تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     03-08-2019

سرخیاں‘ متن اور اشتہار

نئے الیکشن کرائیں تو تحریک انصاف کو 
منہ چھپانے کی جگہ نہ ملے: نواز شریف
مستقل نااہل اور سزا یافتہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''نئے الیکشن کرائے جائیں تو تحریک انصاف کو منہ چھپانے کی جگہ نہ ملے‘‘ جبکہ مریم کچھ مزید ویڈیو دکھانے والی ہیں جس کے بعد میری رہائی ہو گی اور پھر نئے الیکشن‘ اس لیے حکومت کو چاہیے کہ منہ چھپانے کے لیے جگہ کا انتخاب ابھی سے کر لے‘ جیسا کہ سینیٹ الیکشن ہارنے کے بعد ہم نے دونوں ہاتھوں سے چہرہ چھپا کر یہ کام کر لیا ہے اور پیسے لے کر دغا بازی کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ پیسہ کوئی چیز نہیں ہوتی اور اس لیے ہم نے پیسے کو کبھی اہمیت نہیں دی اور اسے کبھی اپنے پاس تک پھٹکنے نہیں دیا‘ پھر پیسے میں سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اسے واپس کرنا پڑتا ہے اور ہزار لیت و لعل کرنے کے باوجود بھی واپس کرنا ہی پڑتا ہے کیونکہ ہم بالآخر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ چاہے وہ اپنے خون پسینے کی کمائی ہی کیوں نہ ہو‘ پرائے پتر لے کر ہی چھوڑتے ہیں‘ کیا یہ کوئی اچھی بات ہے‘ ہیں جی؟ آپ اگلے روز جیل میں اپنے ملاقاتیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
حکومت جیت کر بھی ہار گئی اور ہم ہار 
کر بھی جیت گئے: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''حکومت جیت کر بھی ہار گئی اور ہم ہار کر بھی جیت گئے‘‘ اور ایسا لگتا ہے کہ ہم آئندہ بھی ایسی جیت سے سرفراز ہوتے رہیں گے کیونکہ یہ جیت ہمارے مقدر میں لکھی جا چکی ہے‘ نیز جعلی اکاؤنٹس کیس میں بھی ہم اسی طرح سرخرو ہوں گے کیونکہ والد صاحب کا دوسرا گھر بے صبری سے ہمارا انتظار کر رہا ہے ؛چنانچہ اس جیت کا جشن منانے کے لیے پروگرام بنایا جا رہا ہے جس میں مولانا فضل الرحمن صاحب کی دستار بندی کی جائے گی‘ اگرچہ اب وہ کافی امیر ہو چکے ہیں اور اُنہیں اب ملین مارچ وغیرہ کی کوئی خاص ضرورت نہیں ہے اور اے پی سی بھی اسی لئے بلائی جا رہی ہے تاکہ مولانا صاحب کو پیسے کی اس ریل پیل پر اجتماعی مبارک باد پیش کی جا سکے اور حکومت کے دو ارب کے نقصان پر اس کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا جا سکے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈرا دھمکا کر ووٹ توڑنا ایک شرمناک فعل ہے: مریم نواز
مستقل نااہل اور سزا یافتہ وزیراعظم نواز شریف کی سزا یافتہ صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''ڈرا دھمکا کر ووٹ توڑنا ایک شرمناک فعل ہے‘‘ کیونکہ جو کام پیار محبت سے ہو سکتا ہے اس کے لیے ڈرانے‘ دھمکانے کی کیا ضرورت ہے جبکہ ایک صاحب کو جاتی امرا بلا کر پیار محبت ہی سے سمجھانے کی کوشش کی گئی تھی اور وہ اچھی طرح سمجھ بھی گئے تھے‘ لیکن انہوں نے اس سمجھداری کا ثبوت صرف ایک مقدمے میں دیا جبکہ دوسرا کیس اُن کی ناسمجھی کی نذر ہو گیا حالانکہ حسین نواز نے دبئی جا کر بھی انہیں نہ صرف سمجھایا تھا بلکہ اُن کی خدمت بھی کی تھی‘ لیکن خدمت کا نتیجہ ویسے بھی یہاں پر اُلٹا ہی نکلتا ہے اور نواز شریف خدمت ہی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں بلکہ اب مجھے بھی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے حالانکہ مجھے کچھ پتا نہیں ہے کہ اربوں روپے میرے اکاؤنٹس میں کون جمع کراتا رہا ہے اور میرے نام پر اتنی اراضی کس نے خریدی تھی۔ آپ اگلے روز ٹویٹ کے ذریعے ایک بیان نشر کر رہی تھیں۔
نیب والوں کو خود سمجھاؤں گا ایل این جی 
کیا ہوتی ہے: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''نیب والوں کو خود سمجھاؤں گا کہ ایل این جی کیا ہوتی ہے‘‘ اور اس کے پردے میں کیا کیا معرکے سر کیے جاتے ہیں‘ اگرچہ کچھ طریقے انہوں نے معلوم کر لیے ہیں لیکن ابھی سر بستہ راز ایسے بھی ہیں جن تک اُن کے فرشتے بھی نہیں پہنچ سکتے‘ اسی لیے نہ تو میں نے کوئی وکیل مقرر کیا ہے اور نہ ہی ضمانت کی درخواست دی ہے کیونکہ نوشتہء دیوار جو کہ جلی حروف میں لکھا ہوا ہے‘ میں نے پڑھ لیا ہے بلکہ مجھے زبانی بھی یاد ہو گیا ہے اور کوئی کہے تو میں فر فر کر کے سُنا بھی سکتا ہوں اور یہ سارا کچھ میں عدالت کی سہولت کے لیے کروں گا تاکہ وہ آسانی سے منطقی نتیجے پر پہنچ سکے نیز جیل میں میرے لیے بھی چند ضروری سہولتیں بہم پہنچائی جا سکیں بلکہ اگر مجھے قائد محترم کے ساتھ ہی رکھا جا سکے تو یہ سونے پر سہاگہ ہوگا۔ آپ اگلے روز احتساب عدالت میں اپنا موقف بیان کر رہے تھے۔
تلاش گم شدہ
ہرگاہ بذریعہ اشتہار ہذٰا اُن چودہ ارکان سینیٹ کی تلاش مطلوب ہے جن کا پتا نہیں چل رہا کہ وہ ذاتِ شریف کون کون تھے جنہوں نے شاید مذاق ہی مذاق میں‘ کچھ نے اپنا بیلٹ پیپر خود ہی خراب کر لیا اور کچھ شاید ضعف ِدماغ سے ہمیں ووٹ دینا بھول گئے‘ اگر وہ خود ہی ظاہر ہو جائیں تو اُنہیں کچھ نہیں کہا جائے گا کیونکہ بھول چوک آدمی سے ہوتی ہی رہتی ہے اور غلطی کرنا ویسے بھی تقاضائے بشریت ہے اور جو کچھ ضرورت سے زیادہ ہی بشر واقع ہوئے تھے۔ اطلاع دینے والے کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جائے گا کیونکہ ہمارے دل آج کل ویسے بھی کافی گہرے ہو چکے ہیں۔ اور اگر انہوں نے مخالفین سے چار پیسے پکڑ بھی لیے ہوں تو وہ جماعتی فنڈ میں جمع کروا کر ثوابِ دارین حاصل کر سکتے ہیں اور اس طرح اُن کا کالا دھن بھی سفید ہو جائے گا۔ نقالوں سے ہوشیار رہیں اور سیدھے ہمارے پاس آئیں‘ پیشگی شکریہ۔
المشتہر: میاں شہباز شریف صدر نواز لیگ
آج کا مطلع:
نہیں کہ ذوقِ سماعت بیاں کے بعد ہوا
زباں کا معجزہ قطعِِ زباں کے بعد ہوا

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved