تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     16-04-2019

سُرخیاں‘متن اور نعیم ضرار کی شاعری

حکومتی ٹیم نالائق‘ کرپشن ثابت نہیں ہو رہی: مریم اورنگزیب
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''عمران خان کی ٹیم نالائق‘ شریف خاندان کی کرپشن ثابت نہیں ہو رہی‘‘ یعنی اتنے اثاثوں‘ بینک اکاؤنٹس اور پیسے کی ریل پیل کے باوجود‘ اگر شریف خاندان کی کرپشن حکومت سے ثابت نہیں ہو رہی تو اسے شرم سے کسی طرف مُنہ کر جانا چاہیے کہ سارا کچھ اندھوں کو بھی نظر آ رہا ہے‘ جبکہ ہمارا موقف بھی شروع سے یہی ہے کہ کرپشن ثابت نہیں ہوئی اور ہم نے کبھی یہ نہیں کہا کہ انہوں نے کرپشن نہیں کی‘ کیونکہ اتنا بڑا جھوٹ بولنے کیلئے بڑے دل گردے کی ضرورت ہے ۔ آپ اگلے روز حکومتی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کر رہی تھیں۔
تبدیلی کے ایجنڈے پر کام ہو رہا‘ لوٹ مار کا دور گزر چکا: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''تبدیلی کے ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے‘ لوٹ مار کا دور گزر چکا‘‘ اور اب نالائقی اور نااہلی کا دور ہے‘ جس سے ہم گزر رہے ہیں‘ جبکہ ادوار بھی موسموں کی طرح آتے ہیں اور انہیں روکا نہیں جا سکتا‘ نہ ہی ان میں کوئی تبدیلی لائی جا سکتی ہے‘ کیونکہ یہ اللہ میاں کی طرف سے آتے ہیں اور ہم کون ہوتے ہیں‘ ان کا راستہ روکنے والے‘ جبکہ کسی کا راستہ روکنا بجائے خود ایک کام ہے ‘جس کیلئے بہرحال لیاقت اور اور اہلیت درکار ہے‘ جس کا یہ دور ہی نہیں؛ البتہ دوروں کی گنجائش ضرور ہے‘ اس لئے ہم اِدھر اُدھر دورے کرنے میں کسی کوتاہی اور سستی سے کام نہیں لیتے؛ اگرچہ ان کا بھی کوئی خاص مقصد نہیں ہوتا اور نہ ہی ان سے کوئی نتیجہ برآمد ہوتا ہے۔ آپ اگلے روز شیخوپورہ وین حادثے پر اظہار افسوس کر رہے تھے۔
حکومت نے وعدے پورے نہ کئے تو عوام کے ساتھ ہونگے: بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''اگر حکومت نے وعدے پورے نہ کئے تو پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی‘‘ اگرچہ عوام کے ساتھ کھڑے ہونا بہت مشکل ہے ‘ کیونکہ ہمارا تو کام ہی اور ہے‘ جس میں عوام وغیرہ کے ساتھ کھڑے ہونے کی کوئی گنجائش ہی نہیں‘ جبکہ ہمارا کام تسلی سے اور بیٹھ کر کرنے کا ہے؛ حتیٰ کہ جعلی اکاؤنٹس کھلوانے اور انہیں آگے چلانے کا سارا کام بھی بیٹھے بٹھائے ہی ہو جاتا ہے اور ہمیں کچھ نہیں کرنا پڑتا کہ آخر یہ سارے فرنٹ مین کس مرض کی دوا ہیں اور اس مرض کا علاج بھی انکل گیلانی‘ جو ماشاء اللہ ایم بی بی ایس ہونے کی وجہ سے ایک ماہر ڈاکٹر بھی ہیں‘ پوری توجہ سے کرتے رہے ہیں ۔ آپ اگلے روز گھوٹکی میں ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
ایک ہی طرح کے لوگوں سے تبدیلی نہیں لائی جا سکتی: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''ایک ہی طرح کے لوگوں کو حکومت میں شامل کر کے تبدیلی نہیں لائی جا سکتی‘‘ حالانکہ خاکسار سمیت دوسری طرح کے لوگ بھی دستیاب ہیں‘ جنہیں حکومت میں شامل کر کے تبدیلی لائی جا سکتی ہے‘ جبکہ پہلی تبدیلی تو خاکسار کی شمولیت ہو گی اور اسی طرح باقی تبدیلیاں بھی وقت کے ساتھ ساتھ ہوتی رہتیں‘ کیونکہ تبدیلی کا ہونا نہ ہونا صرف اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے‘ جس کا خصوصی قُرب ماشاء اللہ ہماری جماعت کو حاصل ہے ؛حالانکہ ہم نے اس پر کبھی غرور نہیں کیا کہ ہم بنیادی طور پر منکسر المزاج واقع ہوئے ہیں ‘جو ہماری رگ رگ سے ٹپکتا ہے اور جس کا اندازہ ہماری رگوں کو کھول کر بآسانی کیا جا سکتا ہے‘ تاہم اس دوران شہ رگ کھولنے کی ضرورت نہیں ‘کیونکہ اس کے کھلنے کا مطلب یہ ہے کہ آدمی سارے کا سارا ہی کھل جائے اور ہمیشہ کے لئے کھلا ہی رہ جائے۔ آپ اگلے روز چترال میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں نعیم ضرار کی تازہ شاعری :
اگر یقیں ہو کہ سچ مُچ میں مر نہ جائے کوئی
تو پھر کسی کو کبھی چھوڑ کر نہ جائے کوئی
وقت آ پہنچا ہے اب فیصلے کرنا ہوں گے
عشق سے پاک نیا صوبہ بنایا جائے
جو بھی اپنا تھا شہر لے آئے
چھوڑ آئے خدا کو گاؤں میں
کرسی ہے‘ میز ہے‘ مسہری ہے
میں بھی رکھا ہُوا ہوں کمرے میں
کہیں قریب ہی اک گھر بنا رہا ہے کوئی
شجر کٹا ہوا ہے‘ گھونسلا گرا ہوا ہے
عجیب شخص ہے‘ آ کر بھی دستیاب نہیں
ہے رو بہ رو بھی‘ کہیں اور بھی گیا ہوا ہے
جدھر بھی جاؤں اُدھر یہ جہان ہوتا ہے
یہی زمین‘ یہی آسمان ہوتا ہے
خود کو ہی وہ حیرت سے بھرے دیکھ رہے ہیں
جو حدِ بصارت سے پرے دیکھ رہے ہیں
زندگی بھر کے سفر کی ہے بھلا کیا تفصیل
پہلے کو آخری نقطے سے ملانا ہی تو ہے
گھول ڈالا ہے خُود کو یُوں تم میں
دونوں موجود بھی ہیں غائب بھی
آج کا مقطع
آپ فارغ ہیں اب‘ ظفرؔ اُس نے
دل کہیں اور جو لگا لیا ہے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved