پتہ نہیں اس رکشہ ڈرائیور کا نام کیا ہے؟ ٹھیٹھ لاہوری لہجے میں پنجابی بولتا ہوا یہ رکشہ ڈرائیورکون ہے؟ جھوٹا ہے یا سچا؟ لاہور میں کہاں رہتا ہے؟ اس کا گھر اپنا ہے یا کرائے کا؟ اپنا ہے تو کتنی جگہ پر؟ کرائے کا ہے تو کتنا کرایہ ہر ماہ؟
پتہ نہیں یہ بات جو وہ کہہ رہا ہے کہ اس حکومت کے آنے کے بعد سے ہم نے دو وقت کی روٹی رج کر کبھی نہیں کھائی تو یہ جھوٹ ہے یا سچ؟ ہو سکتا ہے کسی دن اس نے اور اس کے بچوں نے رج کے کھائی بھی ہو؟
خبر نہیں اس کی یہ بات ٹھیک ہے یا غلط کہ اس کا اور اس کے گھرانے کا صبر اتنا ہے کہ وہ بغیر کچھ کھائے سو سکتے ہیں، بلکہ سو جاتے ہیں۔ یہ بھی تو ممکن ہے کہ اس کی بیوی یا اس کے کسی بچے کا صبر ٹوٹ جاتا ہو اور وہ بلک بلک کر رو پڑتے ہوں۔ یہ ڈرائیور اپنا حوصلہ مبالغے کے ساتھ نہیں بتا رہا؟
کیا علم، اس میں کتنا سچ ہے کہ آج بھی اس نے ایک لنگر سے نان حلیم لا کر بچوں کو ناشتہ کرایا؟ اگرچہ وہ اس لنگر خانے کی جگہ بتا رہا ہے اور اس کا کم عمر بیٹا اس کی تصدیق کر رہا ہے لیکن ہو سکتا ہے باپ بیٹا دونوں ملے ہوئے ہوں۔
کیا معلوم، اس کا کہنا سچ ہے یا جھوٹ کہ وہ مشکل سے 500 روپے کی دہاڑی کماتا ہے اور اس لگ بھگ 15 ہزار روپے ماہانہ میں اس کے کنبے کا گزارہ نہیں ہوتا۔ ہو سکتا ہے گزارہ اچھا بھلا ہوتا ہو۔ آخر 15 ہزار روپے ماہانہ کم رقم تو نہیں ہوتی۔
وہ درست کہتا ہے یا غلط؟ پتہ نہیں، کہ وہ اتنے زیادہ بجلی اور گیس پانی کے بل ہی ادا نہیں کر پاتا۔ ہو سکتا ہے اس نے کنڈا ڈال رکھا ہو۔ نلکے کا ناجائز کنکشن لے رکھا ہو۔ ہمسایوں کی گیس چوری کر لیتا ہو۔ کیا پتہ ہمیں۔ آخر ایسے لوگ ایسا ہی تو کرتے ہیں۔
کیا پتہ، اس بات میں کتنی سچائی ہے کہ وہ کئی ماہ سے بڑے بچوں کی فیس نہیں دے سکا۔ پتہ نہیں اس میں کیا حقیقت ہے کہ وہ اسی وجہ سے چھوٹے بچے کو سکول میں داخل نہیں کرا سکا۔ یہ بھی تو امکان ہے ناں کہ وہ بچوں کو پڑھانا ہی نہ چاہتا ہو۔
کیا خبر وہ جو کہہ رہا ہے کہ وہ بچوں کو یونیفارم نہیں دلوا سکتا‘ کاپی، پنسل، مارکر کی ضرورت پڑ جائے تو سخت پریشان ہو جاتا ہے، سب جھوٹ ہو۔ سکول والے اس کے بچوں کو یہ سب چیزیں مفت دیتے ہوں۔
کون جانے، روز روز لنگر سے مانگے ہوئے نان حلیم کا ناشتہ اور اسی سے دوپہر کا کھانا اس رکشہ ڈرائیور کے بچے ہنسی خوشی کرتے ہوں گے یا مجبوری میں؟ ہو سکتا ہے انہیں اچھے کھانوں کی طرف رغبت ہی نہ ہوتی ہو۔ شہر میں اور بھی لنگر ہیں۔ ہو سکتا ہے ڈرائیور نے کسی اور لنگر کی تلاش ہی نہ کی ہو جہاں کوئی دوسرا کھانا ملتا ہو۔
ہمیں کیا پتہ کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو اصلی ہے یا جعلی؟ بے ساختہ ہے یا خود ساختہ؟ یہ رکشہ ڈرائیور جھوٹ بول رہا ہے یا سچ بتا رہا ہے؟ یہ ٹی وی اینکر جو سوال باپ بیٹے سے پوچھ رہا ہے وہ پہلے سے رٹے رٹائے سیکھے سکھائے ہیں یا فی البدیہہ؟ یہ کسی چینل یا فرد کی مقبولیت حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے یا پسے ہوئے آدمی کی آواز معاشرے میں پھیلانے کی ایک کاوش؟ پتہ ہی نہ ہو تو کیا کہہ سکتے ہیں۔
کیا علم، ایک اور ویڈیو میںکے پی کے کا ایک اور پیارا سا رکشہ ڈرائیور جو پشتون اردو میں عمران خان کی تعریف کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ چوروں سے پیسے نکلواؤ، پروا مت کرو ہم ساتھ ہیں‘ ایک ہزار روپے کی روٹی بھی ہو جائے تو پروا نہیں ہے‘ بس پیسے نکلنے چاہئیں‘ وہ ڈرائیور کون ہے اور کہاں رہتا ہے؟ اگر ایک ہزار روپے کی روٹی ہو گئی تو میں خرید سکوں گا یا نہیں؟ بے پروا رہ سکوں گا یا نہیں؟ رات کو بغیر کھائے صبر سے سو سکوں گا یا نہیں۔کیا پتہ۔
پتہ نہیں کہ کیا کبھی چوروں سے پیسے نکل سکیں گے؟رکشہ ڈرائیوروں کا تو سب کو پتہ ہے کہ وہ چوری کرسکتے ہیں؟ کیا کوئی حکمران بھی چور ہوسکتا ہے؟
یہ تو ہم جانتے ہیں کہ وزیر اعظم کے گھر کا ایک باورچی خانہ ہے لیکن وزیر اعظم کے گھر کے لیے گوشت، دال، سبزی کون خریدتا ہے؟ وہ خود اپنے پیسوں سے یا ان کے کسی دوست مداح کی ذمے داری ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے گھرانے کا باورچی خانہ چلتا رہے؟ کون جانے۔
کون جانے، تین بار کے وزیر اعظم جناب نواز شریف کے پلیٹ لیٹس آج بحال ہوئے یا نہیں؟ انہیں ناشتے میں پھلوں کے تازہ جوس کی اجازت ہے یا نہیں؟ وہ خوش خوراک ہیں۔ پتہ نہیں وہ اپنے من پسند کھانے رج کر کھا سکتے ہیں یا نہیں؟
ہمیں خبر ہے کہ جناب آصف زرداری تین بار وزارت عظمیٰ تک پہنچنے والی پارٹی کے سربراہ اور سابقہ صدر ہیں لیکن ان کا آج شوگر لیول کیسا ہے؟ پتہ نہیں ڈاکٹروں نے انہیں ناشتے میں کیا تجویز کیا ہے؟ وہ بیماری کی وجہ سے دو وقت کی روٹی پیٹ بھر کر کھا رہے ہیں یا نہیں؟
اور یہ کہ آج صبح صبح فواد چودھری صاحب نے ایک مخصوص طبقے کے لیے تمسخر کے کتنے جملے سان پر چڑھائے اور ان کا استعمال کب کریں گے؟ پتہ نہیں اب وہ کب کسی شادی میں کس ناپسندیدہ صحافی کو تھپڑ اور گالیوں سے نوازیں گے اور اس تماشے کے لیے کتنا انتظار کرنا پڑے گا؟
مزید یہ کہ فردوس عاشق اعوان صاحبہ آج اپنے مخالفین کی صحت کے بارے میں کون سے اور کتنے طنزیہ جملے بولیں گی؟ یہ جملے اخباری بیان میں بیان ہوں گے یا پریس کانفرنس میں؟ ویسے ملک میں کچھ تبدیلی آئی یا نہیں، معلوم نہیں۔ لیکن یہ بھی پتہ نہیںکہ ان کی حس مزاح میں کچھ تبدیلی آئی یا نہیں؟
جانتے ہیں کہ ٹرین حادثے میں سب قصور مسافروں کا تھا۔ یہ نہیں جانتے کہ 74 جلی ہوئی لاشوں کا ڈی این اے مکمل ہوا کہ نہیں؟ ان کے عزیز جو انہیں رخصت کرنے آئے تھے، ان کی میتیں کب وصول کریں گے؟ کب دفنائیں گے؟ کس دل سے دفنائیں گے؟ کون جانے۔مزید برآں شیخ رشید نے استعفیٰ دیا، یا نہیں؟ وزیر اعظم نے ریلوے کو کوئی سرزنش کی یا نہیں۔ خدانخواستہ کوئی اگلا حادثہ تو نہیں ہوجائے گا۔ اگر ہوا تو اس میں کتنے مسافروں کا قصور ہوگا؟کیا پتہ بھئی۔
کیا جناب نواز شریف، آصف زرداری، خورشید علی شاہ، شاہد خاقان عباسی کی صحتیں ٹھیک ہوجائیں گی تو لاہوری رکشہ ڈرائیور اپنے گھرانے کے ساتھ دو وقت کی روٹی رج کے کھاسکے گا یا نہیں؟کیا پتہ پرویز مشرف کی کمرکا درد ٹھیک ہوا کہ نہیں۔ وہ طبلے پر ہاتھ صاف کر رہے ہیں یا نہیں؟ وہ کبھی واپس بھی آئیں گے یا شوکت عزیزکی طرح غیر ملکوں کو عزیز رہیں گے؟
صرف سن رہے ہیں پتہ کچھ نہیں کہ مارچ اور دھرنے والوں کے حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوئے یا نہیں۔ اگر یہ ہو جائیں توکیا یہ دونوں مل کرگردش کرتی تصویر میں ٹوٹے جوتے والے کارکن کو نیا جوتا دلوادیں گے؟
کون جانے بزنس کے حوالے سے پاکستان کی رینکنگ میں جوکافی بہتری آئی ہے اس کے بعد پیاز کی قیمت80 روپے سے کچھ کم ہوئی یا نہیں؟ کبھی دیکھی نہیں اس لیے پتہ نہیں پیاز کے بغیر کوئی ہنڈیا بن سکتی ہے یا نہیں؟ عالمی بینک کے صدر نے چند دن پہلے حکومت کے معاشی اقدامات کی تعریف کی تھی۔ اس تعریف کے بعد آلوؤں کوخود شرمندہ ہوکر60روپے کلو سے نیچے اتر آنا چاہیے تھا۔ آئے کہ نہیں؟ خوش خبری سنی تھی کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 15.5ارب ڈالر کے لگ بھگ ہوگئے ہیں۔ کیا اس کے بعد ہری مرچ شرم کھا کر250 روپے کلو کا زینہ اتری کہ نہیں؟ یہ پتہ نہیں۔ یہ تو علم ہوگیا تھا کہ سٹاک مارکیٹ36 ہزار تک پہنچ رہی ہے۔ یہ علم نہیں کہ ٹماٹروںکو 160 روپے کلو سے زوال آیا کہ نہیں۔
مجھے ان میں سے کوئی بات پتہ نہیں، لیکن یہ پتہ ہے کہ آج صبح ویڈیو دیکھی اور ایک تیز دھار خنجر نے اوپر سے نیچے تک دل چیر کر رکھ دیا۔ درد ہے کہ چین نہیں لینے دے رہا۔ لہو ہے کہ تھمنے کا نام نہیں لیتا۔کوئی مرہم؟ کوئی درد کم کرنے کی دوا؟ آپ کو کچھ پتہ ہو تو بتائیں۔
بہت شدت سے انتظار ہے۔کسی کو کچھ پتہ ہو تو بتائے۔