ٹینڈر مطلوب ہیں
نوشتۂ دیوار پڑھنے کیلئے حکمرانوں کو نظر کی عینکیں سپلائی کرنے کیلئے سربمہر ٹینڈر مطلوب ہیں۔ محدب شیشوں والی عینکوں کو ترجیح دی جائے گی؛ اگرچہ حکومت کی طرف سے وال چاکنگ پر پابندی ہے‘ لیکن اپوزیشن کے مطالبے پر خیر سگالی کے طور پر حکومت نوشتۂ دیوار پڑھنے پر تیار ہو گئی ہے۔ ساتھ میں دھوپ کی عینکوں کا ایک سیٹ مفت پیش کرنا ہوگا‘اگر کوئی خیر خواہ خود نوشتۂ دیوار پڑھ کر حکومت کو بتانے کی زحمت گوارا کرے تو حکومت اسے ترجمان مقرر کر سکتی ہے‘ بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کا نادر موقعہ۔ پہلے آؤ پہلے پاؤ۔ (المشتہر وفاقی حکومت)
اشتہار چھپوائیں
اپنی جعلی مصنوعات کی تشہیر کیلئے ہماری خدمات حاصل کریں۔ ادارہ ہذا کے پاس ضمانت کروانے کا بھی انتظام موجود ہے‘ حتیٰ کہ مشتہر کے جیل میں رہنے کے دوران‘ ادائیگی جو آسان قسطوں میں بھی کی جا سکتی ہے‘ قسط کا تقاضا نہیں کیا جائے گا ‘کیونکہ ادارہ ہذا انسانی ہمدردی پر بہت زیادہ یقین رکھتا ہے اور بندے کے بشر ہونے کے بارے میں ہمارا یقین کافی پختہ واقع ہوا ہے۔ سزا ہو جانے کی صورت میں بقایا اقساط معاف کر دی جائیں گی‘ جبکہ مصنوعات کے جعلی ثابت ہونے پر ادارہ ذمہ دار نہ ہوگا۔ صرف معذرت شائع کرے گا۔ اپنی طرف سے‘ جعلی مصنوعات تیار کرنے والے ادارے کی طرف سے نہیں۔ (المشتہر: فٹا فٹ پرنٹنگ پریس‘ لاہور)
معیاری مرمت کیلئے تشریف لائیں
ورکشاپ ہذا میں اپنی گاڑی؛ حتیٰ کہ انتخابی نشان بائیسکل کی بھی خاطر خواہ مرمت بازار سے با رعایت نرخوں پر کروائیں۔ آپ کو صرف ایکسیڈنٹ کرنا ہے اور اگر خود بچ رہیں تو گاڑی کسی چیز پر لدوا کر اور خود ایمبولینس میں سوار ہو کر تشریف لائیں‘ آپ کی اپنی مرمت بھی تسلی بخش مرمت کی جا سکتی ہے‘ کیونکہ ورکشاپ ہذا میں ہڈی جوڑ وغیرہ کا کام بھی کیا جاتا ہے‘ نیز جس کے ساتھ ایکسیڈنٹ کیا گیا ہو‘ اگر اسے بھی ساتھ لے آئیں تو دونوں کی مرمت نصف ریٹ پر کر دی جائے گی۔( المشتہر: اصلی ورکشاپ‘ گوجرانوالہ)
پارٹی ٹکٹ حاصل کریں!
ضمنی انتخاب کیلئے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے درخواستیں مطلوب ہیں۔ پانچ یا دس لاکھ کا ڈرافٹ‘ جس کے ہمراہ ہونا ضروری ہے‘ اگر درخواست نہ بھی دینا چاہیں تو کم از کم ڈرافٹ ضرور ارسال کر کے پارٹی قیادت کی خوشنودی حاصل کریں اور اگر ٹکٹ حاصل کرنے میں واقعی سنجیدہ ہوں تو ٹکٹ فیس کے علاوہ چند لاکھ کی نذر نیاز بھی ضروری ہے۔ قصہ مختصر‘ جتنا گُڑ ڈالیں گے‘ اُتنا ہی میٹھا ہوگا۔ مقابلے کی صورت میں ٹکٹ کی بولی بھی لگائی جا سکتی ہے۔ علاوہ ازیں ٹکٹ الاٹ ہونے کے بعد بھی محروم شدگان کیلئے اپیل کا حق محفوظ رکھا گیا ہے‘ تاکہ وہ زیادہ فیس دے کر پارٹی سے ٹکٹ چھیننے میں کامیاب ہو سکیں۔ یوں تو پارٹی فنڈ میں پہلے ہی کافی رقم موجود ہے‘ تاہم پارٹی فنڈ میں اضافہ پارٹی قیادت کی خواہش ہے‘ تاکہ ہدف پورا ہونے پر کوئی فلاحی ادارہ قائم کیا جا سکے ۔ دامے‘ درامے‘ سخنے تعاون فرمائیں۔( المشتہر: کامیاب عوامی پارٹی‘ اسلام آباد)
منشور دستیاب ہے
ہمارے ہاں سے ہر پارٹی کیلئے علیحدہ علیحدہ انتخابی منشور تیار شدہ صورت میں دستیاب ہے‘ جس میں ایک دوسرے پر دشنام طرازی کے نمونے پیش کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں نت نئے الزامات گھڑنے کا سہل الحصول نسخہ بھی ترکیب استعمال کے ہمراہ مہیا کیا گیا ہے۔ منشور میں مخالفین کی کردار کُشی؛ بشرطیکہ ان کا واقعی کوئی کردار ہو‘ کی آسانی ترکیبیں بھی درج کی گئی ہیں ۔پانچ سو روپے کے ڈاک ٹکٹ بھیج کر مفت طلب فرما ئیں۔(المشتہر سیاسی کتاب گھر‘ شیخوپورہ)
بروقت انتباہ
ہرگاہ عوام‘ حکومت سے خبر دار رہیں‘ کیونکہ آزاد کشمیر میں حالیہ زلزلہ انہی کی وجہ سے آیا ہے اور اگر یہ لوگ مزید برسر اقتدار رہیں تو پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیں گے؛ اگرچہ اس کی چولیں تو ہم نے پہلے ہی اتنی ڈھیلی کر دی تھیں کہ یہ اب خود بخود ہی ہلتا رہتا ہے اور اس پر درمیانے درجے کے زلزلے کی کیفیت ہر وقت طاری رہتی ہے‘ لہٰذا حکومت اس کو مزید ہلانے میں کامیاب نہیں ہوگی ۔ المشتہر: نوازلیگ)
اور اب اقتدار جاوید کی نظم
دہر آباد
پیچ کھاتے پُلوں
جگمگاتی گزر گاہوں‘ شہراہوں کے درمیاں
راکھ کا ڈھیر ہے
راکھ کے ڈھیر پر شہر آباد ہے
قہرِ اوہام میں
کارخانہ وہم و گماں
ہے دما دم رواں
'لا ‘کے افسوں میں
کرم خوردہ تمناؤں کا دہر آباد ہے
راستہ بھولے سیاح
سیاحوں کی اَن کہی داستاں
پابۂ زنجیر بوڑھے غلاموں کے پنجر
گلو بند‘بنُدے‘ جواہر بھرے تھال
انگوٹھیاں‘ ریشمی رومال
دریا میں دریا کی پاتال
ہر چیز غرقاب ہے
تیرا دریا‘ نشوں سے گراں بار دریا
مگر لہر در لہر آباد ہے
آج کا مقطع
وفا ہے گھر سے بھی لازم مگر دلوں میں‘ ظفرؔ
محبتوں کا تو خانہ ہی اور ہوتا ہے