گورکھ دھندا ‘ یعنی سمجھ میں نہ آنے والامعاملہ‘ کوئی ایسی چیز جس کا ایک کونا بٹھاؤ ‘تو دوسرا نکل آتا ہے۔ سمجھ سے بالا تر۔کوئی معما۔ ایک پہیلی(بجھارت) ایک پیچیدہ قفل ‘جس کا کھولنا مشکل ہوتا ہے۔ایسا ہی ایک پیچیدہ معاملہ یہاں درپیش ہے۔
''گھی کیوں مہنگا ہو گیا؟‘‘
''بجلی مہنگی ہو گئی تھی‘‘۔
''بجلی کیوں مہنگی ہوئی ؟‘‘
'' تیل مہنگا ہو گیا تھا‘‘۔
'' تیل کیوں مہنگا ہوا؟‘‘
''عالمی منڈیوں میں نرخ بڑھ گئے تھے‘‘۔
''نرخ کتنے بڑھ گئے تھے؟‘‘
''ایک روپیہ فی لیٹر‘‘۔
'' ہمیں تیل کتنے میں پڑتا ہے؟‘‘
''95روپے فی لیٹر‘‘۔
''فروخت کس بھائو ہوتا ہے؟‘‘
''قریباً60روپے فی لیٹر عالمی منڈیوں سے ملتا ہے۔95 روپے لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔ایک لیٹر مہنگا ہونے سے تو نفع میں ایک روپیہ کمی آئی‘ مہنگائی کا بوجھ کہاں پڑا؟‘‘
''آمدنی میں تو ایک روپیہ کمی ہو جاتی ‘‘۔
''جب تیل عالمی منڈیوں سے سستا ملتا ہے‘ تواس کا فائدہ عام آدمی کو کیوں نہیں ہوتا؟‘‘
''اس سے آپ کا کیا مطلب؟‘‘
'' مطلب یہ ہے کہ تیل مہنگا فروخت ہونے پر بجلی مہنگی کر دی جاتی ہے‘‘۔
''آپ کو پتا ہے بجلی کیوں مہنگی ہوتی ہے؟‘‘
'' آپ ہی بتا دیں‘‘۔
'' بجلی مہنگی ہونے کی وجہ یہ ہے کہ گیس مہنگی ہو گئی‘‘۔
''اور گیس مہنگی ہونے کی وجہ؟‘‘
''گیس کی عالمی قیمتیں‘‘۔
''یہاں80فیصد گیس کون نکالتا اور بیچتا ہے؟‘‘
''پاکستانی کمپنیاں‘‘۔
''انہیں عالمی قیمتوں سے کیا فرق پڑا؟‘‘
''تیل جو مہنگا ہو گا‘‘۔
''تیل کا گیس کے نرخوں سے کیا واسطہ؟‘‘
''تیل کی مہنگائی سے بجلی مہنگی ہو گئی اور گیس کمپنیوں کے دفاتر میں بجلی کے بل بڑھ گئے‘‘۔
'' وہ بل کیوں بڑھ گئے؟‘‘
'' گیس مہنگی ہو گئی تھی‘‘۔
''اچھا تو دوبارہ بتا دیں‘ گیس کیوں مہنگی ہوئی؟‘‘
''گھی مہنگا ہو گیا تھا‘‘۔
''اللہ کے بندے گھی کی مہنگائی کا گیس سے کیا تعلق؟‘‘
''آپ کے گھر کی پہلی ضرورت کیا ہے؟‘‘
''گھی‘‘۔
''گھی کس چیز سے گرم ہوتا ہے؟‘‘
'' گیس سے‘‘۔
''بس اسی وجہ سے گھی مہنگا ہوا‘‘۔
''کہا نا؟ کہ بجلی مہنگی ہو گئی تھی؟‘‘
''یہاں مجھے بچوں کی ایک بجھارت یاد آگئی ‘ جو کچھ یوں ہے۔۔۔۔‘‘
'' پانی کہاں ہے؟‘‘
''مٹکے میں‘‘۔
''مٹکا کہاں ہے؟‘‘
''کچن میں‘‘۔
''کچن کہاں ہے؟‘‘
'' گھر میں‘‘۔
''گھر کہاں ہے؟‘‘
''شہر میں‘‘۔
'' شہر کہاں ہے؟‘‘
''پاکستان میں‘‘۔
''پاکستان کہاں ہے؟‘‘
''ایشیا میں‘‘۔
'' ایشیا کہاں ہے؟‘‘
''زمین پر‘‘۔
''زمین کے چاروں طرف کیا ہے؟‘‘
''پانی ہے‘‘۔
''یہی تو پوچھ رہا ہوں کہ پانی کہاں ہے؟‘‘
'مٹکے میں‘‘۔
'' مٹکاوہاں کیا کرتاہے؟‘‘
''مٹکتا ہے‘‘۔