تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     22-02-2019

سُرخیاں‘ متن اور عامرؔ سہیل کی نظمیں

حکومت کو اب مزید وقت نہیں دیں گے‘ جیل دوسرا گھر ہے: زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''حکومت کو اب مزید وقت نہیں دیں گے‘ جیل ہمارا دوسرا گھر ہے‘‘ کیونکہ ہمارا اپنا وقت اب ختم ہونے کو ہے تو حکومت کو کیا دیں گے؛ البتہ حکومت نے وقت دینے کیلئے ہمیں جو درخواست دے رکھی ہے‘ اُس پر ہمدردانہ غور کیا جا رہا ہے؛ اگرچہ حکومت ہمارے معاملات پر ہمدردانہ غور نہیں کر رہی‘ بلکہ آغا سراج دُرانی صاحب کی گرفتاری کے بعد باقی گرفتاریاں بھی جلدی ہی ہونے کا امکان ہے اور جہاں تک جیل کے ہمارا دوسرا گھر ہونے کا تعلق ہے تو ایسا لگتا ہے کہ وہ ہمارا پہلا گھر ہو کر ہی رہ جائے اور ہمارا پہلا گھر دوسرے گھر میں تبدیل ہو جائے اور ان دونوں پر لگی تختیاں بھی تبدیل ہو جائیں گی ‘کیونکہ تخت نہ رہے ‘تو تختی پر ہی گزارہ کرنا پڑتا ہے؛ چنانچہ اب مولانا فضل الرحمن کو اس بات پر راضی کیا ہے کہ نون لیگ کو ہمارا ساتھ دینے پر راضی کرے‘ انہیں واپسی رکشے کا کرایہ بھی دیا ہے‘ جس پر وہ بہت خوش تھے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
پائی پائی امانت سمجھ کر عوام پر خرچ کر رہے ہیں: عثمان بزدار
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''پائی پائی عوام کی امانت سمجھ کر خرچ کر رہے ہیں‘‘ کیونکہ ہمیں ملا ہی پائیوں کی صورت میں ہے ‘لیکن پائی کا تو بازار میں کچھ بھی نہیں ملتا اور آگے سے یہی کہا جاتا ہے کہ یہ تو سکہِ رائج الوقت نہیں اور جس کا مطلب ہے کہ ہمارے ساتھ فراڈ اور زیادتی ہوئی ہے‘ اس لیے ہماری گزارش یہ ہے کہ ہمیں پیسے کا منہ بھی دکھائیں؛ اگرچہ پیسہ بھی قصہ ماضی ہو چکا ہے ‘جبکہ ہم ماضی پرست ہرگز نہیں ہیں اور مستقبل پر یقین رکھتے ہیں؛ اگرچہ کارگزاری کے لحاظ سے ہمیں اپنا مستقبل بھی خاصا مخدوش نظر آتا ہے؛ حالانکہ سکھائی کا کام ہم پورے زور و شور سے سیکھ رہے ہیں‘ جبکہ سبق پورا یاد نہ کرنے پر چھٹی بھی نہیں ملتی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں سوائن فلو سے چھٹکارے کیلئے ہدایات جاری کر رہے تھے۔
نواز شریف کی صحت میں بہتری‘ جلد رہا ہو ں گے: شہباز شریف
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''نواز شریف کی صحت میں بہتری ہے‘ جلد رہا ہو جائیں گے‘‘ اگرچہ انہوں نے صحت کی ابتری کی بنیاد پر ہی ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے اور میرے اس بیان کے بعد اُن کی رہائی کا کوئی امکان باقی نہیں رہنا چاہیے‘ کیونکہ رہا ہو کر وہ ہمیں ہی کسی نئی مصیبت میں ڈالیں گے ‘جبکہ پہلے ہی ہم ان کے سخت بیانیوں کی سزا بھگت رہے ہیں اور اوپر سے میرا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے‘ جبکہ میں نے اپنی پوتی کی عیادت کیلئے لندن جانا تھا‘ جس کی تیمار داری کیلئے برخوردار حمزہ پہلے ہی وہاں پہنچ چکے ہیں اور وہاں اپنے قیام کی تاریخیں بڑھوا رہے ہیں‘ جن کا سلسلہ لامتناہی بھی ہو سکتا ہے‘ نیز وہ اپنے انکل اسحق ڈار کو واپسی کیلئے قائل کرنے میں میں بھی مصروف ہیں اور برخوردار کے خلوص کی انتہا دیکھیے کہ اپنی بقایا عمر اسی نیک مقصد کیلئے خرچ کرنے پر بھی تیار ہیں‘ جبکہ میں خود بھی اس اہم کام کیلئے لندن جانے کا ارادہ رکھتا تھا۔ آپ نواز شریف کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
پاکستان پر حملے کی بھارتی کوشش بھیانک غلطی ہوگی: پرویز مشرف
سابق صدر (ر) جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ''پاکستان پر بھارتی حملے کی کوشش بھیانک غلطی ہوگی‘‘ جبکہ ایسی ہی‘ بلکہ اس سے بھی زیادہ بھیانک غلطی میرے خلاف مقدمہ چلا کر کی جا رہی ہے اور میری دس سالہ خدمات کا کوئی خیال نہیں رکھا جا رہا۔کم از کم عمران خان ہی کو چاہیے کہ اس سلسلے میں کچھ کرتے ‘جیسا کہ میرے ریفرنڈم میں انہوں نے میری بھرپور مدد کر کے‘ بلکہ میرا پولنگ ایجنٹ بن کر اپنی جواں مردی کا ثبوت دیا تھا؛ اگرچہ وہ جواں مردی اب باقی نہیں اور بزرگی میں قدم رکھ دیا ہے اور اس بزرگی کا بھی تقاضا ہے کہ وہ اس سلسلے میں کچھ کریں؛ اگرچہ اُن کا زیادہ تر وقت اللہ اللہ کرنے اور تسبیح پھیرنے میں ہی گزرتا ہے‘ بلکہ اُنہیں چاہیے کہ میرے حق میں دُعا بھی کریں‘ کیونکہ وہ خود بھی دُعاؤں اور تعویذوں کی بدولت ہی وزیراعظم بنے ہیں‘ بلکہ کچھ پڑھ کر میری طرف پھونک بھی مار دیا کریں کہ برگزیدہ ہستیوں کو یہ زیب بھی دیتا ہے‘ جبکہ میں بھی اُن کی درازی عمر کیلئے دُعا کروں گا‘ کیونکہ تھوڑا تھوڑا میں بھی جتی ستی واقع ہوا ہوں۔ آپ اگلے روز دبئی میں انٹرویو دے رہے تھے۔
اور اب آخر میں عامر سہیل کی دو حمدیں‘ ایک دُعا:
کسی بھی گوشہ ہائے خواب سے ہے
بیش قیمت میری تنہائی
قسم ہے آدم و حوّا کی پہلی آشنائی کی
مرے ہمراہ تم ہوتیں
تو میں تسموں میں دُنیا باندھ لیتا
حیف رفتار مری‘ رات کو یلغار مری
میرے شب خون سے گریے کو نمی ملتی ہے
خواب ہے‘ خواب میں تصویر بنی ملتی ہے
صبحِ صادق کی قسم اور حوادث کی قسم
تجھ میں دفنا کے بدن قوسِ قزح کرنا ہے
میں نے ملکوں کی جوانی میں مسح کرنا ہے
مرے ہاتھ میرا قبیلہ دُعا
مرے ہونٹ میرا وسیلہ دُعا
میں راتوں کو رازوں کے پہرے میں ہوں
کنوئیں میں ہوں اور سب سے گہرے میں ہوں
مری پُشت پر کوئی دجلہ نہیں
مرے خون کا کوئی بدلہ نہیں
عطا کائناتوں کے نقشے تمہیں
وہ ربِ سماوات بخشے تمہیں
آج کا مطلع
پانی نہیں تھا‘ بہا دیا ہے
دِکھتا نہیں تھا‘ دِکھا دیا ہے

 

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved