروں نے ان کے ساتھ پہلے ہی بنا رکھی ہوئی ہے۔ سہیلی کو گھر میں زیادہ نہ آنے دیں کہ آخر آپ کا خاوند بھی بندہ بشر ہے۔ ہمسائی نئے زیورات خریدے گی، کسی نہ کسی طرح اس پریشانی کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں، بہتر ہے کہ کچھ عرصے کے لیے کہیں سیر سپاٹا کر آئیں۔ ہنڈیا جل جائے تو روٹیاں بھی جلانے کی کوشش کریں تاکہ پتا ہی نہ چل سکے کہ دونوں میں سے کیا چیز زیادہ جلی ہوئی ہے۔ سمندر پار سے بُری خبر ملے گی، ویسے اندرون ملک سے بھی کسی اچھی خبر ملنے کا امکان کم ہی ہے۔ بیماری کا حملہ ہوگا۔ بہتر ہوگا کہ اس سے پہلے آپ خود اس پر حملہ آور ہو جائیں۔ بچوں کا جیب خرچ خود ہضم کرنے پر پکڑی جائیں گی۔ لہٰذا دوسری مدّات میں سے پیسے بچانے کی کوشش کریں۔ ہفتہ بھر مہمانوں کا زور رہے گا اور سوائے صبر کے کوئی چارہ نہیں۔
قصور سے مرزا بے قصور بیگ
آپ کا یہ ہفتہ گزرنے کا بظاہر کوئی امکان نہیں۔ لہٰذا بہتر ہے کہ آپ خود ہی گزر جائیں۔ چھوٹا لڑکا گھر سے بھاگ جائے گا۔ چنانچہ خرچہ کم ہونے کا امکان ہو سکتا تھا لیکن سسرال والے آ براجمان ہوں گے۔ آپ اپنی سیاسی جماعت تبدیل کر لیں گے لیکن نئی جماعت پہلی سے بھی بدتر ثابت ہوگی اور زیادہ زور چندے پر دے گی چنانچہ کوئی مذہبی سیاسی جماعت ٹرائی کریں۔ سرکار کی روزگار سکیم کے قرضے کے لیے ہاتھ ماریں کامیابی ہوگی اور وقتی طور پر دن پھر جائیں گے۔ ایک جذباتی مسئلہ بدنامی کا باعث ہوگا،تاہم یہ کسی غیر جذباتی معاملے پر بدنام ہونے سے بدرجہا بہتر ہے۔ گھر کی سیڑھیوں سے گرنے سے چوٹ لگنے کا احتمال ہے لہٰذا چڑھنے اُترنے کے لیے سیڑھیوں کے بجائے پائپ یا رسّہ استعمال کریں۔ سرکاری جلسے جلوس میں شمولیت مفید رہے گی بشرطیکہ مناسب معاوضہ دستیاب ہو۔
فیصل آباد سے جانبازجیالا
پارٹی لیڈر شپ سے اختلاف پیدا ہوگا تاہم رانا ثناء اللہ کے مشوروں سے بچیں۔ ایک بہت سستی بھینس دستیاب ہوگی لیکن بعد میں چوری کی نکلے گی اور جیل جاتے جاتے بچیں گے۔ اپنے ہمسائے سے ہوشیار رہیں کیونکہ وہ بھی کچھ عرصے سے آپ سے ہوشیار رہنے لگا ہے۔ ہمسائے کی بیوی سے لڑائی ہوگی جو کہ اصولی طورپر غلط ہے کیونکہ لڑائی ہمیشہ اپنی بیوی سے ہونی چاہیے۔ مکان کی ایک دیوار کی کھدائی سے خزانہ دستیاب ہوگا جس کی خوشی آپ سے برداشت نہ ہو سکے گی اور آپ کو ہسپتال داخل کروا دیا جائے گا جہاں آپ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہیں گے اور اس دوران سارے خزانے پر حکومت اپنی ملکیت جتا کر قبضے میں لے لے گی اور آپ دیکھتے کے دیکھتے رہ جائیں گے بلکہ ہسپتال کے اخراجات کی وجہ سے مقروض بھی ہو جائیں گے ایک بہت قریبی دوست بیوفائی کرے گا کیونکہ اسے آپ کے ارادوں کی بروقت خبر ہو جائے گی۔
مُرید پور سے پیر بخش
کم و بیش سارا ہفتہ ہی مقامی تھانے کی حوالات میں گزرے گا۔ پولیس کے ساتھ جو وعدہ کریں اسے پورا بھی کیا کریں۔ پولیس تشدد سے ایک دانت ٹوٹ جائے گا، تاہم یہ دانت کھٹے ہونے سے کہیں بہتر ہے۔ آپ کے نام آیا ہوا ایک محبت نامہ پکڑا جائے گا، چنانچہ بیوی ضمانت کرانے سے انکار کر دے گی۔ ہفتہ کے آخری دنوں میں بخار بھی رہے گا، لہٰذا دل کا بخار نکالنے کی کوشش کریں۔ دھوبی کپڑے بیچ کر اپنے واجبات پورے کرے گا۔ بجلی کا کنکشن بل کی عدم ادائیگی پر کٹ جائے گا لہٰذا آسمانی بجلی پر گزارہ کرنا ہوگا۔ بیوی غلط دوا استعمال کرنے سے بیمار پڑ جائے گی لیکن زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ بالآخر صحت یاب ہو جائے گی کیونکہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔ خواب میں خوفناک مناظر دکھائی دیں گے، تاہم جاگنے پر بھی کچھ زیادہ اچھے مناظر دکھائی نہیں دیں گے، اس لیے جاگنے سے سونا بہتر رہے گا۔
پیش گوئی ٹریننگ سنٹر
ہمارے سنٹر سے پیشین گوئی کی ٹریننگ حاصل کر کے مہینوں بلکہ ہفتوں میں ایک سند یافتہ نجومی ہونے کا شرف حاصل کریں۔ بے روزگار حضرات خصوصی توجہ دیں۔ ستاروں کے علاوہ پیش گوئی کا فن جادو ٹونے سے بھی سکھایا جاتا ہے جس کیلئے ماہر عامل حضرات کی خدمات دستیاب ہیں۔ حتیٰ کہ آپ جِن بھی نکال سکیں گے جبکہ ہمارے ہاں سے کم خرچ مؤکل بھی مل سکتے ہیں۔ ہمارا اپنا کاروبار اس لیے ترقی نہیں کر سکا کہ ایک تو ہم زرا نالائق واقع ہوئے ہیں اور دوسرے ہمارے اپنے اُستاد نے ہمارا ہاتھ دیکھ کر بتایا تھا کہ کامیابی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، چونکہ اُستاد صاحب خود کافی منحوس آدمی تھے۔ فیس مناسب، آزمائش شرط ہے۔ دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا، پہلے آؤ، پہلے پاؤ وغیرہ وغیرہ۔
فٹا فٹ نجوم سنٹر، کچا ساندہ روڈ، لاہور
آج کا مقطع:
کیا بُرا کہیے اُس کو، ظفر
جس کو اچھا کہا اتنی دیر